مالدہ// مغربی بنگال میں بیر بھوم کی رہائشی 26 سالہ سنالی خاتون اور اس کے بیٹے صابر کو ہندوستانی شہری ہونے کے باوجود بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ذریعہ بنگلہ دیش میں دھکیل دیا گیا تھا، انہیں جمعہ کی شام شمالی بنگال میں مالدہ سرحد کے ذریعے بھارت واپس بھیج دیا گیا۔ واضح رہے کہ سنالی خاتون اور بیٹے صابر کو بنگلہ دیش میں دھکیلے جانے کے بعد وہاں کی پولیس نے انہیں ‘درانداز’ قرار دیتے ہوئے گرفتار کر لیا تھا اور وہ دونوں ایک بنگلہ دیشی جیل میں 103 دن سے بند تھے۔عہدیداروں نے بتایا کہ ان کی وطن واپسی سپریم کورٹ کی سخت ہدایت کے بعد ممکن ہوئی۔ عدالت عظمیٰ نے مرکزی حکومت کو واضح ہدایت دی کہ وہ انہیں واپس لائے۔ تاہم اس بارے میں کوئی وضاحت موصول نہیں ہوئیں کہ بنگلہ دیش میں دھکیل دیے گئے چار دیگر افراد کو بھارت کب واپس لایا جائے گا جن کو وطن واپس لانے کے لیے سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے۔ایک اہلکار نے بتایا کہ سنالی خاتون کو حمل کے آخری مرحلے میں ہیں۔ انہیں ملک واپس لائے جانے کے بعد عدالت کے حکم کے مطابق جمعہ کی شام سات بجے کے قریب ڈپٹی ہائی کمشنر کے عہدے کے ایک افسر کے حوالے کیا گیا جہاں سے دونوں کو پہلے مہدی پور کے بی ایس ایف کیمپ میں رسمی کارروائیوں کے لیے لے جایا گیا اور بعد میں طبی جانچ کے لیے مالدہ میڈیکل کالج اور اسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ڈاکٹروں نے ان کو سفر کے لیے موزوں ہونے کی تصدیق کی تو انہیں سنیچر کے روز بیر بھوم ضلع کے مررائی کے پیکر گاؤں کے دورجی پاڑہ علاقے میں ان کی رہائش گاہ پر لے جایا جائے گا۔ پولیس نے انہیں 18 جون کو دہلی کے کاٹجو نگر روہنی کے سیکٹر 26 میں بنگالی بستی سے اٹھایا تھا، جہاں وہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے رہ رہی تھیں اور ایک کچرا چننے کا کام کرتی تھیں۔ پولیس نے بنگلہ دیشی شہری ہونے کے شبہ میں سنالی خاتون، اس کے شوہر دانش اور ان کے بیٹے صابر کو اٹھا لیا اور بعد میں فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس سے حکم ملنے کے بعد انہیں بی ایس ایف کی مدد سے بنگلہ دیش میں دھکیل دیا گیا۔ملک بدری کیے گئے لوگوں میں بیر بھوم گاؤں کا ایک اور خاندان بھی شامل تھا۔ سویٹی بی بی اور ان کے دو بیٹے قربان شیخ (16) اور امام دیوان (6) سمیت تمام چھ افراد کو بنگلہ دیش میں دھکیل دیا گیا تھا جہاں انہیں بنگلہ دیشی سکیورٹی ایجنسیوں نے چپائی نواب گنج اصلاحی مرکز میں 20 اگست سے “درانداز” کے طور پر حراست میں رکھا۔ بعد ازاں ایک جوڈیشل مجسٹریٹ نے یکم دسمبر کو ہر ایک کو 5,000 روپے کے مچلکے پر ضمانت دے دی تھی۔مرکزی حکومت نے 26 ستمبر کو کلکتہ ہائی کورٹ کے ڈویڑن بنچ کے اس حکم کو چیلنج کیا جس نے مرکز کو ہدایت کی تھی کہ وہ سنالی سمیت بنگال سے ملک بدر کیے گئے دیگر پانچ لوگوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرے اور اس حکم پر عمل درآمد کے لیے چار ہفتے کی ڈیڈ لائن مقرر کی۔