یو این آئی
دمشق //شام کے مرکزی صوبے حمص میں قائم ملٹری اکیڈمی میں ہونے والے ڈرون حملے میں 110 افراد ہلاک ہوگئے۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ شام کے وزیر دفاع ملٹری اکیڈمی میں منعقدہ گریجویشن کی تقریب میں شرکت کرکے چلے گئے تھے اور اس کے چند منٹ بعد تو مسلح ڈرونز کا حملہ ہوا۔شام کی وزارت دفاع نے بیان میں کہا کہ مرکزی صوبے حمص میں ملٹری اکیڈمی پر ہونے والے حملے میں شہری اور فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد گروپس حملے کے ڈرونز کا استعمال کرتے ہیں تاہم کسی مخصوص تنظیم کا نام نہیں دیا گیا اور نہ ہی کسی گروپ نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔
شام کی وزارت دفاع اور خارجہ نے تحریری بیان میں کہا کہ اس حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ شام کی افواج نے مخالف گروپ کے زیرقبضہ علاقے ادلب میں دن بھر بمباری کی۔شامی سیکیورٹی فورسز کے مطابق شام کے وزیردفاع نے تقریب میں شرکت کی لیکن حملے سے چند منٹ قبل ہی وہ وہاں سے چلے گئے تھے۔تقریب کے انتظامات میں حصہ لینے والے ایک شہری نے کہا کہ تقریب کے بعد لوگ صحن میں چلے گئے تھے اور اسی دوران دھماکا ہوا، ہمیں نہیں معلوم کہ یہ کہاں سے آیا اور فرش پر لاشیں بکھری ہوئی تھیں۔خبرایجنسی کے مطابق وٹس ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی فوٹیجز میں لوگوں کو زخمی حالت اور خون آلودہ کپڑوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔