منجاکوٹ//پرائمری ہیلتھ سنٹر منجاکوٹ میں الٹراسائونڈ مشین کئی عرصہ سے خراب پڑی ہوئی ہے اور لوگوں کو الٹراسائونڈکیلئے یاتو راجوری یاپھر جموں کارخ کرناپڑتاہے ۔یاد رہے کہ منجا کوٹ ہسپتال جموں پونچھ شاہراہ پر واقع ہے اور یہ علاقہ سرحد کے قریب ہے جہاں مریضوں کو بنیادی سطح پر طبی سہولیات نہیں ملتی ،یہاں تک یہ ہسپتال میں الٹراسائونڈ تک کی سہولت میسر نہیں۔فاروق خان نامی ایک شخص نے بتایاکہ منجا کوٹ ہسپتال میں الٹرا ساؤنڈ مشین ہونے کے باوجوداس سرحدی علاقہ کے لوگوں کو راجوری جانا پڑتا ہے جو بہت ہی دکھ کی بات ہے ۔ان کاکہناتھاکہ ایک طرف موجودہ سرکار تبدیلی کے دعوے کرتی جارہی ہے لیکن دوسری حالت یہ ہے کہ ہزاروں کی آبادی کو طبی سہولیات فراہم کرنے والے ہسپتال میں الٹراسائونڈمشین ہی خراب ہے ۔جب اس سلسلے میں بی ایم او منجا کوٹ اشفاق کوہلی سے بات ہوئی توانہوں نے کہا کہ الٹرا ساؤنڈ مشین کا ایک پارٹ خراب پڑا ہے جس کے لئے انہیںلگ بھگ تین لاکھ روپے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس بارے میں انہوںنے چیف میڈیکل آفیسر راجوری کو بھی مطلع کردیاتھا۔وہیںچیف میڈیکل آفیسر راجوری نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ انہیں لگ بھگ تین لاکھ روپے کی ضرورت ہے اور ان کے پاس فنڈس کی کمی ہے ۔تاہم انہوںنے کہاکہ وہ اس معاملے پر حکام سے بات کریںگے ۔