عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// شہر سرینگر اور وادی کے کئی دیگر علاقوں میں محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے عین مطابق 10فروری بروز منگل بارش اور گلمرگ و اوڑی سمیت کئی بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔شہر سرینگر میں ہلکی بارش کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔کئی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔اوڑی کے بالائی علاقوں میں کئی انچ تازہ برف گری جبکہ گلمرگ میں بھی تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ منگل کو درجہ حرارت میں غیر معمولی بہتری آئی، سرینگر شہر میں شبانہ درجہ حرارت 3.3 ڈگری سیلسیس اور جموں شہر میں 12.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ، گلمرگ میں منفی 3.4 اور پہلگام میں منفی 0.4 ریکارڈ کیا گیا۔جموں شہر میں شبانہ درجہ حرارت 12.3 ، کٹرہ میں 11.2 ، بٹوٹ 6.1 ، بانہال 3.2 اور بھدرواہ میں 2.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔سرینگر شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10.6 اور جموں میں 22.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں عام طور پر ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی ہے اور زیادہ تر مقامات پر ہلکی بارش/برفباری/تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 11فروریبدھ کے لیے جزوی طور پر ابر آلود دن کی پیش گوئی کی گئی ہے جس میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش/برفباری کا امکان ہے، بدھ اور جمعرات کے لیے عام طور پر خشک موسم، اور جمعہ کو الگ تھلگ اونچائی پر ہلکی برف باری کے امکان کے ساتھ ابر آلود موسم رہے گا۔15 اور 16 فروری کو جزوی طور پر ابر آلود جبکہ 17 فروری کو ہلکی بارش/برفباری اور18 سے 20 فروری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں مسافروں/ٹرانسپورٹرز سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ حکام سے ہائی وے کی حیثیت کی تصدیق کریں اور انتظامیہ کی ایڈوائزری پر عمل کریں۔