یو این آئی
نئی دہلی//جون کے مہینے میں مسافر گاڑیوں کی گھریلو تھوک فروخت 24.1 فیصد بڑھ کر 3,88,144 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کی تنظیم ‘سیام’ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ رپورٹ میں یہ اعداد و شمار بتائے گئے ہیں۔ ان اعداد و شمار میں بی ایم ڈبلیو، مرسڈیز، جے ایل آر اور وولوو آٹو کے ڈیٹا شامل نہیں ہیں۔دوسری طرف، دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت 18.6 فیصد بڑھ کر 18,51,400 یونٹس تک پہنچ گئی۔ ان میں اسکوٹر، موٹر سائیکل اور موپیڈ شامل ہیں۔سکوٹروں کی فروخت 7,44,823 یونٹس اور موٹر سائیکلوں کی فروخت 10,56,422 یونٹس رہی۔
یہ گزشتہ سال جون کے مقابلے میں بالترتیب 39.1 فیصد اور 6.4 فیصد زیادہ ہے۔ موپیڈ کی فروخت 50.4 فیصد اضافے کے ساتھ 50,155 یونٹس رہی۔جون میں تین پہیہ گاڑیوں کی فروخت میں بھی 26.1 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا اور یہ 77,951 یونٹس تک پہنچ گئی۔ اس میں مسافروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والے تھری وہیلرز کی فروخت 25 فیصد بڑھ کر 64,181 یونٹس اور مال برداری کے کام آنے والے تھری وہیلرز کی فروخت 29.4 فیصد اضافے کے ساتھ 11,828 یونٹس تک پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق جون میں 1,590 ای-رکشہ اور 352 ای-کارٹ فروخت ہوئے، جن میں بالترتیب 52.4 فیصد اور 19.7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اپریل سے جون کے دوران مسافر گاڑیوں کی تھوک فروخت 25.9 فیصد بڑھ کر 12,73,811 یونٹس تک پہنچ گئی۔ یہ کسی بھی سال کی پہلی سہ ماہی کی اب تک کی ریکارڈ سطح ہے۔ مسافر گاڑیوں میں کار، یوٹیلیٹی گاڑیاں اور وین شامل ہیں۔اس دوران یوٹیلیٹی گاڑیوں کی فروخت میں 28.6 فیصد اور کاروں کی فروخت میں 21.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔ شرحِ نمو میں اس فرق کی وجہ سے موجودہ سہ ماہی میں مسافر گاڑیوں کے بازار میں یوٹیلیٹی گاڑیوں کا حصہ بڑھ کر تقریبا 68 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔