برف ہٹانے کی کارروائی تیز، موسم کی بہتری سے صورتحال میں بہتری کی امید
سمت بھارگو
راجوری//تاریخی مغل روڈ مسلسل پانچویں دن بھی شدید برف باری کے باعث بند پڑی ہے تاہم حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر موسم نے ساتھ دیا تو آج سے سڑک کی جزوی بحالی ممکن ہو سکتی ہے۔ پیر کی صبح سے شروع ہونے والی مسلسل برف باری کے بعد مغل روڈ پر کئی مقامات پر بھاری برف جمع ہو گئی تھی جس کے سبب سڑک کو احتیاطاً بند کر دیا گیا۔حکام کے مطابق منگل کی شام سے بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے برف ہٹانے کا کام شروع کیا تھا جو اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ برف صاف کرنے کے لئے جدید مشینری اور سنو کٹرز کو تعینات کیا گیا ہے اور مختلف حساس مقامات پر مسلسل کام جاری ہے۔ بی آر او کے ایک افسر نے بتایا کہ ’برف ہٹانے کی کارروائی تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور اگر موسم مزید خراب نہ ہوا تو کل تک سڑک کو جزوی طور پر بحال کر دیا جائے گا‘۔مغل روڈ کی بندش کے باعث پیر پنجال خطے کے دونوں اطراف کے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ بالخصوص راجوری اور شوپیاں کے درمیان سفر کرنے والے لوگوں کو طویل متبادل راستوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے جس سے نہ صرف وقت بلکہ اخراجات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ مریضوں، طلبہ اور سرکاری ملازمین کے لیے یہ بندش مزید پریشانی کا سبب بنی ہوئی ہے۔حکام نے تاہم واضح کیا ہے کہ سڑک کی مکمل بحالی کا انحصار موسم کی صورتحال پر ہے۔ اگر شدید سردی یا دوبارہ برف باری ہوئی تو بحالی کے عمل میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ ایک سینئر افسر نے کہا کہ ’ہماری پوری کوشش ہے کہ مسافروں کی سہولت کے لئے سڑک کو جلد از جلد قابلِ آمدورفت بنایا جائے، مگر حفاظت ہماری پہلی ترجیح ہے‘۔ادھر ضلع انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک کی بحالی کے باضابطہ اعلان تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال کے بارے میں مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔ توقع ہے کہ موسم میں بہتری کے ساتھ مغل روڈ جلد ہی دوبارہ علاقے کے لیے ایک اہم سفری رابطہ بحال کر دے گی۔