منڈی// مخلوط سرکار ہر محاذپر ناکام ہو گئی ہے اور غریب عوام کو محض سرکاری وعدوں پر ہی اپنی زندگی بسر کرنی پڑ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہا سابق ممبر اسمبلی پونچھ و نیشنل کانفرنس یوتھ نائب صدر جموں اعجاز احمد جان نے منڈی میں پارٹی کارکنان کے ایک جلسہ سے خطاب میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت کو بنے ہوئے تین سال گزر چکے ہیں مگر ضلع پونچھ کے لوگوں خاص کر حلقہ اسمبلی منڈی کی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے ابھی تک پورے نہیں ہوئے ۔انہوںنے مقامی ممبراسمبلی کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ الیکشن سے پہلے کہتے تھے کہ وہ غریب عوام کے مسیحاکے طور پر کام کریںگے مگر آج حالت یہ ہے کہ غریب لوگوں نے ایم جی نریگا کے تحت کئے ہوئے کام پر اجرت نہیں مل رہی اورلوگ راشن ، بجلی وپانی جیسی سہولیات کیلئے ترس رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جو حکومت غریبوں کے مسائل حل نہ کرسکے اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ۔انہوںنے کہاکہ ریاست کو جس مقام پر نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی حکومت نے چھوڑاتھا،آج بھی وہ اسی مقام کھڑی ہے اور ترقیاتی کاموں کو آگے نہیں بڑھایاگیا۔ان کاکہناتھاکہ سڑکوں کے کام نہیںہورہے اور لوگ چندہ کرکے ان کی تعمیر پر مجبور ہیں۔اعجازنے کہا کہ ضلع اسپتال پونچھ میں عوام کے لئے سٹی سکین مشین نصب کروائی گئی تھی لیکن تین سال گزر جانے کے بعد کوئی ماہر ڈاکٹر تعینات نہیں کیاگیا۔انہوںنے کہاکہ پہلے یہاں کے لوگ مزدوری کیلئے بیرون ریاست جایاکرتے تھے لیکن اب انہیں وہاں بھی ہراساں کیاجارہاہے اور غریب کا کوئی پرسا ن حال نہیں ۔اس موقعہ پر عبدالاحد بٹ بلاک صدر منڈی ،عبدالاحد کامریڈبلاک صدر لورن، سابق سرنچ راجپورہ فاروق نجار،سابق سرپنچ ڈنوگام بشیر نائیک، خالد محمد اورسینئر رکن باغ حسین راٹھور نے بھی خطاب کیا۔