یوگا کے عالمی دن پرمبارکباد
جموں//لیفٹینٹ گورنرمنوج سنہا نے جموں کشمیر کے عوام کو یوگا کے عالمی دن پرمبارکباد دی ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یوگاکی مشق کرنے سے ہماری صحت ،ذہن،اورروح کو فائدہ پہنچتا ہے۔اس سے ہم چست اور تنائو سے پاک رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوگا ہم ہزاروں سال سے کررہے ہیں اور یہ ہماراتقافتی فخر ہے۔لیفٹینٹ گورنر نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ یوگا کواپنائیں کیوں کہ اس سے ہم جذباتی اورروحانی طور اچھامحسوس کرتے ہیں۔منوج سنہا نے کہا کہ یوگا کی وجہ سے صحت کے شعبے میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور تمام متعلقین کو اس کی پہنچ اور رسائی میں اضافہ کرنے کیلئے کام کرنا چاہیے۔
مشیر بھٹناگر کا دورہ اوڑیؔ کام کا دورانیہ کم ہونے کی بناء پر ترقیاتی کاموں میں سرعت لائی جائے
سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اوڑی بارہمولہ کا دورہ کیا اور ضلع میں مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور صحت سہولیات کا ایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔مشیر موصوف کے ہمراہ ڈی ڈی سی ممبر بونیا ر ، ایڈیشنل ڈی سی بارہمولہ ، بی ڈی سی پارن پلن ، بی ڈی سی نور کھا ، بی ایم او اوڑی ، تحصیلدار اوڑی ، اے اِی اِی جل شکتی ایس ڈی پی او اور متعدد محکموں کے دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔دورانِ میٹنگ مشیر موصوف نے اَپنے خیالا ت کا اِظہار کرتے ہوئے عمل درآمد کرانے والے اِداروں کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ علاقے میں تمام ترقیاتی منصوبوں کے کام کی رفتار میں سرعت لائیں اور مقررہ مدت کے اَندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ان ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر اور بروقت تکمیل کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو تیار رکھیں کیوں کہ موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے اِس علاقے میں کام کادورانیہ کم ہے ۔مشیر بھٹناگر نے سینئر اَفسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں دستیاب ہوں اور بین شعبی ہم آہنگی کو تقویت دیں تاکہ طبعی اہداف کو پورا کیا جاسکے ۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ عوامی خدمت کی فراہمی کو بہتر بنائیں تاکہ عوام کو ہرسطح پر سہولیت فراہم کی جاسکے۔راجیو رائے بھٹناگر نے کووِڈ کنٹرول اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اِس علاقے میں ٹیکہ کاری مہم کی رفتار میں تیزی لائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ آبادی کو کم وقت میں ٹیکہ لگایا جاسکے۔مشیر موصوف نے ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی کے ممبران اور دیگر مقامی لوگوںکے ساتھ بات چیت کی جنہوں نے مشیر موصوف کو متعدد ترقیاتی اَمور سے گوش گزار کیا ۔مشیر بھٹناگر نے انہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائزہ معاملات ترجیحی بنیاد پر حل کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے انہیں یقین دِلایا کہ اس علاقے میں پانی فراہمی جل جیون مشن کے تحت مکمل کی جائے گی ۔مشیر موصوف نے اَفسران کو ہدایت دی کہ عوامی شکایتی اَزالہ نظام کے موثر طریقہ کار کو مستحکم یقینی بنایا جائے۔
عیدگاہ گزربل میں دوران شب ٹاٹاموبائل کی چوری
سرینگر//ارشاداحمد//عیدگاہ سرینگرمیں نامعلوم چوروں نے دوران شب ایک ٹاٹاموبائل گاڑی اُڑالی۔گزربل پالہ پورہ عیدگاہ میں سڑک کنارے کھڑی کی گئی،مشتاق احمدراتھرکی ملکیت ٹاٹاموبائیل زیرنمبرJK02AJ-7430 دوران شب نامعلوم چوروں نے اُڑالی۔گاڑی کے چوری ہوجانے کی رپورٹ پولیس میں درج کرائی گئی ہے۔پچھلے تین روز کے دوران شہر سرینگر میں یہ تیسری گاڑی ہے ،جو چوروں نے اڑا لی۔گاڑی چوری کی بڑھتی وارداتوں سے عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گاڑی چوری میں ملوث افراد کو بے نقاب کرکے عوام کو راحت دلائیں۔
کووِڈ سے بچائوکی گائیڈ لائنزؔ | خلاف ورزی کرنے والوں سے جرمانہ وصول
سرینگر//کوروناوائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے جاری رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے پرپولیس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11افراد کو گرفتارکرکے دو کیس رجسٹر کئے جبکہ وادی بھرمیں 5283افراد سے آٹھ لاکھ اکتالیس ہزارسات سونوے روپیہ جرمانہ وصول کیاگیا۔کووِڈ رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی مہم جاری رہے گی۔پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ کووِڈ 19- بیماری کو پھیلنے سے روکنے کیلئے حکومت کی طرف سے جاری کی گئی گائیڈ لائنز پرسختی کے ساتھ عمل کریں
ناظم صحت کاپہلگام دورہ | ممکنہ امرناتھ یاتراکیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا
سرینگر ///امرناتھ یاترا کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے اتور کو پہلگام میں یاترا بیس کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔دورہ کا مقصد ممکنہ مرناتھ یاترا کیلئے محکمہ صحت کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا تھا ۔محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے پہلگام بیس کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں میٹنگ میں انتظامات کو حتمی شکل دی ۔ میتنگ میں ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر اننت ناگ ، بی ایم او سلر اور میڈیکل آفیسر پہلگام بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے پہلگام میں اسپتال منتغظمین کو اسپتال میں جراحیوں کے آغاز کے علاوہ اسپتال کی مرمت ترجیحاتی بنیادوں پر کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سٹور کا بھی جائزہ لیا اور وہاں یاترا کیلئے دستیاب بنیادی ڈھانچہ کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے تمام خامیوں کو جلد سے جلد پورا کرنے کی ہدایت دی اور ضروری سامان کو بھی یاترا سے قبل خریدنے کی ہدایت دی۔ ڈاکٹر مشتاق نے این ٹی پی ایچ سی پہلگام میں اور چندواڑی میں 6بستروں پر مشتمل کویڈ اسپتال بھی اٹھانے کا فیصلہ لیا ہے۔ ڈائریکٹر نے چندواڑی بیس کیمپ کا بھی دورہ کیا اور وہاں بھی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کویڈ سہولیات کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے چند واڑی اور پہلگام بیس کیمپ میں اضافہ عملہ کے علاوہ کورونا ویسکین لگانے کلیء بھی اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی۔
دہلی مذاکرات ،پینتھرس پارٹی بھاجپا پر برہم
میٹنگ میں مدعو جموں کے لیڈران پر اعتماد نہیں: ہرش دیو سنگھ
نیوز ڈیسک
جموں // جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی نے اتوار کے روز مرکزی حکومت کی پالیسوں کے خلاف بی جے پی مخالف مظاہرہ کیا۔اس مظاہرے میں پارٹی ورکران اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔یہ مظاہرہ پارٹی آفس کے باہر ہرش دیو سنگھ کی قیادت میں کیا گیا ۔معلوم رہے کہ اگلے ہفتے وزیر اعظم کی صدارت میں ایک اجلاس دہلی میں منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں جموں وکشمیر کی آٹھ سیاسی جماعتوں کے چودہ رہنماؤںکو مدعو کیا گیا ہے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ 24 جون کو نئی دہلی میں مرکزی خطے کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔مدعو کئے جانے والوں میں چار سابق وزرائے اعلیٰ ہیںجن میں فاروق عبداللہ ، عمر عبداللہ ، کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد اور پی ڈی پی کے سربراہ محبوبہ مفتی کے علاوہ جے کے این پی پی کے بانی بھیم سنگھ بھی شامل ہیں ۔تاہم بھیم سنگھ نے کہا کہ وہ آج پارٹی قائدین سے اس دعوت پر تبادلہ خیال کرنے اور ان کی شرکت کے بارے میں فیصلہ لینے کیلئے ملاقات کر رہے ہیں۔جے کے این پی پی کے صدر نے بتایا ’’مجھے اجلاس کیلئے دعوت نامہ موصول ہوا ہے اور فیصلہ کرنے کیلئے آج پارٹی رہنماؤں سے اس پر تبادلہ خیال کروں گا۔‘‘تاہم جے کے این پی پی کے چیئرمین اور سابق وزیر ہرش دیو سنگھ کی سربراہی میں پارٹی کارکنوں کے ایک گروپ نے پارٹی کے ہیڈکوارٹر کے باہر بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا ۔ہرس دیو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرکزی حکومت نے تمام کشمیری جماعتوں کو اجلاس کیلئے مدعو کیا لیکن جموں کی قیادت کو نظرانداز کیا۔انہوں نے کہا کہ الطاف بخاری کی حال ہی میں شروع کی جانے والی اپنی پارٹی اور سجاد لون کی پیپلز کانفرنس جسے ابھی تک ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے تسلیم نہیں کیا ہے کو ہی یہ دعوت نامہ ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں سے جن لیڈران کو دعوت دی گئی ہے ،ان پر ہمیں اعتماد نہیں ہے اور وہ ان کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بھیم سنگھ پر اعتماد ہے لیکن اجلاس میں انھیں بولنے کیلئے کتنا وقت ملے گا‘۔دریں اثنا ، کشمیری مہاجر پنڈتوں کے نمائندے پنون کشمیر نے کہا کہ ان کی برادری کی شرکت کے بغیر کشمیر سے متعلق کوئی بھی اجلاس نامکمل ہوگا۔انہوں نے کہا کشمیری پنڈت کشمیر میں ہونے والے تشدد کے بنیادی شکار ہیں اور اس کے نتیجے میں ہمیں آل جماعتی اجلاس کا ایجنڈا جاننے کی ضرورت ہے۔
شیرکشمیرپ
ایس پی ایم آر کالج آف کامرس میں ’یوگا‘ تقریب کا اہتمام
جموں //گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس نے ساتویں بین الاقوامی یوم یوگا کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں این ایس ایس یونٹسز نے دو آن لائن لیکچرز اور مظاہرہ سیشنز کا انعقاد عمل میں لایا۔ پروگرام کا آغاز این ایس ایس کے پروگرام آفیسر پروفیسر عرفان علی اور خیرالنسااین ایس ایس رضاکارنے بڑی گرم جوشی سے استقبالیہ خطابات سے کیا۔مہمان خصوصی اور یوگا ماہرین سنیتا ورما گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کھروٹ اور یونیورسٹی آف جموں کے سنجیو کمارنے اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد پر کالج انتظامیہ کو مبارک پیش کی اور انہیں دعوت دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ سنیتا ورما نے پہلے یوگا سیشن کا آغاز مختصر لیکچر سے کیا جس کے بعد عملی یوگا سیشن صبح 7 بجے شروع ہوا۔ یوگا کے دوسرے سیشن کو صبح 10 بجے سنجیو کمار نے شروع کیا۔ یوگا کے ماہرین نے خاص طور پر طلبا کی جسمانی اور ذہنی صحت کیلئے یوگا کی اہمیت و افادیت کو پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یوگا کی مختلف شکلوں جیسے یوگا پروٹوکول ، کپال بھٹی ، سوریہ نمسکار ، چندر نمسکار وغیرہ کا مظاہرہ دکھایا۔ اس موقع پر کلسٹر یونیورسٹی جموں کی این ایس ایس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سندھیا بھاردواج نے بھی آخری سیشن میں شرکت کی اور طلبا کے درمیان قیمتی وقت گزارنے پر مہمانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
کولگام میںلاپتہ شخص بازیاب
سرینگر// کولگام میں پولیس نے ذہنی طور معذور شخص کو بازیاب کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جو 9 جون 2021 سے لاپتہ تھا ۔9جون کو یاری پورہ تھانہ کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی کہ ایک فیاض احمد لون ولد ثناء اللہ لون ساکن بدرو (ذہنی طور پرمعذور) لاپتہ ہے۔اس سلسلے میں یاری پورہ تھانہ میں ایک گمشدہ رپورٹ درج کی گئی اور اس کی تلاش شروع کردی گئی۔سخت کوششوں کے بعد لاپتہ شخص کا سراغ لگا لیا گیا اور تمام قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد مذخورہ شخص کو اپنے لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔
اننت ناگ اور بارہمولہ میں 18قمر بازگرفتار
سرینگر// پولیس نے اننت ناگ اور بارہمولہ اضلاع میں 18قمار بازوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے50750روپئے بر آمد کرلئے۔پولیس نے ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر اشاجی پورہ اننت ناگ میں قمار بازوں کے ایک اڈے پر چھاپہ مار کر چارافراد کو پکڑ لیااور دائو پر لگائی گئی رقم(2,950) اور تاش کے پتے ضبط کرلئے۔اس سلسلے میں اننت ناگ تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 288/2021درج کیا گیا۔اسی طرح بارہمولہ اور پٹن تھانوں نے چکلو بارہمولہ اور بلیہارن میرگنڈ میںقمار بازوںکے اڈوں پر چھاپہ مار کر 14 افراد کوگرفتار کرلیا۔ ان کے قبضے سے تاش کے پتے اور داؤ پر لگائی گئی رقم 47120 ضبط کرلی۔سی این آئی
منشیات مخالف مہم ,بارہمولہ میں2افراد گرفتار
سرینگر// پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔بارہمولہ تھانہ نے ڈی وائی ایس پی ہیڈکواٹر کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے اوشکورہ کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو روک لیا جس کی شناخت فردوس احمد پرے سا کن پرے محلہ سنگری کالونی کے نام سے ہوئی۔تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 200ٹرامڈول انجیکشن برآمدہوئے۔ اسے گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔اس سلسلے میںایک کیس درج کیا گیا۔سی این آئی
میر واعظ مولانا احمداللہ ہمدانی ؒ
کویوم وصال پر خراج عقیدت
سرینگر// ریاست کے سرکردہ عالم دین میر واعظ کشمیر مولانا احمد اللہ ہمدانیؒ کا یوم وصال عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اِس سلسلے میں سرینگر کے خانقاہ معلی میں کووڈ19کے پیش نظر ایک سادہ تقریب منعقد ہوئی۔نماز فجر پر امام حاجی غلام محمد ہمدانی نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی اور اجتماعی فاتحہ خوانی کے فرایض بھی انجام دئے۔ اِس موقعہ پر مرحوم کے مرقد پر گلباری بھی کی گئی۔ مرحوم کے حق میں صبح صادق سے ہی مختلف مساجد ، زیارتگاہوں اور خانقاہوں میں فاتحہ خوانی کی گئی۔ فاتح خوانی کی پیشوائی مولانا شوکت حسین کینگ اور مولانا مولوی خورشید احمد قانونگو نے انجام دی ۔ نمازِ ظہر کی پیشوائی بھی مولوی خورشید احمد قانونگو نے کی۔اس دوران انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو ، مولانا شوکت حسین کینگ، مولانا عبدالصمد خشو،مولانا عبدالحق اویسی نے کہا کہ مولانا مجاہد احمد اللہ ہمدانی نے ترویج اسلام میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مولانا ہمدانی کے یوم وصال پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عالم باعمل ، صاف گو، محب وطن اور مبلغ دین تھے۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال ،سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر ،چودھری محمد رمضان، پیرزادہ احمد شاہ، مبارک گل، شریف الدین شارق ،میاں الطاف احمد ، محمد سعید آخون، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے بھی مرحوم احمد اللہ ہمدانی کو اُن کے یوم وصال پر خراج عقیدت پیش کیا۔
سیاسی رہنماؤں کی رہائی جمہوریت کا استحکام
لائیگرو اور خورشید عالم کا سرتاج مدنی کی رہائی کا خیر مقدم
سرینگر//پی ڈی پی یوتھ ریاستی سکریٹری عارف لائیگرو اور پیپلز کانفرنس کے سینئر رہنما محمد خورشید عالم نے سرتاج مدنی کی رہائی کا خیرمقدم کیا اور اسے’’صحیح سمت میں قدم‘‘ قرار دیا۔ایک بیان میں لائیگرو نے کہا ’’اس طرح کے اقدامات سے جمہوریت کو مزید مستحکم کرنے اور جموں و کشمیر میں حقیقی سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے میں مدد ملے گی‘‘۔لائیگرو نے امید ظاہر کی کہ تمام ایسے سیاسی رہنماؤں کی رہائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا ’’ اعتماد کی فضا پیدا کرنے اور لوگوں کے مفادات میں صحت مند سیاسی گفتگو کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے سازگار حالات پیدا کرنے کے لئے ایسی کوششیں ضروری ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ وادی میں تمام سیاسی جماعتیں ہمیشہ ہی جمہوریت اور سیکولرازم کی مضبوط وکیل رہی ہیں۔انہوں نے پی ڈی پی یوتھ صدر وحید پرہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ادھر پیپلز کانفرنس نے پی ڈی پی کے سینئر رہنما محمد سرتاج مدنی کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں اس طرح کا فیصلہ انتہائی ضروری ہے۔پارٹی کے سینئر رہنما محمد خورشید عالم نے ایک بیان میں سرتاج مدنی کو رہا کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ حکومت جموں و کشمیر کی مختلف جیلوں میں زیر حراست دیگر سیاسی رہنماؤں کو بھی رہا کرے گی۔انہوں نے کہا ’’پی ڈی پی رہنما سرتاج مدنی کی رہائی خوش آئند اقدام ہے۔ اس کی بہت زیادہ ضرورت تھی‘‘۔انہوں نے کہا کہ ایک تجربہ کار سیاسی شخصیت اس طرح کے سلوک کی مستحق نہیں ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تاکہ جمہوریت پروان چڑھ سکے۔