ایجنسیز
لاس اینجلس/مڈفیلڈر جوہان منزامبی کے دوسرے ہاف میں کیے گئے دو گولوں کی بدولت سوئزرلینڈ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ بی میچ میں بوسنیا و ہرزیگووینا کو 4-1 سے شکست دے دی۔گروپ کے پہلے مرحلے میں سوئزرلینڈ اور قطر کا میچ 1-1 سے برابر رہا تھا، جبکہ بوسنیا و ہرزیگووینا نے کینیڈا کے خلاف 1-1 سے ڈرا کھیلا تھا۔ دوسرے مرحلے میں سوئزرلینڈ کی فتح اور کینیڈا کی قطر پر 6-0 کی کامیابی کے بعد کینیڈا گروپ میں سرفہرست جبکہ سوئزرلینڈ دوسرے نمبر پر آ گیا۔میچ کا پہلا گول 74ویں منٹ میں اس وقت ہوا جب متبادل کھلاڑی روبن ورگاس کے کراس پر جوہان منزامبی نے شاندار والی کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔80ویں منٹ میں بوسنیا کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب مدافع طارق کو فاؤل کے باعث ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا اور ٹیم 10 کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔اس کے بعد 84ویں منٹ میں روبن ورگاس نے خوبصورت گول کرکے برتری 2-0 کر دی۔ 90ویں منٹ میں کپتان گرانیت ژاکا کے پاس پر منزامبی نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کیا۔میچ کے بعد منزامبی نے کہا کہ ورلڈ کپ میں اپنے کیریئر کا پہلا ڈبل گول کرنا ان کے لیے خواب پورا ہونے کے مترادف ہے ۔بوسنیا کی جانب سے ارمن مہمک نے 93ویں منٹ میں ایک گول کرکے ںقصان کم کیا، تاہم اضافی وقت میں گرانیت ژاکا نے گول کرکے سوئٹزرلینڈ کی 4-1 سے شاندار فتح یقینی بنا دی۔سوئٹزرلینڈ نے خاص طور پر دوسرے ہاف میں کھیل پر مکمل کنٹرول رکھا اور تیز رفتار پاسنگ کے ذریعے حریف ٹیم کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ 40 سالہ بوسنیائی اسٹرائیکر ادین ژیکو نے میچ کا آغاز کیا، لیکن 63ویں منٹ میں انہیں میدان سے باہر بلا لیا گیا۔