عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے جندرولہ علاقے میں اتوار کے روز پیش آئے ایک افسوسناک سڑک حادثے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کلبیر سنگھ ولد شیو رام ساکنہ جرنیلی محلہ پونچھ اور چندر سنگھ ولد سکھدیو سنگھ سکنہ کامسر پونچھ کے طور پر کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ایک الٹو کار زیر نمبر JK02K-7380 پونچھ سے تحصیل منڈی کے مشہور سیاحتی مقام تھان پیر کی طرف جا رہی تھی کہ جندرولہ کے مقام پر اچانک ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں کار سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے وقت گاڑی میں چار افراد سوار تھے جو شدید زخمی ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بھی موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو کھائی سے نکالا اور فوری طور پر ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا۔ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے دو افراد کو مردہ قرار دے دیا جبکہ دو دیگر زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ان کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ابتدائی علاج کے بعد انہیں ہسپتال سے رخصت کر دیا گیا۔پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کی سڑکوں پر حفاظتی اقدامات بڑھائے جائیں تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔