عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکزی حکومت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بلاس پور-منالی-لیہہ 489 کلو میٹر ریلوے لائن کے لیے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (DPR) مکمل ہو گئی ہے، جو ہندوستان کے سب سے اہم ٹرانسپورٹ پروجیکٹوں میں سے ایک کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ اسے وزارت دفاع کے ذریعہ ایک اسٹریٹجک ریل کوریڈور کے بطورنامزد کیا گیا ہے۔جوملک کے سب سے زیادہ چیلنجنگ ہمالیائی خطوں سے گزرے گی اور اس پر 1,31,000 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں، ریلوے کی وزارت نے کہا کہ تفصیلی سروے کی تکمیل کے بعد ڈی پی آر تیار کیا گیا ہے۔ یہ الائنمنٹ بلاسپور سے بیری، سندر نگر، منڈی، منالی، سیسو، درچہ، کیلونگ، سرچو، پانگ، رمتسے، اپشی اور کھارو کے راستے لیہہ میں ختم ہونے سے پہلے چلے گی۔ اس پروجیکٹ میں 270 کلومیٹر لمبی سرنگیں شامل ہیں، جو ہماچل پردیش اور لداخ میں انتہائی ارضیاتی حالات اور اونچائی کی منتقلی کی عکاسی کرتی ہیں۔جبکہ ڈی پی آر اب تیار ہے، لیکن اس منصوبے کو ابھی تک منظوری نہیں دی گئی ہے۔ منظوری کے لیے ہماچل پردیش اور لداخ کی حکومتوں، وزارت خزانہ اور وزارت دفاع سمیت متعدد سٹیک ہولڈرز کے درمیان مشاورت کی ضرورت ہوگی۔ وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ ریلوے کے نئے منصوبوں کی منظوری ایک “مسلسل اور متحرک عمل” ہے، اور یہ کہ تعمیر کے آغاز اور تکمیل کے لیے درست ٹائم لائنز تشخیص اور بین وزارتی منظوریوں کی رفتار پر منحصر ہوں گی۔حکومت نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ متعدد بیرونی انحصار کی وجہ سے اس مرحلے پر کسی مقررہ تعمیراتی شیڈول کا اعلان نہیں کیا جا سکتا۔ ان میں ریاستی حکومتوں کے ذریعہ زمین کا حصول، جنگلات کی منظوری، یوٹیلیٹی کی منتقلی، قانونی منظوری، اور خاص طور پر چیلنجنگ ارضیاتی اور ٹپوگرافیکل پروفائل اونچائی والے کوریڈور کا شامل ہے۔ خطے میں ہر سال قابل عمل مہینوں کی تعداد جو اکثر شدید موسم کی وجہ سے محدود ہوتی ہے تعمیر کی حتمی رفتار کو بھی متاثر کرے گی۔