کشمیر ایک بار پھر موسم کی سختیوں کے دہانے پر کھڑا ہے۔ وادیٔ کشمیر میں سردیوں کا آغاز صرف درجۂ حرارت میں کمی نہیں لاتا بلکہ یہ عوامی زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کرتا ہے۔ برف باری، شدید سردی، بارشیں، منجمد سڑکیں اور محدود رسائی کے مسائل یہاں محض موسمی مظاہر نہیں بلکہ ایک سالانہ آزمائش کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی موسمی پیش گوئیاں سخت سردیوں اور بھاری برف باری کی نشاندہی کر رہی ہیں، اور سوال یہ ہے کہ کیا ہم اس چیلنج کے لیے واقعی تیار ہیں؟کشمیر کی جغرافیائی ساخت اسے موسمی شدت کے لحاظ سے خاص طور پر حساس بناتی ہے۔ پہاڑی علاقے، بلند درے، دور افتادہ بستیاں اور محدود مواصلاتی نیٹ ورک ایسے عوامل ہیں جو موسم کی ذرا سی شدت کو بھی بڑے بحران میں تبدیل کر دیتے ہیں۔ موسم کی سختی کا سب سے بڑا بوجھ عام شہری اٹھاتا ہے۔ سردیوں میں بجلی کی غیر یقینی فراہمی، ایندھن کی قلت، پانی کی منجمد لائنیں اور خوراک کی مہنگائی عوام کے لیے مستقل تشویش کا باعث بنتی ہیں۔ دیہی علاقوں میں صورتحال اور بھی پیچیدہ ہو جاتی ہے، جہاں متبادل سہولیات کا فقدان ہے۔ کئی دیہات میں لوگ ہفتوں تک راشن، ادویات اور طبی سہولیات سے محروم رہتے ہیں۔سرد موسم کا سب سے زیادہ اثر بزرگوں، بچوں اور دائمی بیماریوں کے مریضوں پر پڑتا ہے۔ سانس کی بیماریاں، دل کے مسائل، ہائی بلڈ پریشر اور جوڑوں کے درد سردیوں میں شدت اختیار کر لیتے ہیں۔ ایسے میں اگر سڑکیں بند ہوں، ہسپتال دور ہوں اور ایمبولینس سروس دستیاب نہ ہو تو ایک عام بیماری بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔تعلیم کا شعبہ بھی موسم کی نذر ہو جاتا ہے۔ اسکولوں کی طویل بندش سے بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں آن لائن تعلیم کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں۔ غریب خاندانوں کے بچے اس خلا کا سب سے زیادہ نقصان اٹھاتے ہیں، جس سے تعلیمی عدم مساوات مزید گہری ہو جاتی ہے۔کشمیر کی معیشت کا ایک بڑا حصہ زراعت، باغبانی، سیاحت اور چھوٹے کاروبار پر منحصر ہے۔ شدید موسم ان تمام شعبوں کو براہِ راست متاثر کرتا ہے۔ سیاحتی سرگرمیاں محدود ہونے سے ہزاروں خاندانوں کی آمدنی متاثر ہوتی ہے۔ ٹرانسپورٹ میں رکاوٹوں کی وجہ سے سیب، سبزیاں اور دیگر زرعی مصنوعات منڈیوں تک بروقت نہیں پہنچ پاتیں، جس سے کسانوں کو مالی نقصان ہوتا ہے۔روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے لیے سردی کا موسم اکثر بے روزگاری کا مترادف ہوتا ہے۔ جب تعمیراتی کام رک جائیں اور آمدورفت محدود ہو جائے تو یہ طبقہ معاشی طور پر سب سے زیادہ غیر محفوظ ہو جاتا ہے۔ ایسے میں حکومتی امداد اور سماجی تحفظ کے نظام کی اہمیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ ہر سال حکومت کی جانب سے سردیوں سے قبل تیاریوں کے دعوے کیے جاتے ہیں۔ برف ہٹانے والی مشینوں کی دستیابی، کنٹرول رومز کا قیام، راشن اور ایندھن کے ذخائر، اور صحت کے محکمے کی ہنگامی منصوبہ بندی—یہ سب کاغذی طور پر تو موجود ہوتے ہیں، لیکن اصل امتحان زمین پر نظر آتا ہے۔یہ حقیقت ہے کہ حالیہ برسوں میں کچھ مثبت اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ اہم شاہراہوں پر برف صاف کرنے کا عمل نسبتاً تیز ہوا ہے، کچھ علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس بہتر ہوا ہے، اور موسم سے متعلق پیشگی اطلاعات عوام تک پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ تاہم، یہ اقدامات ابھی ناکافی ہیں، خاص طور پر دور دراز اور پہاڑی علاقوں کے لئے۔سب سے بڑا مسئلہ عملدرآمد کا ہے۔ منصوبے بنانا ایک بات ہے، اور انہیں مؤثر انداز میں نافذ کرنا دوسری۔ کئی بار وسائل موجود ہوتے ہیں مگر بروقت استعمال نہیں ہو پاتے۔ مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی کا فقدان بھی مسائل کو بڑھا دیتا ہے۔ بجلی، صحت، خوراک، ٹرانسپورٹ اور بلدیاتی اداروں کے درمیان مربوط حکمتِ عملی کے بغیر کسی بھی موسمی بحران کا مقابلہ ممکن نہیں۔ موسمی بحران کے دوران عوام کا سب سے بڑا مسئلہ عدم اعتماد ہوتا ہے۔ جب بجلی بار بار غائب ہو، سڑکیں دنوں تک بند رہیں اور شکایات کا کوئی مؤثر ازالہ نہ ہو تو لوگوں میں مایوسی بڑھتی ہے۔ یہ اعتماد بحال کرنا حکومت کے لئےیک بڑا چیلنج ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت عوام کو صرف متاثرہ فریق نہ سمجھے بلکہ شراکت دار بنائے۔ مقامی کمیونٹیز، پنچایت سطح کے ادارے، رضاکار تنظیمیں اور نوجوانوں کے گروپس اگر منظم طریقے سے شامل کیے جائیں تو بہت سے مسائل ابتدائی سطح پر ہی حل ہو سکتے ہیں۔ کمیونٹی بیسڈ ایمرجنسی رسپانس نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اب ضرورت وقتی ردِعمل کی نہیں بلکہ طویل مدتی منصوبہ بندی کی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا، متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دینا، صحت اور ایمرجنسی سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور سب سے بڑھ کر احتساب کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سردی کا موسم آئے گا، برف باری بھی ہوگی،یہ فطرت کا نظام ہے۔ اصل سوال یہ نہیں کہ موسم کتنا سخت ہوگا، بلکہ یہ ہے کہ ہم اس کےلئے کتنے سنجیدہ، منظم اور ذمہ دار ہیں۔ کشمیر کے عوام نے ہمیشہ مشکلات کا مقابلہ صبر اور حوصلے سے کیا ہے۔ اب ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے کہ وہ اس صبر کو آزمائش کے بجائے تحفظ میں بدلے۔یہ اداریہ محض تنقید کیلئے نہیں بلکہ ایک اجتماعی سوچ کی دعوت ہےکیونکہ موسم کا مقابلہ صرف حکومت یا عوام اکیلے نہیں کر سکتے، بلکہ دونوں کو مل کر کرنا ہوگا۔