شدید سردی کے باوجودخانقاہوں،زیارت گاہوں اور مساجد میں تقاریب منعقد
سرینگر//معراج العالم(صلی اللہ علیہ وسلم)کے موقعہ پر جمعہ اورہفتہ کی درمیانی رات جموں وکشمیرکے اطراف واکناف میں شب بیداری کے عظیم الشان،روح پرور اور ایمان افروزاجتماعات منعقد ہوئے۔تاریخی آثار شریف درگاہ حضرت بل سری نگر میں سب سے بڑااورعظیم الشان اجتماع ہوا،جہاں ہزاروںکی تعدادمیں فرزندان توحید اورباپردہ مسلم خواتین نے شب بیداری کی جبکہ جموں وکشمیرمیںدیگرمقامات پرواقع درگاہوں،زیارت گاہوں اور آستانوںمیں بھی ہزاروں عاشقان رسول ؐنے شب بیداری کے اجتماعات میں خشووخضوکیساتھ شرکت کی۔اس دوران نماز جمعہ کے موقعہ پرعلمائے کرام نے معراج العالم پرروشنی ڈالی ،اور لوگوں کورحمت للعالمین (نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم) کی رب العالمین ( ذو الجلال والکرام) سے ملاقات کے بارے میں بتایا۔شب معراج کے موقعہ پر آثار شریف درگاہ حضرتبل کو خصوصی طورسجایاگیا ہے جبکہ یہاں عبادات میں رات گزارنے کیلئے آنے والے عقیدت مندوں کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ۔
نماز عشاء باجماعت اداکرنے کے بعد شب معراج کی روح پرور مجالس کاآغازہوا،جو رات بھر جاری رہااور طلوع آفتاب پر اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران سنیچر کو ہر نماز کے بعددرگاہ حضرتبل میں عقیدت مند موئے مقدس کے دیدار سے فیضیاب ہونگے۔ درگاہ حضرتبل کیساتھ ساتھ شہر سرینگراوروادی بھر کی مساجد ، درگاہوں،زیارت گاہوںوخانقاہوںمیں عظیم الشان،رُوح پرور اجتماعات اوربابرکت مجالس کاانعقادا ،جس دوران علمائے کرام نے فلسفہ معراج العالم پرروشنی ڈالی۔ شب معراج کی تقریب بابرکت کے پیش نظر آستان عالیہ شاہ جیلان واقع خانیار و صاحبؒسرائے بالا ، جناب صاحب صورہ،شہری کلاشپورہ،سعد صاحب سونہ وار کے علاوہ کپوارہ، ،بارہمولہ، سوپور ، بانڈی پورہ ، پلوامہ ، شوپیان ، گاندربل ، اننت ناگ ،بڈگام سمیت دیگر اضلاع میں واقع مساجد،زیارتگاہوں ،خانقاہوں ،آستانوں اور دینی مدارس و درسگاہوں میں بھی بابرکت اورعظیم رات شب خوانی کے ساتھ ساتھ درودواذکار کی مجالس کا اہتمام ہوا،جہاںلاکھوں مسلمان بشمول خواتین اوربچے و بچیاں شرکت کرکے حضور اقدس ؐ کے تئیں اپنی عقیدت ومحبت اوراللہ تعالیٰ کے تئیں اپنی فرمانبردار ی اوراطاعت کااظہار بھی کیا۔صوبائی انتظامیہ کشمیر اورضلع انتظامیہ سرینگر نے سرکاری اداروں اورکچھ رضاکار انجمنوں واداروں کے اشتراک سے درگاہ حضرتبل آنے والے ہزاروں فرزندان توحید اورعاشقان رسول ؐ کوہرممکنہ سہولیات بہم رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کیساتھ ساتھ شہرسرینگر اوروادی کے مختلف علاقوں سے حضرتبل پہنچنے والی نجی اورمسافربردار گاڑیوں کیلئے نیا روٹ پلان مرتب کیا ،جسکے تحت گاڑیوں کی آواجاہی کیلئے الگ الگ روٹ مقررکئے گئے ۔