اورنگ آباد// مہاراشٹر میں جمعہ کی صبح سویرے ایک دردناک حادثہ میں اورنگ آباد کے نزدیک بدناپور۔کرماڈ ریلوے سیکشن میں مال گاڑی سے کٹ کر 16مزدوروں کی موت ہوگئی۔ریلوے کے ذرائع نے بتایا کہ صبح پانچ بجکر 22منٹ پر چرلاپلی جارہی ایک مالی گاڑی کو لوکو پائلٹ نے مطلع کیا کہ ناندیڑ ڈویزن کے تحت بدناپور سے کرماڈ کے درمیان کلومیٹر نمبر 139/4پر پندرہ سے 20لوگ ٹریک پر سورہے تھے جن میں سے پندرہ لوگو ں کی ٹرین کے نیچے آکر موت ہوگئی ہے ۔ حادثہ میں ایک دیگر نے بعد میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ذرائع کے مطابق حادثہ کا شکار لوگ مدھیہ پردیش کے امریا اور شہڈول ضلع کے مزدور تھے ، جو جالنا میں ایس آر جی کمپنی میں ملازمت کرتے تھے ۔ یہ لوگ کل شام سات بجے پیدل ہی جالنا سے نکلے تھے ۔ وہ بدناپور تک سڑک کے راستے چلتے ہوئے آئے تھے بعد میں اورنگ آباد کی طرف ریلوے ٹریک کے کنارے چلنے لگے ۔ تقریباًً 36کلومیٹر چلنے کے بعد وہ بہت تھک گئے اور ٹریک پر کچھ دیر آرام کرنے کے لئے بیٹھ گئے ۔