نوین چودھری کی صدارت میں میٹنگ | زرعی پیداوار اور کسانوں کی بہبودکا جائزہ لیاگیا
سری نگر//پرنسپل سیکریٹری زرعی پیداوار اور بہبودِ کساناں محکمہ نوین کمار چودھری نے سینئر اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ زرعی پیداوار اور بہبودِ کساناں اور متعلقہ محکموں کی مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت 2021-22 کے دوران فنڈس کی واگزاری اور دوبارہ توثیق کا جائزہ لیا جائے۔میٹنگ میں ڈائریکٹر فائنانس اے پی اینڈ ایف ڈبلیو ڈی ، ڈائریکٹر پلاننگ اے پی اینڈ ایف ڈبلیو ڈی ، ڈائریکٹر زراعت جموں /کشمیر ، ڈائریکٹر بھیڑ پالن / پشو پالن جموں/کشمیر اور ڈائریکٹر غنچہ ٔ ابریشم جے اینڈ کے ، ڈائریکٹر ماہی پالن جے اینڈ کے اور دیگر متعلقین نے ذاتی طور اور بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں شرکت کی۔پرنسپل سیکریٹر ی نے محکمہ خزانہ کو بھیجی جانے والی تجاویز کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے تمام سربراہان پر زور دیا کہ وہ اَپنی زیرِ اِلتوأ تجاویز کو تمام جاری مرکزی معاونت والی سکیموں اور سینٹرل سیکٹر سکیموں کے محکمہ خزانہ کے پاس جلد سے جلد جمع کرائیں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام مرکزی معاونت والی سکیموں کے فنڈس کی معلومات اَپنے متعلقہ محکموں کے اَفسران کے درجہ بندی کے حوالے سے جمع کرائیں۔دورانِ میٹنگ محکموں سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ اَپنے اکائونٹس کے فنڈس کے غیر خرچ شدہ بیلنس کی تفصیلات جمع کرائیں ،اگر کوئی ہے اور بعد میں ایس این اے اکائونٹ میںمنتقل کیا جائے ۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ اَپنے متعلقہ محکموں میں ایک مستحکم نظام بنائیں تاکہ سکیموں کے فائدہ اُٹھانے والوں کو دفاتر کا چکر نہ لگانا پڑے اور بل بناکر وقت پر خزانے میں جمع کرائے جائیں۔
ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر کا کپواڑہ کا دورہ | سکیموں کو لوگوں تک پہنچانے پر زور
سرینگر//ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر اعجاز بٹ نے ضلع کپواڑہ کے کئی دفاتر کا اچانک معائنہ کیا جس کے دوران ملازمین کی حاضری کو چیک کیا گیا ۔ اس موقعہ اعجاز بٹ نے افسران پر زور دیا کہ وہ ملازمین کی حاضری کو ہر روز چیک کریں تاکہ لوگوں کے مسائل حل ہو سکے۔ انہوںنے چوگل میں فروٹ پلانٹ اور نرسری کا بھی دورہ کیا ۔اعجاز بٹ نے کپواڑہ کے کئی دفاتر کا معائنہ کرتے ہوئے کاغذات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوںنے آفیسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی جانب سے شروع کی گئی اسکیموں کو لوگوں تک پہنچانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے فروٹ پلانٹ نرسری کا دورہ کرتے ہوئے وہاں پر قائم کی جارہی پیسٹ سائیڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر نے کہاکہ ضلع میں فروٹ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے حوالے سے فرورٹ گرورس اور باغ مالکان نے محکمہ کو آگاہی فراہم کی تھی اور انہیں راحت فراہم کرنے کی خاطر ہی اس لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ لیباریٹری پر کام جلد ازجلد مکمل ہونا چاہئے۔ ڈائریکٹر جنرل نے بعد میں ہارٹیکلچر محکمہ کے سینئر ملازم محمد اکبر کی وفات پر ان کے گھر والوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
فاروق خان16؍ اگست کو چرچ لین میں عوام سے ملاقی ہونگے
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان 16؍ اگست( سوموار) کو صبح 11بجے صبح سے یہاں لیفٹیننٹ گورنرس شکایتی سیل چرچ لین سونہ وار سری نگر میں لوگوں سے ملاقات کریں گے ۔خواہشمند اَفراد اور وفودجو مشیر موصوف سے ملنا چاہتے ہیں انہیں کہا گیا ہے کہ وہ اُن کے دفتر ی فون نمبرات 7006166569, 7889631799پر ملاقات کے لئے پیشگی رابطہ کر کے اِندراج کرائیں۔ایسے تمام اَفراد جو ایل جی شکایتی سیل میں ملنے کے لئے آئیں گے، ان سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ حفظانِ صحت کے رہنما خطوط اور پروٹوکول پر عمل پیرا رہیں اور کووِڈ ۔19 وَبائی بیماری کے پھیلائوکو روکنے کے لئے وَفود تین اَفراد سے زیادہ نہ ہوں۔نیز وہ اَفراداوروفود جنہوں نے پہلے ہی مشیر موصوف کے دفتر میں اِندراج کرایاہے وہ ان سے مذکورہ تاریخ اورمقام پر مل سکتے ہیں۔
انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے | ہمدانیہ کالونی بمنہ میں جلوس عزا برآمد
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے مشتہر شدہ پروگرام کے مطابق وادی کے طول وعرض میں جلوس ہاے عزا کا آغاز ہوا ۔اس سلسلے میں ہمدانیہ کالونی بمنہ سرینگر میں جلوس عزا برآمد کیا گیا جس میں ہزاروں عقیدت مندوں نے موجودہ عالمی وبا کے تناظر میں تمام احتیاتی تدابیر کو بروے کار لاتے ہوئے شہداے کربلا کو عقیدت کا خراج نذر کیا ۔انجمن شرعی شیعیان کی طرف سے آغا سید منتظر مہدی نے شرکت کی ۔انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے تنظیم کے اس پہلے جلوس عزا میں رخنہ ڈالنے کی کوششوں پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ سرینگر نے اس سلسلے میں مداخلت کرکے جلوس کی برآمدگی کو یقینی بنایا ۔ترجمان نے ضلع انتظامیہ سرینگر کا پر خلوص شکریہ ادا کیا۔
محرم الحرام اور واقعہ کربلا پر علماء نے روشنی ڈالی
سرینگر//محرم الحرام ،روز عاشورہ اور واقعہ کربلا کے سلسلے میں جمعہ کووادی کی مختلف مساجد ، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں نمازِ جمعہ پر علمائے کرام نے خطبہ دیا۔ اس سلسلے میں درگاہ حضرت مرزا اکمل الدین بدخشی ؒحول سرینگر میں نمازِ جمعہ پر مولانا خورشید احمد قانونگو نے روزعاشورہ کی فضیلت اور حضرت امام عالی مقامؓ کی شہادت اور اہل بیت رسول ؓکی شان بیان کی۔ اس موقعہ پر میر سید افتخار احمد کاملی نے اہل بیت رسولؓ کے تئیں خراج عقیدت اور درود خوانی کی جبکہ زیارت صبور صاحبؒ بربرشاہ میں مولانا شوکت حسین کینگ قادری نے فضیلت اہل بیت ؓ، واقعہ کربلا اور عاشورہ کی عظمت پر خطبہ دیا۔ ادھر مسجد شریف قاضی یار زینہ کدل میں مولوی لطیف احمد نے محرم الحرام اور روز عاشورہ کی فضیلت اور شہادت حضر ت امام حسینؓ پر روشنی ڈالی۔ اس موقعہ پر اسلام کی سربلندی اور جموںوکشمیر کے عوام کی خوشحالی اور کورونا وائرس سے نجات کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔
بڈگام میں غیر قانونی مٹی کا اخراج | 6افراد گرفتار،6ٹپر ضبط
سرینگر//بڈگام میں پولیس نے غیر قانونی طور پر مٹی نکالنے کی پاداش میں 6افراد کوگرفتار کرکے 6ٹپر ضبط کئے۔ پولیس اسٹیشن خانصاحب نے سمسن وترہل میں مٹی کی غیر قانونی کھدائی اور نقل و حمل کرنے پر 6ڈرائیووںکو گرفتارکرلیا ۔ گرفتار کئے گئے افراد کی شناخت بشیر احمد بٹ ، طارق احمد ڈار ، ریاض احمد بٹ ، محمد شاہد گنائی ، بلال احمد میر اورجاوید احمد چوپان کے بطور ہوئی ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس تھانہ خانصاحب میں ایف آئی آر زیر نمبر 194/2021درج کرلیاہے۔
قبائلی فلاح و بہبود سکیموں کی وسعت پر ورکشاپ کا انعقاد
سرینگر//قبائلی امور محکمہ نے بارہمولہ ، کپواڑہ اور راجوری کی ضلعی ترقیاتی کونسلوں کے ساتھ قبائلی فلاح و بہبود کی اسکیموں کو وسعت دینے، ضلعی سطح پر متفقہ منصوبہ بندی کے علاوہ طریقہ کار کی ہدایات کے بارے میں حساسیت قبائلی فلاح و بہبود کے گرانٹ حاصل کرنے کیلئے ایک جامع ورکشاپ کا انعقاد کیا ۔ سیکریٹری قبائلی امور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے ضلع ترقیاتی کونسلوں کے چئیر پرسن ، وائس چانسلر ، ممبروں اور بارہمولہ ، کپواڑہ اور راجوری کی بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں کے چئیر پرسن کے ساتھ مختلف مرکزی سپانسر شدہ سکیموں ، خود روز گار کے منصوبوں ، انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ، قبائلی علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال ، اسکولوں اور ہوسٹل ، ٹرانزٹ رہائش ، مہارت اور نوجوانوں پر مبنی اقدامات ، ماڈل رہائشی سکولوں ، ڈے بورڈنگ سکولوں ، ہوسٹلوں ، صحت کے منصوبوں ایف آر اے کے نفاذ اور اس میں کمیونٹی انفراسٹرکچر کے قیام کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی ۔ ڈائریکٹر قبائلی امور مشیر مرزا ، ڈپٹی کمشنر ، سیکرٹری ایڈوائیزری بورڈ ، ڈائریکٹر پلاننگ ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر پنچائت نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی اور مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈاکٹر شاہد نے 500 یا 50 فیصد آبادی والے قبائلی دیہات کیلئے شروع کی جانے والی انٹی گریٹڈ ولیج ڈیولپمنٹ اسکیم ( آئی وی ڈی ایس )کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جو کہ ایس سی اے کی جگہ ٹی ایس ایس اور کلسٹر ماڈل ولیج کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے آئی وی ڈی ایس کے تحت ولیج ڈیولپمنٹ پلان ( وی ڈی پی ) کی تشکیل پر تفصیلی غور کیا ۔ اراکین کو بتایا گیا کہ اضلاع کو ڈسٹرکٹ کیپکس بجٹ کے تحت فنڈز مختص کرنے ہیں کیونکہ قبائلی ذیلی منصوبہ مثالی طور پر قبائلی آبادی کیلئے متناسب ہے جو کہ ’’ قبائلی ذیلی منصوبہ ‘‘ تشکیل دیتا ہے اور اس طرح کے منصوبوں کو قبائلی امور کے محکمے کی جانب سے مناسب فنڈنگ کے ساتھ بڑھایا جائے گا ۔ مزید بتایا گیا کہ محکمہ قبائلی امور قبائلی نوجوانوں کے لئے ہُنر مندی اور روز گار کے ساتھ خود روزگار اور کاروباری صلاحیتوں کیلئے اسکیمیں شروع کر رہا ہے جس کیلئے فائندہ مندوں کے انتخاب کا عمل کھلی درخواست کے نظام کے ذریعے فعال پی آر آئی شمولیت کے ساتھ کیا جائے گا ۔ انہیں منصوبہ بندی کے عمل ، ڈی پی آر کے اجزاء ، یو سی کی بروقت جمع کرانے کی اہمیت اور وزارت قبائلی امور سے فنڈز کے اجراء کیلئے اے ڈی آئی جی آر اے ایم پورٹل کی ماہانہ ایڈیٹنگ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ۔
ضلع سرینگر کیلئے اپنی پارٹی یوتھ زونل کارڈی نیٹرتعینات
سرینگر// اپنی پارٹی نے ضلع سرینگر کیلئے یوتھ زونل کارڈی نیٹروں کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔ یہ تعیناتیاں یوتھ ضلع صدر سرینگر محسن ظفر شاہ کے ساتھ صلاح ومشورہ سے کی گئی ہیں، جن کا اعلان پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری ملنے کے بعد اپنی پارٹی یوتھ صوبائی صدر خالد راٹھور نے کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مدثر احمد ڈار کو یوتھ کارڈی نیٹربٹہ مالو حلقہ، مومن بیگ کو یوتھ کارڈی نیٹرحضرت بل، محمد یونس ڈار کو یوتھ کارڈی نیٹرخانیار، مبشر حسین کو یوتھ کارڈی نیٹر زیڈی بل، شبیر احمد بانگو کو یوتھ کارڈی نیٹرعید گاہ ، میر عارف کو یوتھ کارڈی نیٹر سونہ وار، محمد ابراہیم منزرو کو یوتھ کارڈی نیٹرامیرا کدل اور شاہد فیاض آہنگر کو یوتھ کارڈی نیٹر اسمبلی حلقہ حبہ کدل بنایاگیاہے۔
بڈگام سول سول سائٹی کی قیوم وانی سے تعزیت
سری نگر//سیول سوسائٹی فورم کے سربراہ عبدالقیوم وانی کی ہمشیرہ کے انتقال پر سیول سوسائٹی بڈگام نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ بڈگام سول سوسائٹی کے ارکان بشیر احمد ڈار ،فیاض احمد ،کفایت حسین ،فیروز احمد ،ڈاکٹر جی اے ڈار،سید فیاض بخاری،محمد یوسف ڈار ،ایم ملک،سید سمیع اللہ ،حکیم یعقوب ،عبدالرشید پال ،عبدالغنی ،غلام محمد حقانی ،بشیر احمد ، عبدالرشید بٹ،محمد شفیع میر،طاہر الحمید نے قیوم وانی سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کی دعا کی۔
نیشنل کانفرنس بزرت کارکن کا انتقال | ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے بزرگ رکن اور سابق بلاک صدر محمد عبداللہ شیخ ساکن نائوپورہ چرار شریف کے انتقال پررنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً مرحوم کے پسماندگان کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اُن کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے سینئر لیڈر و سابق ایم ایل اے چرار شریف عبدالرحیم راتھر نے بھی اس سانحہ ارتحال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے راتھر نے کہا کہ مرحوم محمد عبداللہ شیخ نے انتہائی مشکل ترین اور نامساعد حالات میں پارٹی کی مضبوطی اور قیادت کے تئیں ناقابل فراموش کام کیا۔ پارٹی کے وسطی زون صدر علی محمد ڈار، سینئر لیڈر آغا سید روح اللہ اور ضلع صدر عبدالاحدڈار نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر ذوالفقار صدیقی سے | حقانی ٹرسٹ کی تعزیت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے ڈاکٹر ذوالفقار صدیقی کے برادر دلدار صدیقی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمیداللہ حقانی اور جنرل سیکریٹری بشیر احمدڈار نے دلدار صدیقی کی وفات کو ذاتی صدمہ قرار دیا ہے ۔مرکزی کونسل کے سینئر ممبران منظور احمد ملک، سمیع اللہ حقانی، محمد یوسف راتھر،ضلع صدور ٹرسٹ سرینگر ،پلوامہ ، بارہمولہ و اسلام آباد مولانا محمد شفیع ، مولانا سمیع الللہ بٹ ،محمد اسداللہ ،مشتاق احمد حقانی نے دلدار صدیقی کی وفات پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔
راجوری میں بھاجپا لیڈر کے گھر پر حملہ | سراسر بزدلانہ کارروائی:لیفٹیننٹ گورنر
محبوبہ مفتی کی بھی مذمت | ملوثین کیخلاف فوری کارروائی کی جائے:نڈا
سرینگر // یو این آئی//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راجوری میں بھاجپا کے لیڈر پر گھر میں کئے گئے حملہ اور کمسن بچے کی ہلاکت پرسخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کے مرتکبین کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’راجوری میں ایک سیاسی لیڈر کے گھر پر ہونے والے بزدلانہ حملے جس میں دو سالہ بچہ از جان جبکہ کئی دوسرے زخمی ہوئے ، کی سخت مذمت کرتا ہوں، اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت کرتا ہوں کہ زخمیوں کی فوری صحتیابی کا دعا گو ہوں، اس گھناؤنے واقعے کے مرتکبین کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘‘۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے ’’راجوری میں ہونے والے گرینیڈ حملے جس کے نتیجے میں ایک چار سالہ بچے کی جان چلی گئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے ، کی مذمت کرتی ہوں اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتی ہوں'۔اس دوران بھاجپا کے قومی صدر جے پی نڈا سمیت کئی لیڈروںنے ضلع راجوری میں بھاجپا کے ایک مقامی لیڈرکے گھرپرہوئے گرینیڈ حملے اوراس دوران چار سالہ کمسن بچے کی ہلاکت نیز سات افرادکے زخمی ہوجانے کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔بی جے پی نڈانے راجوری میں پارٹی لیڈر کے گھرمیں ہوئے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ سے ملوثین کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لانے کامطالبہ کیا۔جے پی نڈا نے متاثرہ کنبے بالخصوص پارٹی لیڈر جسبیرسنگھ کیساتھ مکمل یکجہتی اورہمدردی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پوری بھاجپا متاثرہ کنبے کیساتھ کھڑی ہے ۔ادھر بھاتیہ جنتا پارٹی کے سینئررہنمااور اقلیتی مورچہ کے ترجمان اعلیٰ ہلال جان نے راجوری میں بھاجپا رہنما کے گھر پر گرینیڈ حملے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے اس حملے میں ایک کمسن کی ہلاکت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے غمزدہ کنبے کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔ہلال جان نے اس حملے میں ملوث افراد کوپکڑنے کیلئے فوری طور کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
جموں کشمیر میںکوالٹی کنٹرول کونسل کی تشکیل | 27 دستکاریاں نوٹیفائیڈ ہینڈی کرافٹس فہرست میں شامل
سرینگر//حکومت نے ایک اہم پیش رفت اور طویل عرصے سے زیر التوا مطالبہ کو حل کرنے کیلئے جموں کشمیر میں کوالٹی کنٹرول ایکٹ 1978 کے تحت ایک کوالٹی کنٹرول کونسل تشکیل دی ہے ، جس میں ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر کو چیئرمین نامزد کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم جموں ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے ہینڈلوم اینڈ ہینڈی کرافٹس کارپوریشن ، ڈائریکٹر کرافٹ ڈویولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ ، ڈائریکٹر انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی کو ممبر نامزد کیا گیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پہلی بار صدر کشمیر چیمبر آف کامرس ، صدر کنفیڈریشن آف چیمبر آف انڈسٹری جموں ، صدر تحفظ سوسائٹی اور صدر میراث سوسائٹی کو غیر سرکاری ممبر نامزد کیا گیا ہے۔توقع ہے کہ کونسل جی آئی کو مضبوط بنانے کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔ کونسل کی نگرانی میں بار بار مارکیٹ چیکنگ کی جائے گی اور ان تمام عناصر کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا جو جعلی کرافٹ مصنوعات فروخت کرتے ہوئے یا ہاتھ سے بنی اشیاء کی جگہ مشین سے بنی اشیاء کو منتقل کرتے ہوئے پائے جائیں گے۔ جموں کشمیر میں 27 دستکاریوں کو نوٹیفائیڈ ہینڈی کرافٹس فہرست میں رکھا گیا ہے۔کوالٹی کنٹرول کونسل کا قیام اسٹیک متعلقین کاایک دیرینہ مطالبہ تھا کیونکہ اس پر عمل درآمد سے ان کے مفادات کا تحفظ ہوگا ۔
نوجوانوں میں پائی جارہی مایوسی تشویشناک : کمال
سرینگر// نیشنل کانفرنس روز اول سے ہی جموں کشمیرکے تینوں خطوں کے لوگوں کے مفادات اور احساسات کی پاسبان جماعت رہی ہے اور ہمیشہ آئین کی بالادستی اور جمہوری نظام کی ترجمانی کرتی رہی ہے اور یہ جماعت جموں وکشمیر کی انفرادیت، اجتماعیت ،وحدت خصوصاً بھائی چارہ کی مشعل کو فروزاں رکھے ہوئے ہے۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے نوجوانوں کے ایک وفد سے تبالہ خیال کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہی او بی سی، شیڈول کاسٹ اور دیگر پسماندہ طبقوں کے لوگوں کو سماج میں اونچا مقام دلانے میں اہم رول ادا کیا جن کو انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ زمین پر مالکانہ حقوق اور نوکریاں فراہم کی گئیں۔ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسے پسماندہ طبقوں کو ابھی بھی وہ حقوق حاصل نہیں ہیں جو یہاں دہائیوں پہلے سے ان کی زندگی کا معیار بہتر بنا رہے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے وفد کیساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر کمال نے کہا کہ نئی نسل میں پائی جارہی مایوسی اور نااُمیدی انتہائی تشویشناک امر ہے ۔گذشتہ دوسال کے دوران نوجوانوں میں نہ صرف منشیات کے استعمال کا رجحان بڑھ گیا ہے بلکہ خودکشی کے واقعات بھی آئے روز رونما ہورہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوان پود کو اس بحران سے نکالنے کی اشد ضرورت ہے اور اس کیلئے ایک جامع منصوبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا دل جیتنے کیلئے نہ صرف جموں و کشمیر سے چھینے گئے آئینی اور جمہوری حقوق بحال کرنے ہوںگے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا کرنے ہوںگے۔
آدھار سے منسلک راشن کارڈ | نامزدکرنے کی سہولت کو منظوری
جموں//جموں کشمیر حکومت نے آدھار سے منسلک عوامی تقسیم کاری نظام میں نامزد کئے جانے کی پالیسی کومنظوری دی ہے۔حکومت نے بزرگ،بیمار،معذوراور کم عمرراشن کارڈ رکھنے والوں کیلئے عوام دوست اقدام کے تحت انہیں کسی اور کو نامزد کرنے کی پالیسی کو منظوری دی ہے جو ان کیلئے راشن ڈیپو سے راشن وغیرہ حاصل کرسکے گا۔ محکمہ خوارک ،رسدات،عوامی تقسیم کاری اور امورصارفین کے حکم کے مطابق محکمہ نے اُن صارفین کو راحت دی ہے جو راشن ڈیپو سے خود راشن حاصل نہیں کرسکتے اورانہیں اس میں مشکلات درپیش ہیں،کو اپنا کوئی شخص نامزد کرنے کی نرمی دی ہے جو ان کیلئے راشن ڈیپو سے راشن اُٹھاسکتا ہے۔حکم کے مطابق استفادہ حاصل کرنے والے کو اس کیلئے ایک فارم پُر کرنا ہوگاجس میں کچھ ضروری تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔
بھارت نے قریشی کے الزامات کو مستردکیا | پاکستان کا اپنی ساکھ بچانے کیلئے جھوٹا پروپیگنڈہ : وزارت خارجہ
نئی دہلی// وزارت خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے گزشتہ ماہ پاکستان میں داسو پروجیکٹ میں بم حملے میں چینی انجینئروں کی ہلاکت کے واقعے میں ہندوستان پر لگائے گئے الزامات پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے حوالے سے اپنی ساکھ بچانے کے لیے جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہا ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے یہاں میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ ہم نے داسو کی واردات کے حوالے سے پاکستانی وزیر خارجہ کے مضحکہ خیز بیانات سے متعلق رپورٹیں دیکھی ہیں۔ یہ ممنوعہ دہشت گرد تنظیموں کے محفوظ ٹھکانے اور علاقائی عدم استحکام کے مرکز کے طور پر اپنی حرکتوں کو عالمی برادری کی نظروں سے چھپانے کے لیے ہندوستان کو بدنام کرنے کی ایک کوشش ہے ۔ ارندم باغچی نے کہا کہ ہندوستان عالمی برادری کی شراکت میں دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں میں سرفہرست رہا ہے اور عالمی برادری دہشت گردی کے لیے پاکستان کے کردارسے بخوبی واقف ہے ۔ پاکستان کے جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی الزامات پر کوئی یقین نہیں کرتا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 13 جولائی کو صوبہ خیبر پختونخوا میں دریائے سندھ پر 4300 میگاواٹ کے داسو ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے پر کام کرنے والے چینی انجینئروں کو لے جانے والی ایک بس پر خودکش حملہ کیا گیا تھا۔ اس حملے میں 9 چینی انجینئر سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے الزام لگایا کہ اس حملے میں ہندوستان اور افغانستان ملوث ہیں اور یہ حملہ پاکستان اور چین کی دوستی میں دراڑ پیدا کرنے کے لیے کیا گیا ہے ۔
آلوسہ کپوارہ کا جوان اچانک فوت
کپوارہ//اشرف چراغ // آلوسہ کرالہ پورہ کپوارہ میں جمعہ کو ایک30سالہ جوان حرکت قلب اچانک بند ہونے سے فوت ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق قیصر احمد خان گھر میں بیٹھا تھا کہ اس نے سینے میں دردکی شکایت کی۔گھروالوں نے اُسے فوراًسب ضلع اسپتال کرالہ پورہ پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
پولیس افسر نے نابالغ کو خودکشی کرنے سے روکا
گاندربل//ارشاداحمد//شادی پورہ میں ایک پولیس افسر نے نابالغ لڑکے کے خودکشی کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اُس کی جان بچائی۔پولیس چوکی شادی پورہ کے انچارج سب انسپکٹر گلزار احمد علاقے میں گشت کے دوران نابالغ لڑکے کو کھر باغ کے مقام دریائے جہلم میں چھلانگ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے پایا۔ اس کی حرکت کو مشکوک سمجھنے کے بعد چوکی انچارج اس کی طرف بڑھا اور اس کی خودکشی کی کوشش کو ناکام بناکر اس کی جان بچالی۔لڑکا جو کہ ننہ نار سمبل سوناواری کا رہائشی تھا،کو پولیس نے مناسب مشاورت کے بعد والدین کے حوالے کردیا۔مقامی لوگوں نے پولیس افسر کی اس فوری کارروائی کو سراہا جس کے سبب ایک نابالغ کی جان بچ گئی۔
ترال اورٹنگمرگ میں ریچھوں کے حملوں میں4افراد زخمی
ٹنگمرگ+ترال//مشتاق الحسن+سید اعجاز //کنزرٹنگمرگ میں ریچھ کے حملے میں ایک لڑکی شدیدزخمی ہوئی جبکہ ترال میں ریچھ نے تین افراد پرحملہ کرکے انہیں لہولہان کیا۔ تفصیلات کے مطابق اوسن کنزر میں دوشیزہ نسیمہ اختر دختر محمد جمال وانی اسوقت ریچھ کے حملے میں زخمی ہوگئی جب مذکورہ دوشیزہ اپنے صحن میں سبزی کیاری میں سبزی نکال رہی تھی کہ اس دوران وہاں موجود ریچھ نے اس پر اچانک حملہ کرکے اُسے زخمی کردیا۔ زخمی دوشیزہ کے شور مچانے پر اگرچہ وہاں فوری طور لوگ جمع ہوگئے تاہم تب تک ریچھ فرار ہوگیا تھا۔زخمی دوشیزہ کو پرائمری ہیلتھ سنٹر کنزر سے سرینگر منتقل کیا گیا ۔ ادھرسیرجاگیرترال میں ریچھ نے حملہ کرکے تین افراد کوزخمی کردیا۔سیر جاگیر ترال میں ایک بھاری بھرکم ریچھ جمعہ کی شام اچانک نمودار ہوا جس نے گائوں سے تعلق رکھنے والے تین افراد پرحملہ کرکے انہیں زخمی کیا جنہیں فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ہسپتال ذرائع نے تینوں کی افراد کی شناخت محمد کمال بٹ،غلام حسن بٹ،عبد الرشید خان کے طور کی ہے ۔ تینوں افراد کو فوری طور ترال ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔
لداخ میں پانی کے دس’ ATMs‘کاافتتاح | خطے میں ردی پلاسٹک کم ہوگا:لیفٹینٹ گورنر آر کے ماتھر
لیہہ//لداخ کے لیفٹینٹ گورنر آر کے ماتھر نے جمعہ کوخطے میں 10’’واٹرATMs‘‘کاافتتاح کیاتاکہ ردی پلاسٹک کومرکزی زیرانتظام علاقہ میں کم کیا جائے۔کمشنر سیکریٹری مکانات وشہری ترقی محکمہ اجیت کمار ساہونے کہا کہ پانی کے اے ٹی ایم،لیہہ قصبہ اور مضافات میں مختلف مقامات پر نصب کئے گئے ہیں ۔لیفٹینٹ گورنرنے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ لیہہ اور کرگل شہروں کو ملک کے صاف اور شفاف شہروں کی طرزپر ترتی دیں ۔ساہو نے کہا کہ اے ٹی اہم ،الٹرفلتریشن ٹیکنالوجی پرمبنی ہیں اورسکوں یااسمارٹ کارڈ پرمقررقیمت کے عوض دونوں معمول کاپانی یاگرم پانی مہیاکرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ سال بھر کام کریں گے اور سخت سردی میں بھی پانی یہاں دستیاب ہوگااوراس سے بوتلوں کے پانی کا استعمال کم ہوگا۔انہوں نے مزیدکہا کہ خطے میں ڈھانچے کوڈیزین کرتے وقت عمل آوری ایجسنیوں کواحتیاط سے کام لینا ہوگا اور یہاں کے موسمی حالات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔لیفٹینٹ گورنر کے مشیر امنگ نرولا نے محکمہ کو خطے میں پانی کے اے ٹی ایم کامیابی کے ساتھ نصب کرنے پرمبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ اس سے خطے میں استعمال شدہ پلاسٹک بوتلوں کی تعداد کم ہوگی۔