بانہال // مزاحمتی قیادت کی کال پر آج جموں سرینگر شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال اور تحصیل کھڑی کے علاقوں میں مرحوم محمد مقبول بٹ کی برسی کے سلسلے میں مکمل ہڑتال کی گئی جس کی وجہ سے تمام کاروباری ادارے بند رہے اور مقامی ٹریفک اثر انداز رہا۔ اگرچہ مقامی سطح پر ہڑتال کی کال کسی بھی جماعت نے نہیں دی تھی تاہم مزاحمتی قیادت کی طرف سے مرحوم محمد مقبول بٹ کی برسی کے سلسلے میں دی گئی ہڑتال کی کال پر بانہال اور کھڑی ،منڈکباس قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی اور تمام کاروباری ادارے بند رہے۔ بانہال اور کھڑی میں اتوار کی صبح سے ہی تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند تھے اور مکمل طور پر ہڑتال کی گئی۔ شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال کے علاوہ تحصیل ہیڈکواٹر کھڑی ، منڈکباس اور ترگام وغیرہ میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے مقامی ٹریفک بھی اثر انداز رہا جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ واضع رہے کہ کشمیری حریت پسند رہنما مرحوم محمد مقبول بٹ کو سنہ 1984 عیسوی میں آج ہی کے روز تہاڑ جیل میں تختہ دار پر چڑھایا گیا تھا اور تب سے لیکر اب تک اس کے میت کی باقیات کی واپسی کیلئے کشمیری قیادت مسلسل مطالبہ کرتی آرہی ہے اور گیارہ فروری کو مکمل ہڑتال کی جاتی ہے ۔