نئی دہلی//ممبئی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں مانسون کے دوران ہوئی بھاری بارش کی وجہ سے بدلاپور اور وانگ? اسٹیشنوں کے درمیان گزشتہ 15 گھنٹوں سے پٹری پر پھنسی 17411 ڈاؤن مہالکشمی ایکسپریس ٹرین میں پھنسے 1200 سے زیادہ مسافروں کو محفوظ نکالا جا چکا ہے۔مرکزی وزارت داخلہ کی ترجمان وسودھا گپتا نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسکیو فورس (این ڈی آر ایف)، فوج، فضائیہ، بحریہ، ریلوے اور ریاستی انتظامیہ کی کوششوں سے مہالکشمی ایکسپریس ٹرین سے 1200 سے زیادہ مسافروں کو بچا یا جا چکا ہے جن میں نو حاملہ خواتین شامل ہیں۔ وزارت داخلہ حالات پر قریبی سے نظر رکھے ہوئے ہے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کے ساتھ ایمبولینس کا بندوبست کیا گیاہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اس کام کے لئے راحت رساں ٹیم کی تعریف کی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق کل شدید بارش کی وجہ سے رات تقریباً پونے دس بجے الیاس دریا کی آبی سطح میں اضافہ ہو گیا تھا اور اس سے انبرناتھ اسٹیشن پر پانی بھر گیا۔ انبرناتھ سے بدلاپور کے درمیان تقریباً 300 میٹر کے حصے میں پانی پٹری کی سطح سے ایک فٹ اوپر تک پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق اس واقعہ کے بعد ڈاؤن سمت کی دو اور اپ سمت کی تین لوکل ٹرینوں اور چھترپتی شیواجی ٹرمنس اسٹیشن سے کولہاپور جانے والی 17411 ڈاؤن مہالکشمی ایکسپریس رک گئیں۔ ایک ڈاؤن لوکل ٹرین کلیان واپس بلائی گئی۔ جب پانی کم ہوا تو اپ لوکل کو ممبئی چھترپتی شیواجی ٹرمنس بھیجا گیا اور ایک اور داؤن ٹرین کو بدلاپور لایا گیا۔ مہالکشمی ایکسپریس کو اگت پور کی طرف بھیجا گیا۔اس درمیان مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ وہ وانگنی پر نجی طور سے بچائومہم کی نگرانی کریں جہاں مہالکشمی ایکسپریس میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ این ڈی آر ایف کی 4 ٹیمیں وہاں اس وقت بچائو کام میں مصروف ہیں جو 8 کشتیوں کی مدد سے مسافروں کو نکال رہی ہیں۔واضح رہے کہ ممبئی میں بارش ایک بار پھر قیامت برپا کرتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے۔ لوگوں کی پریشانیاں جو گزشتہ ہفتے بارش رکنے کی وجہ سے کم ہو گئی تھیں، ایک بار پھر ان کے سر پر مصیبت منڈلانے لگی ہے۔ گزشتہ کئی گھنٹوں سے لگاتار ہو رہی بارش کی وجہ سے ممبئی کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز بھی زوردار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس خبر سے مقامی لوگوں میں خوف اور گھبراہٹ کا عالم پیدا ہو گیا ہے۔موسلادھار بارش کی وجہ سے لوگوں کی معمولات زندگی تو درہم برہم ہوئی ہی ہے، ٹریفک نظام بھی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ کئی پروازیں بھی اس خراب موسم کی وجہ سے رَد یا ملتوی کی جا چکی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصولہ خبروں کے مطابق 11 پروازوں کو رَد کر دیا گیا ہے جب کہ کم و بیش 9 فلائٹس کے راستے بدل دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بارش کی وجہ سے ریل نظام بھی درہم برہم ہے۔ ممبئی کے بدلا پور اسٹیشن کے ٹریک پر پانی بھر گیا ہے جس کے سبب کئی ٹرینیں اپنی مقررہ وقت پر نہیں چل پا رہی ہیں۔ ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے کے سبب مسافروں کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔(یو این آئی)