جاوید اقبال
مینڈھر //سرحدی تحصیل منکوٹ کی پنچائت بلنوی کے وارڈ نمبر 9 میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش نے ایک خاندان کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا، جب محمد سکندر ولد محمد ایوب بجاڈ کا رہائشی مکان اچانک لینڈ سلائیڈنگ (پسی) کی زد میں آ گیا۔ مسلسل کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارش کے نتیجے میں زمین کھسکنے کا عمل تیز ہو گیا، جس کے باعث ایک بڑی پسی مکان کے قریب آ گری اور عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔واقعہ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے علاقے میں پھیل گئی، جس کے بعد مقامی لوگ بڑی تعداد میں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ اہل علاقہ نے بغیر وقت ضائع کیے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور نہایت جرات، سمجھداری اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکان میں موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم مکان کو کافی نقصان پہنچا ہے جس کے باعث متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گیا ۔عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں کئی دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی تھی، جس کے باعث زمین نرم ہو چکی تھی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو گیا تھا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے، جو انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندان اس وقت شدید مشکلات اور کرب سے گزر رہا ہے اور ان کے پاس رہائش کے لیے کوئی محفوظ جگہ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری امدادی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، جن میں عارضی رہائش، مالی امداد اور بنیادی ضروریات کی فراہمی شامل ہیں تاکہ متاثرہ خاندان کو اس مشکل گھڑی سے نکالا جا سکے۔عوام نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقل بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں، تاکہ مستقبل میں اس طرح کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔