عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ10 فروری اور 17 فروری کے قریب ایک اور متوقع ہلکی بارش/برف باری کے لیے کمزور مغربی ڈسٹربنس وادی میں داخل ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فروری کا مہینہ بارشوں کے بڑے خسارے کے ساتھ ختم ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک کمزور مغربی ڈسٹربنس 10 فروری کو جموں و کشمیر کو متاثر کرنے کا امکان ہے، جس سے کئی مقامات پرہلکی بارش کے ساتھ برفباری ہوسکتی ہے۔ایک اور کمزور ویسٹرن ڈسٹربنس17فروری کے آس پاس متوقع ہے۔ مزید برآں، 14 فروری کو کچھ اونچی جگہوں پر بارش/برف کا ایک مختصر اور معمولی سلسلہ ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، موجودہ پیشین گوئی کے مطابق مہینے کے بقیہ حصے میں کوئی بڑی بارش یا برف باری کی سرگرمی نظر نہیں آتی۔ اس کے نتیجے میں فروری میں بارشوں میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔ 12-13 فروری موسم عام طور پر خشک رہے گا جبکہ14 فروری کو الگ تھلگ اونچی جگہوں پر ہلکی برفباری کے امکان کے ساتھ15-16 فروری کو جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہے گا۔17 فروری کو بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش/برف جبکہ18-20 فروری ابر آلود موسم رہے گا۔