نئی دہلی// پی ایم کیئرس فنڈ ٹرسٹ نے تمام ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں کے سرکاری کووڈ اسپتالوں میں 50ہزارمیڈ اِن انڈیا' وینٹی لیٹروں کی فراہمی کے لئے 2 ہزار کروڑ مختص کیے ہیں۔ وزیر اعظم کے دفتر نے منگل کے روز یہاں بتایا کہ مہاجر مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی ایک ہزار کروڑ روپئے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ ان 50 ہزار وینٹیلیٹروں میں سے 30 ہزار وینٹیلیٹر ایک سرکاری کمپنی بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ کے ذریعہ بنایا جارہا ہے ۔ بقیہ وینٹیلیٹر اگوا ہیلتھ کیئر اور اے ایم ٹی زیڈ بیسک کمپنی کے ذریعہ بنایائے جارہے ہیں۔ اب تک 2923 وینٹیلیٹر بنائے جاچکے ہیں، جن میں سے 1340 وینٹیلیٹر ریاستوں کو فراہم کیے جاچکے ہیں۔ وینٹیلیٹر حاصل کرنے والی بڑی ریاستوں میں مہاراشٹر، دہلی، گجرات، بہار، کرناٹک اور راجستھان شامل ہیں۔ جون 2020 کے اختتام تک تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اضافی 14000 وینٹیلیٹرس کی فراہمی کی جائے گی۔اس کے علاوہ مہاجر مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے ایک ہزار کروڑ روپئے پہلے ہی ریاستوں کو جاری کردیئے گئے ہیں۔ اس امدادی رقم کو مزدوروں کی رہائش، کھانا، طبی علاج اور نقل و حمل کے انتظام میں استعمال کیا جانا ہے ۔ یہ رقم حاصل کرنے والوں میں مہاراشٹر، اتر پردیش، تمل ناڈو، گجرات، دہلی، مغربی بنگال، بہار، مدھیہ پردیش، راجستھان، اور کرناٹک بڑی ریاستیں ہیں۔