راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے سرنکوٹ سب ڈویژن میں محکمہ مال و پولیس پارٹی پر پتھرائو کرنے و ملازمین کیساتھ بدتمیزی کرنے کا واقعہ پیش آنے کے بعد ایک کیس درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔پیر کے روز سرنکوٹ کی چندی مڑھ بی پنچایت کے مکینوں نے مغل شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کرتے ہوئے سڑک کی تعمیر شروع کرنے کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی تعمیر کیلئے پروجیکٹ کو منظوری دی گئی ہے تاہم ابھی تک اس پر کام شروع نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین رابطہ سڑک جیسی بنیادی سہولیت سے محروم ہیں ۔مظاہرین کو یقین دہانی کروانے کے دوران ملازمین و مظاہرین کے درمیان تلخ کلامی ہو ئی جس کے بعد مظاہرین کی جانب سے پتھرائو بھی کیا گیا تاہم پولیس نے مظاہرین کو کنٹرول کرنے کیلئے لاٹھی چار ج کا سہارہ بھی لیا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تحصیلدار سرنکوٹ اور ڈپٹی ایس پی سرنکوٹ پر پتھرائو کیا گیا جبکہ دو مظاہرین و دو پولیس اہلکاروں کو بھی چوٹیں آئی ۔ڈپٹی ایس پی سرنکوٹ نے بتایا کہ انہوں نے معاملہ کو سنجیدگی کیساتھ لیتے ہوئے قانون کو اپنی ہاتھوں میں لینے والوں کیخلاف کیس درج کرلیا ہے ۔