سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے آج یہاں بخشی سٹیڈیم کا دورہ کر کے وہاں جاری کئی ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا۔ سٹیڈیم میں نیشنل پروجیکٹ کنسٹرکشن کارپوریشن لمٹیڈ نے 40.85 کروڑ روپے کی لاگت سے بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش اور اَپ گریڈیشن کے کام انجام دے رہی ہے۔مشیر موصوف نے عمل آوری ایجنسی پر زور دیا کہ وہ افرادی قوت کے علاوہ ڈبل شفٹوں میں اس منصوبے پر کام کی رفتار سرعت لائے تاکہ یہ مقررہ مدت کے اندر مکمل ہوجائے۔مشیر فاروق خان نے متعلقہ انجینئروں کو ہدایت دی کہ سٹیڈیم میں مناسب اندراج اور خارجی راستے بنانے کے علاوہ سٹیڈیم کے آس پاس نکاسی آب کا مناسب نظام بنایا جائے۔مشیر موصوف نے سپورٹس کونسل کے حکام سے کہا کہ وہ کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدگی سے پیش رفت کی نگرانی کریں اور اس سلسلے میں ہفتہ وار پیش رفت رِپورٹ پیش کریں۔اِس موقعہ پر این پی سی سی کے انجینئروں نے مشیر فاروق خان کو چھ ایمنٹی بلاکوں ، گراؤنڈ ، مین پویلین سمیت دیگر کاموں کے بارے میں جانکاری دی۔بعد میں مشیر خان نے شیر کشمیر اِنڈور سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا اور وہاں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔یہ کام این پی سی سی 14.6 کروڑ روپے کی لاگت انجام دے رہا ہے۔مشیر نے تزئین و آرائش کے کاموں اور سٹیڈیم کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا۔ ان کاموں میں ہیٹنگ اور لائیٹنگ کے انتظامات ، نشستوں کے انتظامات ، وی آئی پی گیلی ، فلورنگ ، بکسنگ رِنگ ، باسکٹ کورٹس اور واش روموں کے بلاک شامل ہیں۔اِس موقعہ پر مشیرفاروق خان نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ تمام تعمیراتی اور تزئین و آرائش کے کام سٹیٹ آف دی آرٹ کے مطابق انجام دیئے جائیں۔ اس کے علاوہ کھیلوں کو شروع کرنے والوں ، پریکٹس کرنے والے کھلاڑیوں اور مسابقتی تقاریب کی ضرورت کے مطابق تمام بنیادی سہولیات کو بھی یقینی بنائیں۔