عظمیٰ نیوز سروس
کولگام//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے ضلع کولگام کے علاقے نہامہ کا دورہ کیا اور مقامی باشندوں اور دیگر ملحقہ علاقوں کی شکایات ، مسائل اور مطالبات سننے کیلئے میگا عوامی دربار منعقد کیا ۔عوامی دربار کے دوران مقامی لوگوں نے صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے ، سڑک کے رابطے ، پینے کے پانی کی فراہمی ، بجلی ، تعلیمی سہولیات ، سماجی بہبود کی اسکیموں ، آبپاشی ، روز گار کے مواقع اور کئی دیگر ترقیاتی اقدامات سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا ۔انہوں نے پی ایچ سی نہامہ کی اپ گریڈیشن ، سکولوں کی اپ گریڈیشن ، تحصیل کے قیام ، مختلف سڑکوں کی میکڈمائیزیشن ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں اضافہ ، بازار میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور دیگر عوامی فلاح و بہبود کے مسائل کا بھی مطالبہ کیا ۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کے تمام خطوں بالخصوص دیہی اور دور دراز علاقوں کی مساوی اور جامع ترقی کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا ” موجودہ حکومت عوامی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے کہ فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کے فوائد جموں و کشمیر کے ہر مستحق گھرانے تک پہنچیں ‘‘۔وزیر نے مزید کہا کہ حکومت صحت کی دیکھ بھال کے شعبے کو تمام علاقوں بالخصوص دیہی علاقوں میں مسلسل مضبوط کر رہی ہے تا کہ لوگوں کیلئے بہتر طبی سہولیات اور صحت کی دیکھ بھال کی بہتر خدمات کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے بھی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں تا کہ رابطے اور عوامی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے ۔وزیر موصوفہ نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے اٹھائے گئے تمام حقیقی مسائل اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے مختلف شکایات اور عوامی مسائل کے حل کیلئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات بھی دیں ۔