عظمیٰ نیوزسروس+ظفراقبال
سرینگر+اوڑی// وادی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آگ کی الگ الگ وارداتوں میں ایک رہائشی وشاپنگ کمپلکس اورایک مکان کونقصان پہنچا۔ملورہ سرینگر میں ہفتہ اوراتوارکی درمیانی شب آگ لگ گئی، جس سے ایک رہائشی اور شاپنگ کمپلیکس کو نقصان پہنچا ۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے حکام کے مطابق، واقعہ کی اطلاع شب دوبجکر8منٹ پر ملی، جس کے بعد مجہ گنڈ، جواہر نگر اور صفاکدل فائر اسٹیشنوں سے فائر ٹینڈرز کو فوری طور پر روانہ کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ شاپنگ کمپلیکس کی دوسری اور تیسری منزل آگ کی لپیٹ میں آگئی تھی۔ فائر فائٹرز نے مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا اور اسے ملحقہ عمارتوں تک پھیلنے سے روک دیا۔واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم املاک کے نقصان کی اطلاع ملی ہے، اور نقصان کی حد کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے اور آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ فائر سروسز کی بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پانے میں مدد ملی، تاہم عمارت کے متاثرہ حصے کو نقصان پہنچا۔گیگی محلہ نامبلہ اوڑی میں اتوار کو آگ کی واردات میںایک مکان خاکستر ہوگیا۔ بتایاجاتا ہے کہ یہ مکان شربت گیگی ولد متو گیگی کاتھا۔ پولیس اور مقامی آبادی نے بچائو کارروائی کی تھی مگر پانی کی قلت کی وجہ سے رہائشی مکان کو بچاناممکن نہ ہو سکا۔ مکان میں موجود تمام ساز و سامان آگ کی واردات میں مکمل تباہ ہوگیا۔مقامی لوگ اور پولیس برف سے آگ بجھاتے ہوئے نظر آئے۔دور دراز علاقہ ہونے اور رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے فائر اینڈ ایمرجنسی سروس گاڑی نہیں پہنچ پائی۔ادھر اوڑی انتظامیہ نے متاثری کنبے کو ابتدائی امداد فراہم کی، جس میں کچھ بستر اور کمبلیں شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ نقصان کا تخمینہ لگا کا مزید امداد دی جائے گی۔