ایمانداری اپنائیں، مہارت،کاروبار، معاشرے کی خدمت اوراتحاد لازمی:سنہا
سرینگر //لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے کل سرینگر میں قوم پرست ، تعلیم دان اور سماجی اصلاح کار مہامانا پنڈت مدن موہن مالویہ کے مجموعہ آثار کی ای ایڈیشن کے اجراء کی تقریب میں شرکت کی۔انہوں نے کہا ” آج کے دور میں ڈیجیٹل مواد کی بڑھتی ہوئی رسائی کو دیکھتے ہوئے مجھے یقین ہے کہ یہ اقدام مہامانا کے لازوال حکمت و دانش تک ہموار اور عالمگیر رسائی کو یقینی بنائے گا۔ ”اس موقع پر لیفٹینٹ گورنر نے ” وکست بھارت اور جموں و کشمیر : مہامانا کا ویژن کتنا متعلقہ ہے ” کے موضوع پر خطاب کیا اور مہامانا کے آتم نربھر بھارت کی تعمیر میں بنیادی کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا ” مہامانا نے آسان راستے ورثے میں نہیں پائے بلکہ انہوں نے خود بھارت کے مستقبل کیلئے نئے راستے ہموار کئے۔ ”انہوں نے کہا کہ ان کے ہم عصر تعلیم ، سوادیشی ، قومی اتحاد اور تیز رفتار صنعتی ترقی کے سلسلے میں ساختہ اصلاحات پر بحث کر رہے تھے ، مہامانا نے حل کی طرف عملی اقدامات میں نمایاں پیش رفت کر لی تھی۔1904 میں مہامانا نے ایک جامع نصاب کا تصور کیا تھا جو انجینئرز پیدا کرے گا جو قوم کو طاقتور اور خوشحال بنائے۔
انہوں نے جامع تعلیم پر خاص زور دیا جو جدید انجینئرنگ ، صنعتی مشینری کی تیاری ، کیمیکل سائنسز اور زرعی تحقیق کے ساتھ ساتھ مقامی ہاتھ کے کاموں ، ہاتھ کے کھدائی ہْنر ، فنون لطیفہ اور بھارت کی ثقافتی ، روحانی ورثے پر توجہ مرکوز کرے۔انہوں نے کہا کہ 122 سال بعد ہم قومی تعلیمی پالیسی ( نیشنل ایجوکیشن پالیسی ) کے ذریعے ان کے خیالات کو عملی شکل دے رہے ہیں۔سنہا نے کہا کہ 2021 کی نئی صنعتی پالیسی کے تحت ایک تاریخی صنعتی انقلاب برپا ہوا ہے جس کے نتیجے میں پچھلے چار برسوں میں سرمایہ کاری کا ایسا سیلاب آیا ہے جو پچھلے 70 برسوں کی مجموعی صنعتی سرمایہ کاری سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا مہامانا کے قومی اتحاد ، سماجی ہم آہنگی اور خواتین کی قیادت میں ترقی کے اصولوں کے مطابق جموں کشمیر میں معاشرتی تبدیلی آئی ہے۔ ”لفٹینٹ گورنر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ترقی کے پانچ بنیادی ستونوں سے وابستہ ہوں۔سب سے پہلے علم اور مہارتوں کی مسلسل مہارت جو بدلتی ہوئی صنعتی ضروریات کے مطابق ہو۔ دوم ذاتی سالمیت ، ایمانداری اور اخلاقی اقدار کی ثقافت کو فروغ دیں۔ سوم سوچ اور عمل دونوں میں ایک کاروباری ذہنیت اپنائیں۔ چہارم کمیونٹی سروس میں حصہ لیں۔ پنچم قومی اتحاد کو فروغ دیں اور بین الشعبہ تعاون اور سماجی ہم آہنگی کو پروان چڑھائیں۔اس موقع پر مہامانا مالویہ مشن کے سرپرست پربھو نارائن سری واستو اور کمل نین رائے ، صدر مہامانا مالویہ مشن ہری شنکر سنگھ ، وائس چانسلر جموں یونیورسٹی ، وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی ، وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی کشمیر ، مہامانا مالویہ مشن کے عہدیداران ، یونیورسٹی آف کشمیر کے فیکلٹی ممبران اور پولیس و سول انتظامیہ کے سینئر افسران موجود تھے۔