سرینگر //بانہال سے بارہمولہ تک چلنے والی ریل سروس قریب ایک سال سے بند رہنے کے باعث مسافروںمیں غم وغصہ کی لہر پائی جا رہی ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ریل خدمات کو دو بارہ جلد از جلد بحال کیا جائے ۔ ادھر محکمہ ریلوئے کا کہنا ہے کہ جموںکشمیر سرکار کی جانب سے ایس او پیز جاری کرنے کے بعد ہی ریل سروس کو دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق بانہال سے بارہمولہ تک چلنے والی ریل سروس گزشتہ سال ماہ مارچ سے بند پڑی ہوئی ہے اور ابھی تک اس کو دوبارہ بحال نہیںکیا گیا ہے ۔ گزشتہ سال ماہ مارچ میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے بعد ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میںبھی لاک ڈائون نافذ کیا گیا تھا جس کے ساتھ ہی تمام تجارتی و کاروباری سرگرمیاں بند ہوئی جبکہ ٹرانسپورٹ بھی کئی ماہ تک بند ہونے کے ساتھ ساتھ ریل سروس بھی احتیاط کے طور بند کر دی گئی ۔ اگرچہ بعد میں کورونا وائرس کے کیسوں میںکمی آنے کے بعد تمام سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوئیں جبکہ ٹرانسپورٹ بھی سڑکوںپر لوٹ آیا تاہم ریل خدمات کو ابھی تک بحال نہیں کیاگیا اور ایک سال قریب ہونے کو آیا او ر ابھی تک بانہال سے بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ریل خدمات کی بحالی کے کوئی امکان نظر نہیں آتے ہیںجس کے نتیجے میں مسافروں میں شدید غم و غصہ پایاجاتا ہے ۔ مسافروںکا کہناہے کہ ریل خدمات سے ایک تو ان کا سفر آسان ہو گیا تھا جبکہ ساتھ ہی کم کرایہ میںوہ وقت پر اپنی منزلوں کو پہنچتے تھے اور بنا ٹریفک جام کے ان کو کافی آسائش ہو تی تھیں تاہم ریل خدما ت گزشتہ ایک سال سے بند رہنے کے باعث ان کو کافی پریشانیوںکا سامنا ہے اور انہیںاپنی مقررہ منزلوں پر ایک تو پہنچے میںکافی دیر ہو جاتی ہے جبکہ اس کے علاوہ اضافی کرایہ بھی ان کیلئے درد سر بن چکا ہے ۔ انہوںنے جموں کشمیر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب جموںکشمیر میں تمام شعبوں کو دوبارہ بحال کیا جا چکا ہے اور اب کن وجوہات کی بنا پر ریل سروس کو بند رکھا گیا ہے اور مطالبہ کیا کہ ریل سروس کو جلد از جلد بحال کیا جائے ۔ ادھر ریلوئے حکام کا کہنا ہے کہ ریل خدمات کی بحالی کیلئے کوششیںکی جارہی ہیں ۔ محکمہ ریلوئے کے ایک سنیئر آفیسر نے بتایا کہ بانہال سے بارہمولہ تک ریل خدمات کی دوبارہ بحالی کیلئے انتظامیہ سے صلاح مشورہ جاری ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی اس سروس کو بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریل سروس کی بحالی کیلئے کورونا ایس او پیز لازمی ہے اور جیسے ہی جموں کشمیر سرکار کی جانب سے ایس او پیز کو واضح کر دیا جائے گا تو ریل خدمات کو دوبارہ سے بحال کرنے میںکوئی دیر نہیںہو گی ۔