جموں//لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کھیلو انڈیا پروگرام اور انٹر نیشنل ہمالین سنو ریس کے تحت سرمائی کھیلوں کے دوسرے باب کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائیزہ لیا ۔ قومی سطح کا یہ پروگرام 11 فروری سے شروع ہو کر 16 فروری کو گلمرگ میں اختتام پذیر ہو گا ۔ اے ڈی جی پی سیکورٹی ، اے ڈی جی پی ٹریفک ، سیکرٹری سیاحت ، امور نوجوان و کھیل کود ، ڈی جی یوتھ سروسز و سپورٹس ، سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل ، ایم ڈی جے کے ایس آر ٹی سی ، جوائینٹ ڈائریکٹر محکمہ تواضع میٹنگ میں از خود موجود تھے جبکہ صوبائی کمشنر کشمیر ، ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ، سرمائی کھیلوں کے انجمنوں کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران نے میٹنگ میں بذریعہ ویڈیو کانفرنس شرکت کی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے مختلف حصوں سے قریباً ایک ہزار کھلاڑی سرمائی کھیلوں میں شرکت کریں گے جن میں سنو سکئینگ ، سنو بورڈنگ ، کراس کنٹری ، سنو شو ، سنو سائیکلنگ اور دیگر کھیلوں میں حصہ لیں گے ۔ کھلاڑیوں اور دیگر متعلقین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے میٹنگ میں مفصل غور و خوض ہوا ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ گلمرگ دُنیا اور ملک کی بہترین سکئینگ منزل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمائی کھیلوں کا گذشتہ باب ایک بڑی کامیابی تھا اور تمام متعلقہ محکموں کو اپنے عملے اور مشنری کو متحرک کر کے کھلاڑیوں ، وی آئی پیز اور معاون عملے کو بہترین سہولیات فراہم رکھنے کیلئے کہا ۔ کھلاڑیوں اور باہر سے آنے والے دیگر متعلقہ عملے کیلئے بلا رکاوٹ ٹرانسپورٹ سہولت بہم رکھنے کیلئے مشیر نے اے ڈی جی پی ٹریفک کو کھلاڑیوں کو لانے والی گاڑیوں کی ہموار نقل و حمل کرنے کیلئے لازمی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اے ڈی جی پی سیکورٹی کو کھلاڑیوں کیلئے حفاظتی انتظامات کرنے اور امن عامہ کی صورتحال قائم رکھنے کیلئے کہا ۔ کھلاڑیوں ، وی آئی پیز ، تکنیکی عملے اور دیگر معاون ملازمین کیلئے بہتر رہایشی سہولیات کیلئے مشیر نے محکمہ سیاحت جے کے سپورٹس کونسل ، جے کے ٹی ڈی سی اور انٹر گیمز ایسوسی ایشن کو بروقت معقول انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ کھلاڑیوں اور دیگر متعلقین کیلئے کووڈ ٹیسٹ سہولت کے قیام سے متعلق میٹنگ میں ایک اہم فیصلہ لیا گیا جس کے تحت یو ٹی میں باہر سے آنے والے کھلاڑی اور دیگر معاون عملہ اپنے کووڈ منفی ٹیسٹ رپورٹ پیش کریں گے اس کے ساتھ ہی جموں سرینگر اور ٹنگمرگ میں تین کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے جہاں کووڈ 19 ٹیسٹ کئے جائیں گے ۔ متعلقہ محکموں اور انجمن کی کاوشوںکو سراہتے ہوئے مشیر نے تمام متعلقین کو اس قومی تقریب میں عملی طور شرکت کر کے اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے کہا ۔