نئی دہلی // ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیس مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وبا کے 1993 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 73 مریضوں کے ہلاک ہونے کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 1152ہو گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد بڑھ کر34ہزار209تک پہنچ گئی ۔ وائر س سے شدید متاثر مہاراشٹر میں ایک دن میں 583 نئے کیسز کے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد 10498 تک پہنچ گئی ہے اور اس دوران مزید 27 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 459 ہو گئی ہے ۔ وہیں ریاست میں 1773 متاثرہ مریض شفایا ب ہو چکے ہیں ۔ گجرات گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 313 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پرہے ۔ گجرات میں متاثرین کی مجموعی تعداد 4395 ہو گئی ہے اور مزید 17 افراد کے جاں بحق ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 214 تک پہنچ گئی ہے ۔ قومی دارالحکومت دہلی میں بھی صورتحال تشویشناک ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 76 نئے کیسز درج کئے جانے کی وجہ سے اب تک مجموعی 3515 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں ۔ دہلی میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 59 ہو گئی ہے جبکہ اب تک مجموعی 1094 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے ۔وہیں راجستھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 146 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 2584 ہو گئی ۔ ریاست میں اس وبا سے مزید سات افراد کے ہلاک ہونے کے بعد ہلا ک شدگان کی تعداد 58 ہو گئی ہے ۔ تمل ناڈو میں 161 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 2323 ہو گئی اور اب تک 27 افراد ہلا ک ہوچکے ہیں ۔ مدھیہ پردیش میں اس وائرس کی گرفت میں اب تک 2660 افراد آ چکے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید آٹھ افراد کے ہلاک ہونے کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 137 ہو گئی ہے ۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں 69 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2203 ہو گئی ہے اور اب تک 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ وہیں ریاست میں ابھی تک 513 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے ۔ تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 26 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 1038 ہو گئی اور اب تک مجموعی 26 افراد ہلاک ہو چکے ہیں کیرالہ میں دو نئے کیسز کے ساتھ متاثرین کی تعداد 497 تک پہنچ گئی ہے اور اب تک چار افراد کی موت ہوئی ہے ۔ جنوبی ہند کی ریاست آندھرا پردیش میں 1403 اور کرناٹک میں 565 افراد متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں بالترتیب 31 اور 21 افراد ہلا ک ہو ئے ہیں ۔ مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد 614 ہے اور آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔