بدھل میں خاتون کی مشکوک موت
محمد بشارت
راجوری // راجوری ضلع کے بدھل علاقہ میں ایک خاتون کی مشکوک حالت میں موت واقعہ ہ گئی جسکے بعد پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔خاتون کی شناخت 35سالہ پروین اختر زوجہ محمد مشتاق سکنہ گائوں گھبر کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ خاتون کی گھر میں حالت خراب ہونے کی وجہ سے اس کو ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا تاہم پیر اور منگل کی درمیانی شب اس کی ہسپتال میں موت واقعہ ہو گئی ۔پولیس نے بتایا کہ خاتون کی لاش کو کنڈی کمیونٹی ہیلتھ سنٹر منتقل کیا گیا ہے جہاں پر دیگر قانونی لورزامات مکمل کر کے اس سلسلہ میں ایک کیس بھی درج کرلیا گیا ہے ۔
کوٹرنکہ میں اے ٹی ایم مشین خراب | مشکل وقت میں صارفین کو دقتوں کا سامنا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ میں جموں وکشمیر بینک حکام کی جانب سے نصب کر دہ اے ٹی ایم مشین گزشتہ کئی روز سے بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ صارفین کو کووڈ کے وقت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔صارفین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بینک حکام کی جانب سے اے ٹی ایم کو چلانے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ کئی دنوں سے مشین بند ہے جبکہ بینک شاخ کیساتھ ساتھ کووڈ کے پھیلائو کو روکنے کیلئے انتظامیہ نے دیگر سرگرمیاں بھی بند رکھی ہیں تاہم اے ٹی ایم بند ہونے کی وجہ سے لوگ اپنی ضرورتیں بھی پوری نہیں کر پارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ جہاں سب ڈویژن میں راشن ودیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں وہائیں بنیادی ضرورت پوری کرنے کیلئے لوگوں کے پاس پیسے بھی ختم ہو رہے ہیں ۔صارفین نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اے ٹی ایم مشینوں کو جلداز جلد فعال بنایا جائے تاکہ اس مشکل وقت میں لوگ بینکوں کے کھلنے کا انتظار نہ کریں ۔
ڈاکٹر جتیندر کے استعفیٰ کی مانگ
راجوری //انڈین یوتھ کانگریس نے مرکزی وزیر پر مبینہ طورپر رشوت کے الزمات سامنے آنے کے بعد مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے ۔انڈین یوتھ کانگریس کے قومی ترجمان افتخار احمد نے راجوری میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ بھاجپا کے سنیئر لیڈر اور سابقہ ایم ایل سی وکرم رندھائو کی جانب سے ایم او ایس ڈاکٹر جتیندر پر مبینہ طورپر الزامات عائد کئے گئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ سابقہ ایم ایل سی کی جانب سے موصوف پر آفیسران کیساتھ مل کر رشوت کو فروغ دینے جیسے الزامات لگائے گئے ہیں جو کہ ایک تشویش ناک عمل ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ سچائی کو سامنے لایا جاسکے ۔اس موقعہ پر مشتاق احمد کانگریس سیوا دل کے سیکریٹری اور انچارج راجوری پونچھ ،شاہنواز خاکی ودیگران بھی موجود تھے ۔
ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے جائزہ میٹنگ منعقد کی
راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے آفیسران کا ایک اجلا س منعقد کر کے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری شیر سنگھ ،سنیئر پی او شاہین احمد خان ،شاہد مصطفیٰ،رکسار احمد سی پی او ڈی ڈی پی محمد رفیق ،ودیگرآفیسران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر چیف پراسیکیوشن آفیسرنے محکمہ سے متعلقہ تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس دوران ہر ایک کیس کا تفصیلی جائزہ لیا ۔بیداری مہم کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے آفیسران نے کہاکہ اس سلسلہ میں کئی ایک پراگرام منعقد کئے جارہے ہیں ۔ان پروگراموں کے دوران جوئنائل جسٹس ایکٹ کے سلسلہ میں عوام کو بیدار کیا جارہا ہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہاکہ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے لاگو قوانین کے سلسلہ میں عوام کو مکمل اور تفصیلی جانکاری فراہم کرنے کیلئے آپسی اشتراک سے کام کیا جائے ۔
منیال اور عظمت آباد کے مکین انتظامیہ سے نالاں | لوگوں نے پی ایم جی ایس وائی محکمہ کیخلاف احتجاج کیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے منیال اور عظمت آباد کے مکینوں نے منیال تا درہ روڈ کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ عمل کیلئے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے خلاف سخت احتجاج کیا۔مظاہرین نے کووڈ قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے محکمہ کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور کہا کہ در حقیقت منیال تا درہ روڈ کاابتدائی پوائنٹ منڈا موڑ منیال سے ہے لیکن محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے بنا صفر پوائنٹ لئے روڈ کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ مغلیہ موڑ تا جامع مسجد عظمت آباد (معجزہ شریف) ایک روڈ پہلے سے تعمیر ہوئی ہے جس پر ابھی تک بلیک ٹاپنگ ہونا باقی ہے یہ روڈ لوگوں نے اپنا ذاتی رقبہ دے کر تعمیر کروائی تھی جس کا نہ تو ابھی تک معاوضہ ملا ہے اور ہی یہ روڈ بھاری بھرکم ٹریفک کے قابل ہے لوگوں کا کہنا تھا کے روڈ سے ہمارے مکانوں اور قبرستان کو سخت خطرہ لاحق ہے۔لوگوں نے مزید کہا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی اسی روڈ کو زیرو پوائنٹ کے طور پر استعمال کر کے چپی سادھے ہوئے ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ مظاہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر محکمہ مذکور نے منڈا موڑ منہال سے زیرو پوائنٹ کی تعمیر نہ کی تو وہ اس روڈ کا مکمل ٹریفک جام کر کے بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے جس کی ساری ذمہ داری انتظامیہ اور محکمہ پی ایم جی ایس وائی پر عائد ہوگی۔بعد ازاں تحصیل انتظامیہ کی یقین دہانی پر لوگوں نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔
اکیس رمضان ’یوم شہادت امیر المومنین‘ | پونچھ میں کووڈ کی وجہ سے کوئی بھی اجتماع منعقد نہیںکیا گیا
حسین محتشم
پونچھ//رمضان کے بابرکت ایام بڑی تیزی کے ساتھ گزر رہے ہیں ، یہ رمضان المبارک کا تیسرا اور آخری عشرہ ہے، شب قدر اسی عشرے میں ہے۔اکیس رمضان المبار جو کہ یوم شہادت امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی مناسبت بھی رکھتی ہے اس کی شب کو بھی شب قدر کے طور منایا جاتا ہے۔سرحدی ضلع پونچھ میں ہر سال اس شب کو مجالس عزا اور جلوس عزا کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے لیکن اس بار کوڈ 19کی وجہ سے احتیاطی طور پر کسی طرح کا کوئی اجتماع منعقد نہیں کیا گیا ۔اگر چہ اس دوران عقیدتمندوں نے اپنے اپنے گھروں میں ہی اپنے اہل خانہ کے ساتھ نوحہ وماتم کر کے اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے امام جمع وجماعت علی جامع مسجد پونچھ مولانا ظہور علی نقوی نے کہا کہ خوش بخت ہیں وہ لوگ جنکو اس رمضان کی فیوض و برکات سے دامن و دل بھرنے کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہااس مبارک مہینے کے آخری دنوں اور آخری لمحات کو ضائع نہ کریں اور اپنے خالق و مالک سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کریں اور اپنی اور اپنے چاہنے اور نہ چاہنے والوں کی مغفرت کی بھیک مانگیں۔انہوں نے کہا کہ یہ آخری دن دوزخ سے نجات کے ہیں جن میں نجات مانگنے والوں کو آتشِ دوزخ سے نجات ملتی ہے لیکن 19 سے 21 رمضان کی ایک اہمیت یہ بھی ہے کہ یہ تین دن مولائے کائنات علی ابن ابی طالب کی شہادت سے موسوم ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام رسول اکرم (ص) کے بعد پہلی شخصیت ہیں جن کو تاریخ اسلام تقویٰ ، ایمان ،اخلاق ، شجاعت ،علم اور انصاف کے مظہر کی حیثیت سے یاد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام ہر مرحلے ہیں رسول اکرم (ص) کے سچے وفادار اور یارو مددگار رہے اور آپ (ص) کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔یہاں تک کہ رسول اکرم (ص) کی جان اور دین اسلام کی حفاظت کی خاطر بارہا اپنی جان کو خطرے میں ڈالا۔انہون نے بتایا کہ ماہ رمضان 40ہجری کو صبح کے وقت خدا کے گھر یعنی مسجد میںسال کے سب سے بہترین مہینہ رمضان اور رمضان کہ بہترین دن جمعہ اور جمعہ کابہترین وقت فجر اور فجرکا بہترین عمل نماز اور نماز کی بہترین حالت سجدہ کی حالت میں ایک معلون نے زہر آلودہ تلوار سے حضرت علی علیہ سلام کے سر اقدس پر پشت سے وار کیا ۔انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنے قاتل پر بھی رحم کیا اور اپنے دونوں فرزندوں امام حسن علیہ السّلام وامام حسین علیہ السّلام کو ہدایت فرمائی کہ یہ تمھارا قیدی ہے اس کے ساتھ کوئی سختی نہ کرنا جو کچھ خود کھانا وہ اسے کھلانا،اگر میں اچھا ہوگیا تو مجھے اختیار ہے میں چاہوں گا تو سزا دوں گا اور چاہوں گا تو معاف کردوں گا اور اگر میں دنیا میں نہ رہا اور تم نے اس سے انتقام لینا چاہا تو اسے ایک ہی ضربت لگانا ، کیونکہ اس نے مجھے ایک ہی ضربت لگائی ہے اور ہر گز اس کے ہاتھ ، پاٗوں وغیرہ قطع نہ کیے جائیں,اس لیے کہ یہ تعلیم اسلام کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ دو روز تک علی علیہ السّلام بستر بیماری پر انتہائی کرب اور تکلیف کے ساتھ رہے اخر کار زہر کا اثر جسم میں پھیل گیا اور21رمضان کو نمازِ صبح کے وقت آپ کی شہادت واقع ہوئی. امام حسن علیہ السّلام وامام حسین علیہ السّلام نے تجہیزو تکفین کی اور نجف کی سرزمین میں انسانیت کے عظیم تاجدار کو ہمیشہ کے لیے سپرد خاک کردیا۔
پرائمری ہیلتھ سنٹر مکڑی کی عمارت 7برسوں سے تشنہ تکمیل
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی علا قہ مکڑی میں گزشتہ 7برسوں سے پرائمری ہیلتھ سنٹر کی عمارت کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے سرحدی علاقہ میں عوام کو معیاری طبی سہولیات ہی میسر نہیں ہیںمتعلقہ محکمہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے حد متارکہ کے قریب آباد 12دیہات کی24ہزار کے لگ بھگ آبادی کو طبی سہولیات کے فقدان کا سامنا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکام کی نا اہلی کی وجہ سے سرحدی علا قہ میں صحت شعبہ کا بنیادی ڈھانچہ ہی معیاری نہیں بنایا جاسکا جبکہ مذکورہ علا قوں میں رہائش پذیر لوگوں کو کسی بھی مشکل وقت میں کئی کلو میٹر کی دوری پر قائم کردہ مراکز میں طبی سہولیات کیلئے جانا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مکڑی گائوں میں پرائمری ہیلتھ سنٹر کی تعمیر کو منظوری 2010میں دی گئی تھی جبکہ اس کی تعمیر کا کام 2013میں محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے شروع کی گئی تھی تاہم متعلقہ ٹھیکیدار نے کام شروع کر نے کے بعد اس کو مکمل ہی نہیں کیا ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے ٹھیکیدار نے نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر کام یوں ہی چھوڑ دیا تاہم متعلقہ محکمہ کے کئی بار رجوع کرنے کے بعد بھی عمارت کی تعمیر دوبارہ سے شروع ہی نہیں کی جاسکی ۔غور طلب ہے کہ سرحدی علا قوں میں انتظامیہ کی جانب سے معیاری سہولیات میسر نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے پہلے سے ہی لوگ قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مکڑی پرائمری ہیلتھ سنٹر کی عمارت کو جلدازجلد مکمل کیاجائے تاکہ ان کو علاقہ میں ہی طبی سہولیات میسر ہو سکیں ۔
مڈل سکول رانی بڈیسر 37برسوں سے درجہ بڑھانے کا منتظر
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کا گور نمنٹ مڈل سکول رانی بڈیسر گزشتہ 37برسوں سے درجہ برھا کر ہائی سکول بنائے جانے کا منتظر ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے اختیار کی گئی عدم توجہی کی وجہ سے علاقہ میں آباد گوجر بکروال طبقہ کے بیشتر بچے ہائی سکول اور ہا ئر سکینڈری سطح کی تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہو جاتے ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ قلعہ درہال تحصیل کی رانی بڈیسرپنچایت میں لگ بھگ سو فیصد آبادی گوجر بکروال طبقہ کی ہے تاہم علاقہ میں کوئی بھی ہائی سکول قائم نہیں کیا جاسکا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس وقت گور نمنٹ مڈل سکول میں بچوں کی کل تعداد 476ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے 37برس قبل سکول کا درجہ بڑھا کر پرائمری سے مڈل کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ گائوں کو مکمل طورپر نظر اندازکیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ سکول میں سب سے زیادہ تعدا د جموں وکشمیر کے پسماندہ طبقہ کے بچوں کی ہے ۔این سی لیڈر اور سابقہ سرپنچ فیروز خان نے بتایا کہ سکول کا درجہ بڑھانے کیلئے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا گیا لیکن انتظامیہ کی یقین دہانیوں کے باوجود بھی سکول کا درجہ نہیں بڑھایا گیا جس کی وجہ سے غریب کنبوں کے کئی بچے بالخصوص لڑکیاں مڈل سکو ل کے بعد تعلیم چھوڑنے پر مجبو ر ہو جاتی ہیں ۔مقامی خاتون سرپنچ نے بتایا کہ علاقہ میں کوئی بھی ہائی سکول موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے علاقہ کے بچوں کیلئے انتہائی پیچیدہ صورتحال پیدا ہو جاتی ہے ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مڈل سکول رانی بڈسیر کا جلدازجلد درجہ بڑھایا جائے تاکہ بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں ۔