کٹھوعہ//لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے یہاں لکھن پور فیسلی ٹیشن سنٹر میں درماندہ مسافروں کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران اُن کے ہمراہ ڈو یژنل کمشنر جموں ، ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ ، سٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگرہ اور دیگر افسران تھے ۔ کمشنر سیکرٹری جل شکتی محکمہ اجیت ساہو جو کہ نوڈل افسر بھی ہیں ، نے مشیر کو بتایا کہ لکھن پور فیسلی ٹیشن سنٹر ملک کے دیگر حصوں سے آ نے والوں کی سہولت کیلئے 24 گھنٹے کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمبو لینسوں اور فوج اور نیم فوجی دستوں کے جوانوں اور لازمی خدمات کیلئے ایک خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مشیر خان نے کہا کہ یو ٹی میں داخل ہونے والے جموں کشمیرکے ٹرک ڈرائیوروں کی ٹیسٹنگ کا ریکارڈ رکھنے کیلئے ایک منظم لایحہ عمل مرتب کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے ڈی سی کٹھوعہ اور سی ایم او کو اُن تمام افراد جنہوں نے 14 دن کورنٹین کی مدت مکمل کی ہے کیلئے ایڈوائیزری جاری کرنے کی ہدایت دی ہے کہ وہ مزید کچھ دن اپنے گھروں کے اندر ہی کورنٹین میں رہیں ۔ اس موقعہ پر ڈی سی کٹھوعہ نے انہیں بتایا کہ تمام مسافر بشمول باقاعدہ طور داخل ہونے والوں کا طبی معائینہ کیا جا رہا ہے اُس کے بعد ہی انہیں اپنے اضلاع تک سفر کرنے کی اجازت دی جاتی ہے جہاں انہیں حکومت کی جانب سے حال ہی میں جاری رہنما خطوط کے تحت انتظامی کورنٹین میں رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لکھن پور میں 24 گھنٹے کام کرنے والا کنٹرول روم اشیائے ضروریہ اور دیگر عام استعمال کی چیزیں لانے والے ٹرکوں اور مریضوں کو لانے والی ایمبو لینسوں کی سہولت کیلئے قائم کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل فاروق خان نے 300 افراد کیلئے اقامتی صلاحیت والی سرائے کا بھی افتتاح کیا ۔ بعد مشیر خان نے کالی باڑی کٹھوعہ اور برنوٹی کورنٹین مراکز کا بھی دورہ کیا اور وہاں رہ رہے افراد سے تبادلہ خیال کیا ۔ کورنٹین میں رہ رہے کشمیریوں سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد مشیر نے حکام کو اُن کیلئے سحری اور افطار کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی ۔ کورنٹین میں رہ رہے لوگوں نے مشیر سے درخواست کی کہ انہیں اُن کے آبائی اضلاع میں منتقل کیا جائے ۔