سمت بھارگو
راجوری//مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کے روز راجوری کا دورہ کیا اوروہاں پر مارے گئے تین عام شہریوں کے رشتہ داروں سے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر دفاع نے متاثرین کو یقین دلایاکہ اس معاملے میں انصاف کے تقاضے ضرور پورے کئے جائیں گے۔اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بدھ کے روز گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری پہنچے اور وہاں پر پوچھ تاچھ کے دوران زخمی ہوئے افراد سے ملاقات کی۔زخمیوں کی عیادت کے بعد جی ایم سی راجوری کے باہر وزیر دفاع نے متاثرین کے گھر والوں کو یقین دلایا کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی گئی ہے اورملوثین کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا ۔ وزیر دفاع نے ڈاک بنگلہ راجوری میں زیر حراست مارے گئے تین افراد کے متاثرین سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے وہاں پر موجود اہل خانہ کو یقین دلایا کہ اس معاملے میں انصاف ضرور ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ واقعہ کی جلد تحقیقات کرکے انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔