مینڈھر //خطہ پیر پنچال کو وادی کےساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے ٹریفک میں خلل آرہا ہے ۔مسافروں و ٹرانسپورٹروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ شاہراہ پر حالیہ کئی عرصہ سے مرمتی کام ہی نہیں کروایا جاسکا ہے جس کی وجہ سے ان کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کی بحالی محض رسمی طور پر کی گئی ہے تاہم اس وقت مغل شاہراہ صرف یکطرفہ ٹریفک کے قابل ہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نالیوں کا کوئی معقول بندوبست ہی نہیں ہے جبکہ شاہراہ کے متعد دحصوں پر پسیاں اور پتھر آئے ہوئے ہیں جن کو ابھی تک ہٹانے کا عمل شروع ہی نہیں کیا جاسکا ہے ۔غور طلب ہے کہ مغل شاہراہ کے ایک بڑے علاقہ میں آئے پتھروں کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت بھی متاثر ہورہی ہے ۔ڈرائیوروں نے بتایا کہ اس وقت روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیوں کی نقل و حرکت جارہی ہے لیکن شاہراہ کی خستہ حالی ہرایک فرد کےلئے پریشان کن ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مغل شاہراہ پر جلدازجلدمرمتی کام کروایا جائے تاکہ شاہراہ پر گاڑیوںکی آمد ورفت معیاری طریقہ سے جاری رہے ۔