پہاڑی راستوں پر پسیاں گرآنے کا خطرہ
سرینگر//مارچ کے مہینے میں معمول سے 52فیصد کم بارش ریکارڈ ہونے کے بیچ موسمیاتی ماہرین نے 28سے31مارچ تک گیلے موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ اس دوران کشمیر وادی ،خطہ پیرپنچال ،وادی چناب اور جموں خطے کے دوسرے اضلاع کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش اورکچھ بالائی علاقوںمیں تازہ برف باری کاامکان ہے ۔موسمیاتی مرکز سری نگر نے آج سے پیر30مارچ تک میدانی اور بالائی علاقوںمیں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف وباراں،گرج چمک،تیزہوائوں کاامکان ظاہرکیا ہے جبکہ موسمیاتی تغیروتبدل سے متعلق جانکاری فراہم کرنے والے نجی موسمیاتی گروپ ’کشمیر ویدر‘کے مطابق 29 سے 31 مارچ تک موسمی صورتحال ناموافق رہنے کے بیچ 30سے 31مارچ کے دوران شدید بارش کی وجہ سے متاثر ہونے کا قوی امکان ہے ،جسکے باعث رام بن سے بانہال تک مٹی کے تودے اور پسیاں گرآنے کی وجہ سے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوسکتی ہے ۔
موسمیاتی مرکز سری نگرکے مطابق یکم سے 5اپریل کے دوران مطلع جزوی طور یاعام طور پر ابر آلود رہنے کے بیچ الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش کاامکان ہے جبکہ 6اور7اپریل کو بھی مطلع عام طور پر ابر آلودرہنے کے بیچ کچھ بکھرے ہوئے میدانی علاقوںمیں ہلکی بارش اورکچھ اوپری مقامات پر ہلکی برفباری کاامکان ہے ۔موسمیاتی مرکز سری نگرنے اپنی جاری کردہ ایڈوائزری میں خبردار کیاکہ 28مارچ کی رات سے30مارچ کی رات تک کے دوران کئی مقامات پر گرج چمک کیساتھ گرج چمک کیساتھ (40تا50 کلومیٹر فی گھنٹہ) رفتار کی تیز ہواؤں کیساتھ شمالی اور وسطی کشمیر کے چند اونچائی پر درمیانی برفباری کا امکان ہے ۔کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 29اور30 مارچ کے دوران کھیتی باڈی کے تمام کاموں کو معطل کر دیں۔
مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں اور اس کے مطابق منصوبہ بندی کریں۔ اس دوران موسمیاتی تغیروتبدل سے متعلق جانکاری فراہم کرنے والے نجی موسمیاتی گروپ ’کشمیر ویدر‘ نے جمعرات کوسری نگر جموں قومی شاہراہ کے حوالے سے 29سے31مارچ کے دوران الرٹ جاری کرتے ہوئے کہاکہ 29سے31مارچ تک موسمی صورتحال ناموافق رہنے کے بیچ 30سے 31مارچ کے دوران شدید بارش کی وجہ سے متاثر ہونے کا قوی امکان ہے ،جس کے باعث رام بن سے بانہال تک مٹی کے تودے اور پسیاں گرآنے کی وجہ سے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوسکتی ہے ۔ نجی موسمیاتی گروپ ’کشمیر ویدر‘کے مطابق 30اور31مارچ کو خلل انگیز موسمی صورتحال کی وجہ سے سری نگرجموں قومی شاہراہ سمیت کچھ پہاڑی راستوں پر عارضی رکاوٹیں یا مکمل بندش کااندیشہ ہے۔