اپنے بینک کھاتوں کی تفاصیل کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں:پولیس
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے بینک کھاتوں کی تفصیلات شیئر نہ کریں اور کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں۔وسطی ضلع گاندربل میں پولیس نے لوگوں کو وارننگ دی ہے کہ وہ پیسوں کی ادائیگی کی دھوکہ دہی کے سلسلے میں چوکس رہیں۔پولیس کا کہنا ہے : 'لوگوں کو جعلی ایس ایم ایس آ سکتے ہیں کہ ان کے بینک کھاتوں میں پیسے جمع ہونے ہیں ایسی مسیجز کا شکار نہ ہوجائیں'۔انہوں نے لوگوں سے تاکید کی کہ وہ کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں۔پولیس نے کہا کہ مسیج کے متن کے اوپر ظاہر ہونے والے آئی ڈی کو ہمیشہ ویریفائی کریں۔انہوں نے کہا کہ اپنا او ٹی پی، سی سی وی اور پن کبھی بھی کسی نامعلوم فرد کے ساتھ شیئر نہ کریں۔بتا دیں کہ اپنے بینک کھاتوں کی تفصیلات شیئر کرنے سے جموں و کشمیر میں کئی لوگوں کے بینک کھاتوں سے لاکھوں روپے نکالے گئے ہیں۔یو این آئی
اکہال کنگن میں ریچھ کے حملے میں شہری زخمی
غلام نبی رینہ
کنگن// اکہال کنگن میں ریچھ کے حملے میں70سالہ غلام احمد شیخ ولد محمد شیخ زخمی ہوگیا جس کو علاج و معالجہ کے لئے سب ڈسٹرک ہسپتال کنگن منتقل کیا گیا جہاں سے مذکورہ شخص کو سکمز منتقل کیا گیا ۔ ادھر گونژی محلہ اکہال کنگن میں 53برس کی خاتون مختی بیگم زوجہ محمد سبحان لون کو ریچھ نے ایک حملے میں زخمی کردیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ امسال بڑی تعداد میں جنگلی جانوروں نے غذا کی تلاش کے سلسلے میں انسانی بستیوں کا رخ کیا جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول پایا جارہا ہے اور لوگ اب میوہ باغات اور کھیتوں میں جانے کے علاوہ گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کرتے ہیں۔
منی سیکٹریٹ گاندربل میں ہفتہ وار بلاک دیوس کا انعقاد
مختلف علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
ارشاد احمد
گاندربل//عوامی شکایات اور مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرگاندربل پیر مظفر احمد نے ہفتہ وار بلاک دیواس کے ایک حصے کے طور پر منی سیکٹریٹ گاندربل کے کانفرنس ہال میں عوامی دربار کا انعقاد کیا۔عوامی دربار میں مقامی لوگوں اور پی آر آئیز کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی جنہوں نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کو اپنے متعلقہ علاقوں میں مسائل اور شکایات و ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔مقامی لوگوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے متعلق خاص طور پر موجودہ سڑکوں کی ترقی ، آبپاشی نہروں کی صفائی ، پانی کی نالیوں کی تجاوزات ، پینے کے پانی کی فراہمی اور بجلی میں اضافہ ، صحت کی بہتر سہولیات اور عوامی اہمیت کے دیگر مسائل زیر غور لائے گئے۔اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران اور ان زیر ماتحت عملہ اس موقع پر موجود تھے جو کم از کم ممکنہ وقت میں شکایات کے ازالے کو یقینی بنانے کے مقصد سے مقامی لوگوں کے مطالبات اور شکایات کے اندراج اور ازالہ کے لئے پیش پیش رہے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے عوامی شکایات کی سماعت کی اور یقین دہانی کرائی کہ حقیقی مسائل کو وقت کے مطابق حل کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کی اہلیت کے مطابق ہنگامی زمرے کے بہت سے مسائل کے ازالے کے لئے موقع پر ہی ہدایات بھی دیں۔عوام سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے کہا کہ بلاک دیواس کا بنیادی مقصد تمام عوامی مسائل کا جائزہ لینا اور اس کے بروقت اور معیاری تصفیہ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر تمام متعلقہ اداروں کے حکام سے تعاون مانگا۔اسسٹنٹ کمشنر ڈویلپمنٹ ، بلال مختار اور دیگر تمام محکمہ جات کے افسران اس موقع پر موجود تھے۔
فوج کا جموں و کشمیر اور لداخ کے طلبا کیلئے مفت کوچنگ کا اعلان
سرینگر// فوج نے جموں و کشمیر اور لداخ سے تعلق رکھنے والے طلبا کے لئے گیاہ ماہ کی مفت کوچنگ کا اعلان کیا ہے ۔فوج کی طرف سے شروع کئے جانے والے ‘پٹرونٹ کشمیر سپر 30’ پروگرام مین داخلہ حاصل کرنے کے لئے ماہ ستمبر میں چار سینٹروں میں امتحان منعقد کیا جائے گا۔ایک فوجی عہدیدار نے بتایا کہ پٹرونٹ ایل این جی لمیٹڈ اور بھارتی فوج ایک مشترکہ پروگرام کے تحت جموں و کشمیر اور لداخ کے طلبا کو مفت کوچنگ، سٹیڈی مٹریل اور ماہر فیکلٹی فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوچنگ جے ای ای ایڈوانسڈ 2022 امتحانوں میں حصہ لینے والے خواہشمند طلبا کے لئے ہوگی۔موصوف عہدیدار نے بتایا کہ انجینئر بننے کے خواہشمند طلبا کے لئے یہ ایک سنہرا موقع ہے کیونکہ ان کی کوچنگ آئی آئی ٹی اور این آئی ٹی سے وابستہ اساتذہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ طلبا کی تعلیمی قابلیت بارہویں جماعت پاس اور کنبے کی سالانہ آمدنی ڈھائی لاکھ روپیے سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کہ پروگرام میں داخلہ لینے کے لئے طالب علم کا تحریری امتحان اور انٹرویو پاس کرنا ضروری ہے ۔موصوف نے کہا کہ وادی کشمیر میں اس کوچنگ سینٹر میں داخلہ لینے کے لئے چھ ستمبر کوگورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ہندوارہ اور ڈی آئی ای ٹی دفتر کولگام میں امتحان لیا جائے گا جبکہ آٹھ ستمر کو ایس پی ہائر سیکڈری سکول سری نگر میں لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں میں پانچ ستمبر کو سدربنی میں امتحان منعقد ہوگا۔یو این آئی
فارسٹ کارپوریشن میں مزید شفافیت لانے کی ہدایت
سرینگر //کمشنر سیکرٹری جنگلات ، ماحولیات سنجیو ورما نے جے اینڈ کے فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( ایف ڈی سی ایل ) کی دوسری بورڈ میٹنگ کی صدارت کی ۔ ورما جو کہ جے اینڈ کے ایف ڈی سی ایل کے چئیر پرسن بھی ہیں ، نے کاروبار کے انعقاد میں شفافیت اور کارکردگی کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے زور دیا کہ کارپوریشن میں پے اینڈ اکاؤنٹس آفس ( پی اینڈ اے او ) کا نظام اس سمت میں ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کارپوریشن سے کہا کہ وہ اپنا کاروبار عام لوگوں کے اطمینان کے مطابق کریں ۔انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ لکڑی کی فروخت اور تقسیم کو اس قابل بنائیں کہ وہ اس کے مستحق لوگوں تک پہنچ سکے ۔ بورڈ نے اس سال 26 فروری کو منعقد ہونے والی پہلی بورڈ میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائیزہ لیا ۔ کارپوریشن کے ایم ڈی نے بورڈ کو آگاہ کیا کہ یکم اپریل 2021 سے اس کے کام کرنے کے بعد سے جولائی 2021 تک سامان اور خدمات کی فروخت سے کارپوریشن کی مجموعی رسیدیں 60 کروڑ روپے تک جمع ہوئی ہیں ۔ بورڈ نے سابقہ جے اینڈ کے اسٹیٹ فاریسٹ کارپوریشن کی 2014-15 سے 2019-20 کی مدت کیلئے آڈٹ رپورٹس کا نوٹ لیا ۔ بورڈ کے ڈائریکٹرز جنہوں نے میٹنگ میں شرکت کی ان میں پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ڈاکٹر موہت گیرا ،سیکرٹری قبائلی امور شاہد اقبال چودھری ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے ایف ڈی سی ایل واسو یادو ،ڈائریکٹر جنرل کوڈز کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل بجٹ محکمہ دیہی ترقی کے نمائندے اور صنعت و تجارت کے شعبے نے بھی بورڈ کے اجلاس میں شرکت کی ۔ جے اینڈ کے ایف ڈی سی ایل کو 3 دسمبر 2020 کو کمپنیزایکٹ 2013 کے تحت شامل کیا گیا تھا اور اس نے جے اینڈ کے اسٹیٹ فاریسٹ کارپوریشن ایکٹ 1978 کی منسوخی کے نتیجے میں سابقہ جموں و کشمیر اسٹیٹ فاریسٹ کارپوریشن کے اثاثے اور ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔ بورڈ آف جے اینڈ کے ایف ڈی سی ایل کا ڈھانچہ محکمہ خزانہ ، صنعت اور تجارت کے شعبہ ، جنگلات ، ماحولیات ، دیہی ترقیاتی محکمہ ، قبائلی امور کا محکمہ ، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ اور کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر پر مشتمل ہے ۔
ملازمین کے سبھی مسائل حل کئے جائیں | ایمپلائز کارڈی نیشن کمیٹی کا مطالبہ
بلال فرقانی
سرینگر// ایمپلائز کارڈی نیشن کمیٹی نے ملازمین نے انتظامیہ میں مکمل پھیر بدل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کالج کنٹریکچول لکچراروں اور آئی سی ڈی ایس سپر وائزروں سمیت دیگر ملازمین کے مسائل کا حل کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیشن کے قیام کی وکالت کی۔ ایوان صحافت کشمیر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایمپلائز کارڈی نیشن کمیٹی کے صد شاہ فیاض احمد نے کہا کہ ملازمین کے کافی مسائل التواء میں رکھے گئے ہیں اور انکا ازالہ وقت کی پکار ہے۔انہوں نے6نکاتی ایجنڈا کو پریس کانفرنس میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ میں ضلع سطح کے افسروں میں پھیر بدل لایا جانا چاہے جو2سال سے زائد عرصے سے ان مقامات اور جگہوں پر تعینات ہے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کئی افسر گھر بیٹھے ہی ’وٹ از اپ‘ پر اپنے محکمے چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وبائی بیماری میں آشا ورکروں نے صف اول پر کام کیا اورٹیکہ کاری میں بھی کلیدی رول ادا کیا کو بھی دیگر صحت ملازمین کی طرح الاونس دیا جائے۔ شاہ فیاض نے کالج کنٹریکچول لکچراروں،آئی سی ڈی ایس سپر وائزاروں اور درجہ دوئم و درجہ سوئم کے اساتذہ کی تبدیلی پالیسی کے علاوہ مدرسین کیلئے ٹرانسپورٹ الاونس کے علاوہ عارضی ملازمین کی تنخواہوں کو بھی واگزار کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے این آئی سی اور نریگا عملے کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے پر زور دیتے ہوئے آنگن واڑی ہیلپراور ورکروں کی تنخواہوں کو بھی واگزار کرنے کا مطالبہ کیا۔فیاض نے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیشن کے قیام کی بھی وکالت کی۔
یوسمرگ میں صفائی مہم کا اِنعقاد
سرینگر//ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو کی ہدایات پر محکمہ سیاحت نے سیاحتی مقام یوسمرگ بڈگام میں صفائی مہم کا اِنعقاد کیا۔صفائی مہم میں تقریباً100 سروس فراہم کرنے والے اور مختلف قسم کے شراکت داروں نے محکمہ کے ساتھ تعاون کیا۔یہ مہم یوسمرگ کے مرکزی میدان دودھ گنگا کے کنارے اور دیگر آس پاس کے علاوہ میں منعقد کی گئی۔اِس مہم میں محکمہ سیاحت کے ملازمین اور یوسمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کے اَفسران نے بھی حصہ لیا۔یہ مہم محکمہ سیاحت کی کوششوں کا ایک حصہ رہی ہے تاکہ تمام سیاحتی مقامات کو صاف رکھا جاسکے او راس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ قدرتی وسائل جیسے آبی ذخائر ، گھاس میدان اور جنگلی حیوانات کو نقصان یا پریشانی نہ ہو۔اِمسال محکمہ نے مقامی ماحولیاتی نظام کی دیکھ ریکھ کے لئے کشمیر کے تمام مقامات پر وقتاً فوقتاً اور بروقت صفائی مہم چلانے کو یقینی بنایا ہے۔
گاندربل میں مثبت معاملات کی شرح میں بتدریج کمی: ضلع ترقیاتی کمشنر
گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے کہا کہ ضلع میں مجموعی مثبت معاملات کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے اور اِس ہفتے مجموعی مثبت معاملات کم ہو کر 3.47فیصد رہ گئی ہے ۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے بدھ کو میڈیا اَفراد کو ضلع میں کووِڈ۔19مجموعی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں58 مثبت معاملات سرگرم ہیں اور اگلے 100 دِن اہم ہیں ۔اُنہوں نے سب سے اپیل کی ہے کہ وہ کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی) اور دیگر ایس او پیز پر عمل کریں۔اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ مناسب طرزِ عمل کی سخت نگرانی کے تحت بد ھ وار سے ضلع میں بلاک دیوس دوبارہ شروع کیا گیا ہے اور اگلے دو ہفتوں کے لئے بلاک دیوس صرف ضلع ہیڈ کوارٹروں میں منعقد کئے جائیں گے اور کووِڈ کے حوالے سے پیرا میٹروں کا تجزیہ کرنے کے بعد بلاک دیوس ضلع کے دیگر شناخت شدہ مقامات پر بھی دوبارہ شروع ہوگا اور اس کے مطابق لوگوں کو مطلع کیا جائے گا۔
اصغرسامون نے پالی ٹیکنیک کالجوں کے کام کاج کا جائزہ لیا
سری نگر//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے سول سیکرٹریٹ میں صوبہ کشمیر کے پالی تکنیک کالجوں اور سی آئی آئی آئی ٹی بارہمولہ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ سیکرٹری ایس ڈی ڈی ناظم ضیاء خان ، ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی سدرشن کمار ، صوبہ کشمیر کے تمام پولی تکنیک کالجوں کے پرنسپلوں نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں شرکت کی۔دورانِ میٹنگ پرنسپل سیکرٹری نے پرنسپلوں پر زور دیا کہ وہ اَپنے اَپنے اَضلاع میں کیمپ لگائیں تاکہ طلباء کو کالجوں میں پیش کئے جانے والے کورسوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے ۔ اُنہوں نے ان سے داخلے کے جاری عمل کے بارے میں مناسب تشہیر کرنے کو کہا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلاب ان کورسوں کی طرف راغب ہوں اور کوئی سیٹ بِس خالی نہ رہے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تمام آئی ٹی آئی میں نئے اور نوکری پر مبنی سٹریموں کو متعارف کرنے کا منصوبہ بنائیں تاکہ طلباء کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں۔
جموں وکشمیر میں صحافیوں کا قافیہ حیات تنگ: نیشنل کانفرنس
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر میں میڈیا ایمرجنسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی طریقہ کار آزاد صحافت پر کاری ضرب ہے اور ایسے اقدامات ملک کی جمہوریت کیلئے سم قاتل ہیں۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے جموں وکشمیر میں ذرائع ابلاغ کا گلا گھونٹ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے مؤقف کی اشاعت تو دور کی بات حکومت اور انتظامی ناکامیوں کی نشاندہی کرنے والوں کو بھی خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر میں ذرائع ابلاغ کی آزادی کو مکمل طور پر سلب کردیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ newslaundry.com میں گذشتہ دنوں شائع رپورٹ میں پوری وضاحت کے ساتھ خلاصہ کیا گیا ہے کہ کس طرح سے اشتہارات بند کرنے، اشتہارات کی ترسیل کم کرنے اور دھونس و دبائو کے ذریعے جموں وکشمیر میں ذرائع ابلاغ کا گلا گھونٹا جارہا ہے اور میڈیا کو حکومت کی قصیدہ گوئی کیلئے کس طرح سے استعمال کیا جارہا ہے ،نیز حکمرانوں نے کیسے صحافیوں کا قافیہ حیات تنگ رکھا ہے۔عمران نبی نے کہا کہ حکمران وہی کچھ دیکھنا اور سننا چاہتے ہیں جو انہیں پسند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے طریقہ کار کو فوری طور پر منسوخ کیا جانا چاہئے اور پریس کی مکمل آزادی بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔
بارایسوسی ایشن بانڈی پورہ کا اظہار تعزیت
عازم جان
بانڈی پورہ// بارایسوسی ایشن بانڈی پورہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ نے منصف جج بانڈی پورہ توفیل احمد میر ساکن بونہ گام چاڈورہ کے برادر نسبتی کی وفات پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ بارایسوسی ایشن صدر ایڈوکیٹ ملک مشتاق کی سربراہی میں ایک تعزیتی اجلاس ضلع عدالت میں منعقد ہوا جس میں بارسے وابستہ تمام وکلا ء نے شرکت کی۔اجلاس میںایک ماتمی قرارداد منظور کرکے منصف جج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا ۔دریں اثناء ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بھی صدمے کااظہار کیا۔
تیجسوینی اسکیم خواتین کیلئے فائدہ مند:اپنی پارٹی
عمر کی حد35سے بڑھا کر40کی جائے
سرینگر//اپنی پارٹی صوبائی یوتھ کارڈی نیٹر کشمیر امتیاز راتھر نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ سال 2021کو خواتین کے لئے شروع کی گئی تیجسوینی اسکیم کے تحت عمر کی حد35سے40کی جائے۔ ایک بیان میں راتھر نے کہاکہ تیجسوینی اسکیم نے خواتین کو ایک موقع فراہم کیا ہے جو اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں اور یہ اسکیم دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’یہ اسکیم خواتین کے لئے انتہائی فائدہ مند ہے کیونکہ بہت ساری خواہشمند خواتین کو اپنے پروجیکٹوں کو شروع کرنے کے لئے پیسے نہیں تھے۔ انہوں نے کہاکہ اِس اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ خواتین کو فائدہ پہنچانے کیلئے عمر کی حد35سے بڑھا کر40کی جائے۔ راتھر نے کہاکہ جب سرکاری ملازمتوںمیں درخواست دینے کے لئے پہلے سے ہی زیادہ عمر کی حد مقرر ہو ، انتظامیہ کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ جو خواتین اپنے چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کرنے کی خواہش رکھتی ہیں ، اُنہیں اس اسکیم کے ذریعے فائدہ اُٹھانے سے محروم نہ رکھا جائے۔
بڈگام میں پولیس کی میڈیا سے وابستہ افرادکے ساتھ میٹنگ
سرینگر//بڈگام پولیس نے ضلع میںمیڈیا سے وابستہ افرادکے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقادکیا۔میٹنگ کی صدارت ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم خان نے ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹر بڈگام میں کی۔ پولیس کے سینئر افسران بشمول ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر ، ڈی وائی ایس پی چاڈورہ ، ڈی وائی ایس پی بڈگام اور ڈی وائی ایس پی ڈی اے آر نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بڈگام کے مختلف پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ افرادنے شرکت کی۔اس موقع پر روزمرہ پولیسنگ سے متعلق کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام شرکاء نے پولیس اور میڈیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ میڈیا اراکین نے عوامی اہمیت کی تجاویز کا ایک سلسلہ بھی پیش کیا اور ایس ایس پی نے ان سب کو ترجیحی بنیادوں پر لینے کی یقین دہانی کرائی۔ایس ایس پی بڈگام نے میڈیا کو جمہوریت کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے جمہوری سیٹ اپ میں میڈیا کی اہمیت اور کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے معاشرتی برائیوں کا خاتمہ کرکے معاشرے کی اصلاح کے حوالے سے باہمی ہم آہنگی پر زور دیا۔ انہوں نے میڈیا سے وابستہ افرادکو یقین دہانی کرائی کہ میٹنگ میں زیر بحث تمام مسائل کا جلد از جلد خیال رکھا جائے گا۔
اسلامک فٹرنٹی کے سمینار کی جگہ تبدیل
سرینگر//اسلامک فیٹرنٹی کی جانب سے وادی میں خود کشی اور منشیات کے بڑھتے رجحان پرعالی مسجد سرینگر میں ایک سمینار منعقد کرنے کا پروگرام تھاتاہم انتظامیہ کی جانب سے اس کی اجازت نہیں دی گئی ۔ایک بیان کے مطابق اب یہ پروگرام جامع مسجد ، رنگہ ٹینگ کاوڈارہ سرینگر میں ہوگا ۔
با رہمولہ میں 3افرادنشیلی اشیاء سمیت گرفتار
سرینگر// با رہمولہ پولیس نے 3افرادکو گرفتارکرکے اُن کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء کو ضبط کیا۔ ایس ڈی پی اوٹنگمرگ ہلال خالق کی نگرانی میں کنزر میں ناکہ پر دوافراد کی تلاشی کے دوران رئوف احمد وانی ساکن لولپورہ کنزر اور لطیف احمد صوفی ساکن وارڈ نمبر دوکنزرکے طور پر ہوئی۔ ان کے قبضے سے 3.5کلوگرام خشخاش پوست ا ور 260گرام چرس برآمد کیا گیا۔اسی طرح بارہمولہ تھانہ کے افسران نے ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر سید سجاد احمدکی نگرانی میں آزاد گنج بارہمولہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو روکا جس کی شناخت شاہد مجید بٹ ساکن محلہ میر صاحب بارہمولہ کے نام سے ہوئی۔ چیکنگ کے دوران افسران نے اس کے قبضے سے 85گرام چرس برآمدکیا۔
روشن کشمیر کے مدیر اعلیٰ کے ساتھ اظہار تعزیت
سرینگر// روزنامہ روشن کشمیر کے مدیر اعلیٰ عادل اشتیاق کے نانااورریشی فروٹ کمپنی کے مالک حاجی غلام حسن ریشی ساکنہ زینہ گیر سوپور103بر س کی عمر میںانتقال کرگئے ۔اس سلسلے میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے سوگوار خاندان سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نیک سیرت اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک تھے ۔ایمپلائز کانفرنس اور جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ نے سوگوار کنبے سے تعزیت کااظہار کیا۔
کنہ دجن چرارشریف میں عوامی دربار
سرینگر// ضلع انتظامیہ بڈگام کی طرف سے بدھ کو کنہ دجن چرارشریف میں ایک عوامی دربار منعقد کیا جس میں بڈگام ضلع میں موجود تمام محکموں کے سربراہوں اور دوسرے ذمہ داروں نے شرکت کی جن میں ڈی سی بڈگام شہباز مرزا، سی ایم او بڈگام، بلاک ڈیولپمنٹ افسر چرارشریف، سوشل ویلفیئر افسر مختار احمد وانی اور جل شکتی، پی ڈی ڈی اور دیگر محکموں کے ذمہ دار شامل تھے ۔ تقریب کے دوران کووڈ 19اور کی ممکنہ تیسری لہر کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر مقامی لوگوں نے انہیں درپیش مشکلات سے افسران کو آگاہ کیااورڈپٹی کمشنر نے موقع پرہی کئی اہم مطالبات حل کرنے کی افسروں کی ہدایت دی ۔
’دی بنگس ویلی‘
مشتاق ساگر کی کتاب اجراء
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے رامحال علاقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان قلمکار اور سابق براڈ کاسٹر مشتاق ساگر کی تصنیف ’’دی بنگس ویلی‘‘ کی پذیرائی وادی بھر میں حاصل ہوئی ہے ۔گزشتہ دنو ں جمو ں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر موج سنہا نے بنگس میلے کے دوران اس کتاب کی رسم اجرائی انجام دی ۔ ساگر نے کتاب میںبنگس وادی اور اس کے گرد نواح کے پہا ڑی سلسلے ،تاریخی پس منظر اور اس سے جڑی کہانیو ں اور قصوں کا خاکہ پیش کیا ہے۔مصنف نے بنگس وادی میں حکومت کی بھر پور توجہ وادی بنگس کی طرف مبذول کی ہے ۔
فاروق اندرابی کی پکھرپورہ زیارت پرحاضری
سرینگر//اپنی پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے بدھ کو حضرت سید علی عالی بلخی ؒ پکھرپورہ میں سالانہ عرس میں شرکت کی۔ایک بیان کے مطابق اندرابی نے جموں وکشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے اُمیدظاہر کی کہ یہ مقدس دن جموں وکشمیر کے مختلف طبقہ جات کے درمیان آپسی بھائی چارہ، ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔
خریداروں اور فارورڈنگ ایجنٹس یونین سوپور کے انتخابات
مدثر بٹ دوسری مرتبہ صدر منتخب،تاجر برادری کی مبارکباد
غلام محمد
سوپور//فروٹ منڈی سوپور میں خریداروں اور فارورڈنگ ایجنٹس یونین نے منگل کے روز صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا جس میں مدثر احمد بٹ دوسری بار صدر منتخب ہوئے۔الیکشن میں 280 رجسٹرڈ ووٹوں میں سے مدثر احمدبٹ نے 154 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مخالف شہباز احمدتانترے کو 123 ووٹ ملے اور 3 ووٹ مسترد سمجھے گئے ۔ اس طرح مدثر احمد بٹ 31 ووٹوں سے جیت گئے اور اگلے تین سال کیلئے دوبارہ خریدار یونین کے صدر منتخب ہوئے۔دریں اثنا صدر فروٹ گرورس اور ڈیلرز ایسوسی ایشن فروٹ منڈی سوپور فیاض احمد ملک ، اکنامک الائنس کے صدر سوپور حاجی محمد اشرف گنائی ، صدرانڈسٹریز سوپور جاوید احمدبٹ ، صدرٹریڈرس فیڈریشن سوپور حاجی حشمت اللہ ہاشمی ، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور مزدور ایسوسی ایشن فروٹ منڈی سوپورنے مدثر احمد بٹ کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔صدر منتخب ہونے کے بعد مدثر احمد بٹ نے بتایا ’’ میں اپنی یونین کا بہت شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے دوبارہ صدر منتخب کیا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ یونین کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بہترین کوشش کریں گے اور ممبران کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔
کنزرویشن آرکیٹیکٹ لامبا لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی
سری نگر//معروف کنزرویشن آرکیٹیکٹ محترمہ ابھا نارائین لامبا نے یہاں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے راج بھون میں ملاقات کی ۔ محترمہ لامبا جو جے ایس ڈبلیو فاؤنڈیشن کے ساتھ کام کر رہی ہیں، نے لیفٹینٹ گورنر کو شالیمار اور نشاط گارڈن کے تحفظ اور بحالی کیلئے ٹیم کی طرف سے جاری کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کنزرویشن آرکیٹیکٹ پر زور دیا کہ وہ مشہور ورثے کے باغات کی اصل خوبصورتی اور عظمت کی بحالی کیلئے احتیاط ، بحالی اور تحفظ کا کام انجام دے ۔ واضح طور پر جموں و کشمیر حکومت نے جے ٹی ڈبلیو فاؤنڈیشن کے ساتھ شالیمار اور نشاط باغات کی بحالی اور تحفظ کیلئے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ہیں تا کہ جموں کشمیر کے ورثہ کے مقامات کی رونق بحال ہو ۔
قومی صحت مشن
ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے حصولیابیوں کاجائزہ لیا
سرینگر //ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم وویک بھردواج نے سرینگر میں جموں و کشمیر کے مرکز میں قومی صحت مشن جے اینڈ کے کے کام اور کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ہر افسر سے ان کے کردار ، ذمہ داری اور ان کے کام کے انداز کے بارے میں دریافت کیا ۔ مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جے اینڈ کے ،نے جموں و کشمیر میں نیشنل ہیلتھ مشن کے کام ، کارکردگی اور کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی پاور پوائینٹ پرذنٹیشن دی ۔ مشن ڈائریکٹر نے این ایچ ایم کے تحت نافذ کئے جانے والے مختلف پروگراموں کا مختصر تعارف دیا ۔ انہوں نے یو ٹی میں ایمر جنسی کووڈ رسپانس پیکج ECRP II کے نفاذ کی پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا جس میں مختلف سرگرمیوں کی تفصیلات فراہم کی گئیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 211.03 کروڑ روپے کی رقم ECRP II کے تحت کووڈ ضروری تشخیص اور ادویات کیلئے منظور کی گئی ہے ۔
ثقافتی مقامات کو فروغ دینے کی ضرورت: صوبائی کمشنر
درگاہوں پر سالانہ عرس کی تقریبات کو تعاون دیا جائیگا
سرینگر//یو این آئی// صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہا کہ وادی کے صوفی بزرگوں کی درگاہوں پر ہونے والی سالانہ عرس کی تقریبات کو حکومت رسمی طور پر تعاون فراہم کرنے جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں ماضی میں ہندو، مسلمان اور دوسرے مذاہب کے ماننے والے بھائی چارے کے ساتھ رہتے تھے اور مذہبی انتہا پسندی کا کہیں کوئی نام و نشان نہیں تھا۔ بدھ کو منعقدہ صوفیانہ موسیقی کی ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے پی کے پولے نے کہا’وہ مقامات جو یہاں کی ثقافت کا اہم جز ہیں ،کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، حکومت اس حوالے سے ایک ٹھوس پالیسی لا رہی ہے ‘۔ انہوںنے کہا کہ وہ مقامات جن میں سالانہ عرس یا کوئی تقریب ہوتی ہے ،کو حکومت رسمی طور پر تعاون فراہم کرنے جا رہی ہے ۔ کچھ ایک دنوں کے اندر اندر یہ پالیسی سامنے لائی جا سکتی ہے‘۔صوبائی کمشنر نے وادی کے روایتی بھائی چارے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا’ہم کشمیر میں پائی جانے والی مختلف ثقافتوں کو ایک لفظ میں ’کشمیریت‘کہتے ہیں،کشمیریت وہی ہے جس میں ہندو، مسلمان اور دوسرے مذاہب کے ماننے والے بھائی چارگی کے ساتھ رہتے تھے‘۔انہوںنے مزید کہا کہ یہاں مذہبی انتہا پسندی کا کہیں کوئی نام و نشان نہیں تھا، نند ریشی شیخ العالمؒ کے کلاموں کو جتنا مسلمان مانتے ہیں اتنا ہی ہندو بھی مانتے ہیں۔ اس موقعہ پر سابق بیوروکریٹ فاروق رینزو شاہ بھی موجود تھے ۔
بڈگام اورکٹھوعہ کےITI'sمیں آٹوموٹوٹیکنالوجی
بھٹناگر نے سینٹرآف ایکسی لینس کے قیام کاجائزہ لیا
سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آئی ٹی آئی بڈگام اور آئی ٹی آئی کٹھوعہ میں اشوکا لی لینڈ کے اشتراک سے تیار کی جانے والی آٹو موٹو ٹیکنالوجی میں ریجنل سینٹر آف ایکسی لینس ( آر سی او اِی) کے قیام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔دورانِ میٹنگ اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے مشیر بھٹناگر نے ایس ڈی ڈی کے اَفسران سے کہا کہ وہ تمام سول کام کو اگلے مہینے کی 15 تاریخ تک مکمل کریں ۔ اِس کے علاوہ متعلقہ جاری کاموں میں سرعت لائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ آٹو میٹیو سٹریم کے نصاب کو اشوکا لی لینڈ کے نمائندوں کے ساتھ شیئر کریں تاکہ اسے مارکیٹ کی مانگ کے مطابق اَپ گریڈ کیا جاسکے۔مشیر موصوف نے اشوکا لی لینڈ کے نمائندوں سے کہا کہ وہ اَگلے مہینے سے فیکلٹی کے لئے بذریعہ ورچیول موڈ مسلسل ہینڈ ہولڈنگ کے ساتھ تربیتی کورس کا اہتمام کریں۔
پٹھان کوٹ میں کشمیری ٹرک ڈرائیوراورکنڈیکٹر کی مارپیٹ
اننت ناگ //عارف بلوچ //پٹھان کوٹ میں کشمیری ٹرک ڈرائیور اور کنڈکٹر کو مبینہ طور پر تشدد کانشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا ہے ۔محمد عابد ساکنہ بجبہاڑہ نامی ٹرک ڈرائیور کا کہنا ہے کہ گذشتہ شام اس کے ٹرک کے ٹائر کا پنکچر ہوا جس کے بعد وہ لوگ ٹائر تبدیل کرنے لگے ۔اس بیچ چند نامعلوم افراد وہاں رکے اور ان سے رقم کا مطالبہ کیا، جسے انہوں نے ادا کرنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد انہوں نے ان کے ساتھ بدسلوکی اور ساتھ ہی گاڑی کے شیشے چکنا چور کئے اوران کے ساتھ مار پیٹ کی گئی ۔متاثرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی طرح سے پولیس کے ساتھ رابطہ کیا ،تاہم جب تک پولیس موقع پر پہنچتی حملہ آور فرار ہو چکے تھے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ اس معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔واضح رہے اس سے قبل بھی ہریانہ میں اس طرح کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ٹرک ڈرائیور کے ساتھ بدسلوکی کی گئی تھی ۔
عوام کی بے لوث خدمت نیشنل کانفرنس کابنیادی اصول
بڑے چیلنجوںکا سامنا کرنے کیلئے پارٹی کی مضبوطی لازمی: ساگر
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے ماضی میں بہت سارے نشیب و فراز دیکھے ہیں اور اس جماعت نے یہاں کے عوام کے تعاون اور اشتراک سے بڑے بڑے چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اور ہمیشہ سرخرو ہوکر اُبھری ہے۔ان باتوں کا اظہار پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے شمالی، جنوبی اور وسطی کشمیر کے عوامی وفود پارٹی لیڈران اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ ممبرشپ مہم کے بعد آنے والے پارٹی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور باصلاحیت ، عوام مقبول اور عوام دوست نمائندوں کا چنائو کریں۔ اُن کا کہنا تھا کہ لوگوں کی بے لوث خدمت کرنا نیشنل کانفرنس کا بنیادی اصول رہا ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ ہم ایسے پارٹی عہدیداروں کا انتخاب کریں جو ہر وقت لوگوں کیلئے دستیاب رہیں ۔ ساگر نے کہا کہ موجودہ ایام میں جموں وکشمیر کیلئے ایک بہت بڑے چیلنج سے دوچار ہیں اور اللہ کے فضل و کرم سے ہم اس چیلنج میں بھی سرخرو ہوکر اُبھریں گے لیکن اس کیلئے نیشنل کانفرنس کی مضبوطی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ جنرل سکریٹری نے کہا کہ جموں وکشمیر کا ہر ایک شعبہ اس وقت تنزلی کا شکار ہے اور حکمران بھاجپا تعمیر و ترقی اور امن و امان کے بڑے بڑے دعوے کررہے ہیں لیکن زمینی سطح پر ان لوگوں نے کشمیر کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ بھاجپا والے یہاں تعمیر و ترقی کے جھوٹے دعوے کررہے ہیں اور فریبی نعرے دے رہے ہیں لیکن زمینی سطح پر سب کچھ عین برعکس ہے۔ مرکزی حکومت ڈیولپمنٹ کے دعوے کررہے ہیں لیکن تعمیر و ترقی کا کہیں نام و نشان نہیں۔ مسلسل بند رہنے سے یہاں بے روزگاری ایک بہت ہی سنگین مسئلہ بن کر سامنے آیا ہے۔ جموں وکشمیر میں اس وقت بے روزگاری حد سے تجاوز کر گئی ہے اور حکومت اس جانب کوئی بھی توجہ مرکوزنہیں کررہی ہے ۔ صرف زبانی جمع خرچ اور کاغذی گھوڑے دوڑائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کا صنعتی سیکٹر تباہی اور بربادی کے دہانے پر آپہنچا ہے۔ اقتصادی بدحالی نے لوگوں کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور حکمران لوگوںکو راحت پہنچانے کے بجائے نت نئے حربے اپنا کر لوگوں پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہے ہیں۔
لداخ میں’پارلیمانی آوٹ ریچ پروگرام‘
سپیکر اوم برلا 27اگست کو افتتا ح کرینگے
نئی دہلی// لوک سبھا اسپیکر اوم برلا 27 اگست کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کے پنچایتی راج کے اداروں کو بااختیار بنانے کے لئے 'پارلیمانی آؤٹ ریچ پروگرام' کا افتتاح کریں گے ۔لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پنچایتی راج کے اداروں کو بااختیار بنانے کے لئے 'پارلیمانی آؤٹ ریچ پروگرام' سبھا کے اسپیکر کی طرف سے شروع کی جانے والی پہل ہے ۔ اس قسم کے پروگرام کا مقصد مقامی سطح پر گورننس اور منصوبہ بندی کے اداروں کو بااختیار بنانا ہے ۔اس پروگرام کا مقصد مقامی سطح کے سیاستدانوں کے جمہوری اقدار کے عزائم کو تقویت دینا، لوگوں میں مختلف اسکیموں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور ترقیاتی کاموں کی 'ڈور اسٹیپ ڈیلیوری' کا موقع فراہم کرنا ہے ۔پروگرام کے ذریعے عوامی سطح پر آگاہی، عوامی شراکت اور مقامی سطح کے رہنماؤں میں اعتماد پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پروگرام کا موضوع "پنچایتی راج کے اداروں کو بااختیار بنانے کے لئے پارلیمانی آؤٹ ریچ پروگرام" ہے ۔اس پروگرام میں پنچایتی راج کے اداروں کے تقریبا 195 شرکاء کی براہ راست شرکت کی توقع ہے ۔پروگرام کے دوران پنچایت کے نمائندوں سے ملنے کے لئے مسٹر برلا پنگونگ جھیل اور نوبرا ویلی کا بھی دورہ کریں گے ۔مسٹر برلا کے علاوہ ہیوی انڈسٹریز کے وزیر ڈاکٹر مہیندر ناتھ پانڈے ، وزیر صحت وخاندانی بہبود مانسکھ مانڈویہ، مرکزی خطہ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر رادھا کرشن ماتھر، وزیر مملکت برائے داخلہ نیتانند رائے اور وزیر مملکت برائے بہبودی خواتین واطفال بھی اس تقریب میں شرکت کریں گی۔ قابل ذکر ہے کہ اس طرح کا پہلا 'پارلیمانی آؤٹ ریچ پروگرام' 08 جنوری 2021 کو دہرادون میں منعقد کیا گیا تھا۔ دوسرا پروگرام 26 فروری 2021 کو شمال مشرقی ریاستوں کے لئے شیلانگ میں منعقد ہوا تھا۔
دفعہ370کی تنسیخ کے بعدلداخ کی ترقی میں کئی گنااضافہ؛درخشان اندرابی
سرینگر// بھاجپا کی سینئر خاتون لیڈرڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ دفعہ370کی منسوخی کے بعد لداخ میں ترقی کی رفتار کئی گنا بڑھ گئی ہے۔مرکزی وزارت اقلیتی امور کی مرکزی وقف کونسل کی ایک اعلی اختیاراتی ٹیم نے بدھ کو کرگل کا دورہ کیا اور آس پاس کے کئی تعلیمی اداروں اور کوچنگ سینٹرز کا معائنہ کیا جنہیں مختلف اسکیموں کے تحت وزارت سے امداد ملتی ہے۔ سی ڈبلیو سی کی ٹیم میں ڈاکٹر درخشاں اندرابی ، حنیف علی ، ایس منوری بیگم اور سی ڈبلیو سی کے سیکرٹری شاداب زیب خان شامل ہیں۔ ٹیم نے لداخ یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وزارت اقلیتی امور کے کئی منصوبوں پر عملدرآمد کا معائنہ کیا۔ ٹیم نے مقامی طلباء کے لیے وزارت کی اسکالرشپ سہولت کا بھی جائزہ لیا۔ بعد میں ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی اور لداخ کو مرکزی زیر انتظام خطے کا درجہ دینے کے بعد اس خطے نے بہت زیادہ ترقی دیکھی ہے۔ انہو ں نے کہا’’ مودی جی کا خوشحال لداخ کا نظریہ ایک اچھی شکل اختیار کر رہا ہے۔ ‘‘ڈاکٹر اندرابی نے کہا’’میں نے سول سوسائٹی کے ارکان اور کرگل کے دانشوروں سے بات کی اور انہیں یقین ہے کہ نئی انتظامیہ معیشت کو فروغ دینے کے لیے طویل المدتی اقدامات کر رہی ہیں۔ ‘‘ ان کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے انتظامیہ کو جوابدہ بنایا ہے۔ انہوں نے کرگل میں وزارت اقلیتی امور کی مرکزی اسکیموں کے مناسب نفاذ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس پہاڑی ضلع کے طلباء کی ایک بڑی تعداد’ ایم او ایم اے‘ کی اسکالرشپ اسکیموں سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔ ڈاکٹر درخشاں اندتربی نے کرگل میں کئی عوامی وفود سے بھی ملاقات کی اور مرکزی وزارت کے پروگراموں کو مزید موثر بنانے کے لیے ان کی تجاویز کو سنا۔
محبوبہ مفتی کا حالیہ بیان
بھاجپا کے3مرکزی وزراء کا ردعمل جہالت: سوز
سرینگر//پردیش کانگریس کے سابق صدر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسرسیف الدین سوز نے کہا ہے کہ کشمیر کا جھگڑا حل کرنے کی صحیح تجویز یہی ہے کہ بات چیت کا دروازہ کھولا جانا چاہئے اور جموںوکشمیر کے لوگوں کے علاوہ پاکستان سے بھی بات ہونی چاہئے۔ پروفیسر سوز نے کہاکہ بی جے پی کے 3سینئر وزراء نرملاسیتھا رمن، مختار عباس نقوی اور انوراگ ٹھاکر نے کشمیر سے متعلق پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بیان کو ٹھکراکر اپنی بے خبری اور جہالت کا ثبوت دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ محبوبہ مفتی نے کشمیر کے جھگڑے کو حل کرنے کے سلسلے میں پاکستان کے رول کا ذکر کیا ہے ،جو ایک سچائی ہے۔پروفیسر سوزنے کہاکہ محبوبہ مفتی نے یہ کہا ہے کہ کشمیر کا جھگڑا بات چیت سے طے ہو سکتا ہے اور جموںوکشمیر کے لوگوں کے علاوہ پاکستان کے ساتھ بھی بات ہونی چاہئے،اس بیان میں کیا غلط ہے؟ کیا ساری دُنیا نے پاکستان کو اس جھگڑے کا بنیادی فریق تسلیم نہیں کیا ہے؟ کیا پاکستان کو بحیثیت فریق اقوام متحدہ نے تسلیم نہیں کیا ہے؟پروفیسر سوز نے کہا کہ ان وزراء نے دراصل اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ وہ واقعات نہیں بلکہ پروپگنڈا پر بھروسہ کرتے ہیں۔
جموں کشمیرمیں پینے کے پانی کا استعمال
فیس کی شرحوں میں اضافے کا اعلان
سرینگر//جموں کشمیر واٹر ریسورسز ریگولیٹری اتھارٹی نے جموں کشمیرمیں پانی کے گھریلوں اور تجارتی استعمال کے فیس کی شرحوں میں اضافہ کیا ہے جو یکم اپرایل2021سے نافذالعمل ہوگا۔جموں کشمیر واٹر ریسورسز (ریگولیشن ومنیجمنٹ) ایکٹ 2010 کے سیکشن 128 اور 145(2)کے تحت اتھارٹی نے سال 2021-22کیلئے مختلف زمروں میںپانی کے استعمال کی نئی شرحوں کا فیصلہ کیا ہے جو 31 اپریل 2022 تک لاگو رہیں گے۔ گھریلوں زمرے میں دیہی علاقوں میں صارفین سے نصف انچ پائپ کے کنکشن پر چھ ماہ کیلئے 500روپے کافیس لیاجائے گاجبکہ 3/4انچ پائپ کیلئے نصف سال کی فیس 800روپے مقرر کی گئی ہے۔جموں کشمیر کے شہری علاقوں میں نصف انچ اور3/4انچ پائپ کے کنکشن کیلئے نصف سال کی فیس بالترتیب 1500اور 2850روپے مقرر کی گئی ہے۔ گھریلوں ونیم تجارتی کنکشن پر 1/2انچ کی پائپ پر 1750روپے فیس لیاجائے گا۔حکم کے مطابق 3/4انچ پائپ کیلئے ایک صارف نصف سال کیلئے3300روپے فیس ادا کرے گا۔تجارتی زمرے میں اتھارٹی نے نصف انچ پائپ کیلئے چھ مال کی فیس5000روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ3/4،1انچ اوراس سے زیادہ کے پائپ سائز کیلئے چھ ماہ کی فیس 15400،46220اور7700بالترتیب مقرر کیاگیا ہے۔اسی طرح میٹر لگے گھریلوں صارفین سے دیہی علاقوں میں 200کلولیٹر اور350کلولیٹر روزانہ کیلئے12روپے فی کلولیٹر کے حساب سے فیس لیاجائے گا۔میٹر لگے شہری علاقوں میں روزانہ350کلولیٹر تک پانی استعمال کرنے والوں سے 20روپے فی کلولیٹر کے حساب سے فیس لیاجائے گا۔وہ صارفین جو700لیٹرروزانہ یا اس سے زیادہ استعمال کرتے ہوں،وہ بالترتیب 21روپے اور23روپے فی کلولیٹر کے حساب سے فیس اداکریں گے ۔ میٹر لگے شہری گھریلوں ونیم تجارتی زمرے میں24روپے فی کلولیٹر کے حساب سے 350لیٹر روزانہ پانی استعمال کرنے والوں سے فیس لیاجائے گا۔وہ صارف جو700لیٹر تک یااس سے زیادہ روزانہ پانی استعمال کرتے ہوں ،وہ بالترتیب25روپے اور26روپے فی کلولیٹر کے حساب سے فیس ادا کریں گے۔تجارتی زمرے میں 1500کلولیٹر روزانہ پانی استعمال کرنے والوں سے 28روپے فی کلولیٹر کے حساب سے فیس لیاجائے گا۔حکم کے مطابق 1501، 4001, ۱ور 6000 لیٹر روزانہ پینے کا پانی استعمال کرنے والوں سے39،42اور46روپے فی لیٹربالترتیب کے حساب سے فیس لیاجائے گا۔حکم کے مطابق گھریلوں صارفین میں رہائشی احاطے،سرکاری طبی وتعلیمی ادارے،یتیم خانے ،بزرگ افراد کیلئے بنائے گئے گھروغیرہ شامل ہیں۔گھریلوں ونیم تجارتی زمرے میںرہائشی احاطے جہاں تجارتی کام بھی ہوتاہوگا جیسے دکان،ٹی اسٹال،وغیرہ ۔عوامی مقامات میں عام لوگوں کیلئے ہینڈپمپ بھی جہاں نصب ہو،شامل ہیں۔تجارتی زمرے میں وہ صارف شامل ہیں جو گھریلوں وگھریلوں ونیم تجارتی زمروں میں شامل نہیں ہیں ۔
فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو60کروڑکی آمدن حاصل
سرینگر //کمشنر سیکرٹری جنگلات ، ماحولیات سنجیو ورما نے جے اینڈ کے فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( ایف ڈی سی ایل ) کی دوسری بورڈ میٹنگ کی صدارت کی ۔ ورما جو کہ جے اینڈ کے ایف ڈی سی ایل کے چئیر پرسن بھی ہیں ، نے کاروبار میں شفافیت اور کارکردگی کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن میں پے اینڈ اکاؤنٹس آفس ( پی اینڈ اے او ) کا نظام اس سمت میں ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کارپوریشن سے کہا کہ وہ اپنا کاروبار عام لوگوں کے اطمینان کے مطابق کریں ۔انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ لکڑی کی فروخت اور تقسیم کو اس قابل بنائیں کہ وہ اس کے مستحق لوگوں تک پہنچ سکے ۔ بورڈ نے اس سال 26 فروری کو منعقد ہونے والی پہلی بورڈ میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائیزہ لیا ۔ کارپوریشن کے ایم ڈی نے بورڈ کو آگاہ کیا کہ یکم اپریل 2021 سے اس کے کام کرنے کے بعد سے جولائی 2021 تک سامان اور خدمات کی فروخت سے کارپوریشن کی مجموعی طور 60 کروڑ روپے کی آمدن ہوئی ۔ بورڈ نے سابقہ جے اینڈ کے اسٹیٹ فاریسٹ کارپوریشن کی 2014-15 سے 2019-20 کی مدت کیلئے آڈٹ رپورٹس کا نوٹ لیا ۔ جے اینڈ کے ایف ڈی سی ایل کو 3 دسمبر 2020 کو کمپنیزایکٹ 2013 کے تحت شامل کیا گیا تھا اور اس نے جے اینڈ کے اسٹیٹ فاریسٹ کارپوریشن ایکٹ 1978 کی منسوخی کے نتیجے میں سابقہ جموں و کشمیر اسٹیٹ فاریسٹ کارپوریشن کے اثاثے اور ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔ بورڈ آف جے اینڈ کے ایف ڈی سی ایل کا ڈھانچہ محکمہ خزانہ ، صنعت اور تجارت کے شعبہ ، جنگلات ، ماحولیات ، دیہی ترقیاتی محکمہ ، قبائلی امور کا محکمہ ، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ اور کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر پر مشتمل ہے ۔
تلہ باغ چاڈورہ میںلاپتہ شہری کی لاش برآمد
بڈگام//ارشاد احمد//واگام چاڈورہ کے ایک لاپتہ شہری کی لاش 4روز بعد برآمد کی گئی ہے۔45سالہ ریاض احمد راتھر ولد اسد اللہ 4روز قبل گھر سے نکلا تھا اور واپس نہیں لوٹا۔ گزشتہ روز مذکورہ شہری کی لاش چاڈورہ سے ملحقہ تلہ باغ میں میوہ باغ سے پراسرار حالت میں پائی گئی جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کرکے لاش لواحقین کے سپرد کردی۔پولیس کے مطابق مذکورہ شخص چار روز سے گھر سے اچانک لاپتہ ہوگیا تھا تاہم گھر والوں نے گمشدہ ہونے کے بارے میں کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی تھی۔پولیس نے واقعے کے متعلق ابتدائی طور پر 174 کے طور پر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
بالہ تل سونہ مرگ فورسزاہلکار گشت کے دوران فوت
کنگن//غلام نبی رینہ//دومیل بال تل میں فوجی اہلکار گشت کے دوران اچانک بیہوش ہوکر گر پڑا اوراس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق باری مرگ سے دومیل تک ایک فوجی اہلکار کانسٹیبل منوہر کونکل ساکن جھار کھنڈ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گشت کررہا تھا کہ اس دوران وہ اچانک بیہوش ہوکر گر پڑا، اگرچہ مذکورہ فورسز اہلکار کو فوری طور پر علاج کے لئے فوجی ہسپتال نیلہ گراٹھ سونہ مرگ پہنچایا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ فوجی اہلکار کی موت حرکت قلب بند ہونے سے واقع ہوئی۔ پولیس نے اس سلسلے میں زیر دفعہ 174 کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔
بانڈی پورہ میںچھ سال سے مفرور ملزم گرفتار
بانڈی پورہ //عازم جان// پولیس نے بانڈی پورہ میں گزشتہ 6برسوں سے مفرورایک ملزم کوگرفتار کیاہے۔ پولیس کو ا سپیشل موبائل مجسٹریٹ بیروہ بڈگام کی طرف سے جاری ایک مفرور عبدالحمید خان ولد عبدالغفار خان ساکن پنزی گام بانڈی پورہ کے خلاف وارنٹ موصول ہوئی تھی، جوچھ برسوںسے گرفتاری سے بچ رہاتھا۔اس سلسلے میں اس شخص کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع موصول ہونے پر ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز بانڈی پورہ محمد اِدریس کی کی نگرانی میں پولیس اسٹیشن بانڈی پورہ کی ایک پولیس پارٹی نے مخصوص جگہ پر چھاپہ مارا اور مذکورہ مفرور کو گرفتار کیا۔ وہ قانون کے مطابق مجرمانہ مقدمات میں ملوث تھا اور 2015 سے مفرور تھا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ ملزم کردار کے لحاظ سے خراب فہرست میں شمارکیا جاتا ہے۔
’’لداخ: نئی شروعات ، نئے اہداف‘‘
لیہہ میں 3روزہ میگا سیاحت تقریب آج سے
نئی دہلی//مرکزی علاقہ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر رادھا کرشنا ماتھر اور مرکزی وزیر سیاحت ، ثقافت اور شمال مشرقی خطے کی ترقی جے کشن ریڈی ایک بڑے سیاحتی پروگرام "لداخ: نئی شروعات" سے خطاب کریں گے۔ لیہ میں 26 سے 28 اگست 2021 تک کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ تقریب کے دوران "لداخ کے لیے ایک سیاحت وژن" دستاویز کی نقاب کشائی کی جائے گی جس میں لداخ خطے کی مجموعی ترقی پر توجہ دی گئی ہے۔ دستاویز میں پائیدار ماحولیاتی طریقوں ، مقام?