عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کرائم برانچ کے اکنامک آفینسز ونگ (EOW) کشمیر نے منگل کے روز بڈگام کے سیمسان علاقے میں 93 لاکھ روپے کے مبینہ لینڈ فراڈ معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔کرائم برانچ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 17/2026 کے تحت انجام دی گئی، جو بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 318(4)، 336(3)، 340 اور 61(2) کے تحت پولیس اسٹیشن EOW کشمیر میں درج کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں جوالہ پورہ بڈگام کے غلام محی الدین ڈار اور بنگلور نارتھ کرناٹک/جنی پورہ جموں کے سوم ناتھ کول پر 93 لاکھ روپے کے زمین فراڈ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔تحقیقات کے مطابق شکایت کنندہ کو مبینہ طور پر پلوامہ کے درسو علاقے میں پانچ کنال مہاجر اراضی اور بجبہاڑہ میں 300 کھڑے درخت خریدنے کے لیے جعلی معاہدوں کے ذریعے آمادہ کیا گیا۔ سوم ناتھ کول نے خود کو اصل مالکان کا اٹارنی ہولڈر ظاہر کیا، جبکہ غلام محی الدین ڈار نے بطور گواہ کردار ادا کیا۔مزید تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ نہ زمین اور نہ ہی درخت ملزمان کی ملکیت تھے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔اسی سلسلے میں تفتیش کو آگے بڑھاتے ہوئے ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی موجودگی میں سیمسان بڈگام میں گھروں کی تلاشی لی گئی تاکہ کیس سے متعلق اہم شواہد اور قابلِ اعتراض مواد حاصل کیا جا سکے۔