عظمیٰ نیوز سروس
حیدرآباد//وزیراعظم نریندر مودی نے ایچ پی سی ایل وشاکھاپٹنم ریفائنری کی ستائش کرتے ہوئے اسے ہندوستان کی توانائی کے تحفظ کیلئے ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریفائنری آتما نربھر بھارت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وشاکھاپٹنم ریفائنری میں انتہائی جدید ریسیڈیو اپ گریڈیشن فیسیلٹی کا کامیاب آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پراجکٹ میں جدید ریسیڈیو ہائیڈرو کریکنگ ٹکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس کی مدد سے خام تیل کے ان حصوں سے بھی 93 فیصد تک قیمتی ایندھن نکالا جا سکے گا جو پہلے ضائع ہو جاتے تھے۔ اس پلانٹ میں 2,200 میٹرک ٹن وزنی تین بڑے میکس۔ایل سی ری ایکٹرس نصب کئے گئے ہیں جو ہندوستان کی تکنیکی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اس ٹکنالوجی سے پٹرول اور ڈیزل کی پیداوار بڑھے گی جس سے ایندھن کے لئے غیر ملکی درآمدات پر انحصار کم ہوگا اور یہ پراجکٹ مشرقی ساحلی علاقہ کی سماجی و اقتصادی ترقی اور ملک کی خود کفالت میں ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوگا۔ ہردیپ سنگھ پوری نے اس کامیابی کا سہرا وزیراعظم مودی کے ویژن اور آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کے تعاون کے سر باندھا ہے۔