سری نگر// سب ضلع ترال میں سنیچر کے روز 3مقامی جنگجوئوں کی ہلاکت کے خلاف قصبے میں مکمل ہڑتال رہی جس دوران تمام کار باری ادارے بند رہنے کے علاوہ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ بھی غائب رہاجس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ادھر پولیس ضلع اونتی پورہ میں جمعہ کی شام سے انٹر نیٹ سروس معطل رہی جبکہ پلوامہ میں بھی گزشتہ شام فائرنگ کے بعدانٹر نیٹ سروس کو معطل کیا گیا ،جو دوسرے روز بھی معطل رہی ۔کے این ایس کے مطابق جنوبی قصبہ ترال کے مندورہ گاوں میں فورسز کے ساتھ ایک مسلح تصادم آرائی کے دوران حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر سمیت3جنگجو جاں بحق ہوئے ۔اس دوران سنیچر کے روز قصبے میں تمام کار باری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پرپبلک ٹرانسپورٹ بھی غائب رہا۔ مکمل ہڑتال کے باعث قصبے میں قائم بیشتر سرکاری دفاتر میں قلیل تعداد میں ملازمین حاضر ہوئے۔ادھر انتظامیہ نے امن وقانون کی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے جمعہ کی شام جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی انٹر نیٹ سروس کو معطل کیا جو دوسرے روز بھی معطل رہی ۔خیال رہے جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کے مندورہ نامی گائوں میں فوج کے42RR اور جنگجوئوں کے درمیان ایک تصادم آرائی میں وارث حسن،ساکن نئی بھگ،عارف بشیر ساکن مونگہامہ،سید احتشام ساکن چیک نور پورہ اونتی پورہ جاں بحق ہوئے ،اس دوران جاں بحق جنگجوئوں کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں سپر لحد کیا گیا ۔