ممبئی //مہاراشٹر کے جلگاوں ضلع واقع کنگاوں کے پاس پیر کے روز پپیتے سے لدا ایک ٹرک پلٹ گیا جس میں کم از کم 15 مزدوروں کی موت ہو گئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ یاول پولس اسٹیشن کے جانچ افسر انسپکٹر سدھیر پاٹل نے اس اندوہناک حادثہ کے تعلق سے بتایا کہ رات تقریباً ایک بجے یہ واقعہ پیش آیا جب ڈرائیور نے ٹرک سے اپنا کنٹرول کھو دیا۔ ٹرک ایک مندر کے پاس جا کر پلٹ گیا۔پاٹل نے جائے حادثہ سے بتایا کہ مہلوکین میں راویر اور آس پاس کے علاقوں سے آئے مزدور شامل ہیں۔ دو زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہلوکین میں 7 مرد، 6 خواتین اور دو نابالغ شامل ہیں حادثہ کے چشم دیدوں نے کہا کہ حادثہ کا اثر ایسا تھا کہ کچھ مزدور بھاری گاڑی کے نیچے آ کر کچلے گئے۔ ان کی لاش بھی پوری طرح سے جل گئی۔ علی الصبح پولس نے پلٹے ہوئے ٹرک کے نیچے پھنسی لاشوں کو نکالنے کے لیے کرین کا استعمال کیا۔ ادھر ہریانہ کے ضلع حصار میں آدم پوراگروہا روڈپر کوہلی گاوں کے نزدیک کل شب ٹریکٹر-ٹرالی کی بلیٹ کے ساتھ تصادم میں تین دوستوں کی موت ہوگئی۔