سوپورمیں نوجوان دل کادرہ پڑنے سے فوت
غلام محمد
سوپور//سوپور میں ایک 19برس کا نوجوان اچانک حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوا۔ثاقب سلطان ڈارولدمحمدسلطان نامی نیوکولونی سوپور کایہ نوجوان بارہویں جماعت میں زیرتعلیم تھااورگھرمیں ہی حرکت قلب بند ہونے سے اُس کی موت ہوئی۔متوفی کے گھروالوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اچانک گر پڑااورہم نے اُسے سب ضلع اسپتال سوپور پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے کہا کہ بتایاجاتا ہے کہ نوجوان دل کادورہ پرنے سے فوت ہوا،تاہم ابھی تک اس کے موت کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
کپوارہ میں18مدرسین کی عزت افزائی
اشرف چراغ
کپوارہ//کپوارہ میں ایک تقریب کے دوران18اساتذہ کی عزت افزائی کی گئی۔ضلع انتظامیہ کپوارہ نے چیف ایجو کیشن دفتر کے اشتراک سے ہائر سکینڈری سکول کپوارہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیاجس میں ضلع کے 18مدرسین کو بہترین استاد کے انعام سے نوازا گیا ۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ امام الدین مہمان خصوصی تھے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے اساتذہ کی کار کردگی کو سراہا جبکہ کو رونا وائرس کے دوران آن لائن کمیونٹی کلاسزکو تسلی بخش قرار دیا ۔انہو ں نے اساتذہ کو شیخ مکتب ہو کر تعمیر انسانیت کا کردار ادا کرنے کی تلقین کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایجو کیشن آفیسر کپوارہ عبد الحمید فانی نے اساتذہ کو لگن اور تن دہی سے اپنے فرائض منصبی نبھانے کی تلقین کی۔اس موقع پر ڈپٹی چیف ایجو کیشن آفیسر کپوارہ ہندوارہ منظور احمد بٹ اور پر نسپل ہائر سیکنڈری سکول کپوارہ معراج الدین نے بھی خطاب کیا۔
پاریگام پلوامہ میں بھیانک آگ
۔8دکانیں اور درگاہ خاکستر
کروڑوں کی املاک تباہ
سرینگر//پاریگام پلوامہ میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں 8دکانیں اور ایک درگاہ خاکستر ہوگئی۔ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ایک دکان سے آگ ظاہر ہوئی جس نے بھیانک رخ اختیار کیا اورآناً فاناً دیگر دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائرسروس عملہ جائے واردات پر پہنچ گیا اور کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیاگیا۔ آگ لگنے سے 8دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان اور درگاہ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ۔اس دوران پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات کو جاننے کیلئے کیس درج کرلیا ہے۔
اننت ناگ میں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ
سرینگر// اننت ناگ ضلع کے ہانجی دانتر، پشواڑہ ، نندپورہ،منیوارا، لارم، منگہال، چیڈہامہ،نوتھو، آشاجی پورہ،کامڈ علاقوں میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد عوام کیلئے باعث پریشانی بنی ہوئی ہے ۔گذشتہ چند برسوں سے میونسپل کارپوریشن اور اس سے جڑے کئی سرکاری محکموں اور اداروں نے بار بار یہ دعویٰ کیا کہ آوارہ کتوں کی تعداد کم کرنے کے لئے مختلف طور طریقوں کو عملایا جارہا ہے تاہم زمینی سطح پر کچھ نظر نہیں آرہا ہے۔ضلع کے کئی علاقوں خاصکر میڈیکل کالج کے باہر آوارہ کتوں کی اس قدر بھرمار ہے کہ مریضوں کا چلنا پھرنا دشوار بن چکا ہے ۔آوارہ کتوں کی ہڑبونگ اس قدر بڑھ گئی ہے کہ اب گاڑیوں پر کتے ہلہ بول دیتے ہیں۔لوگوں نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام اور ضلع انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
فارمیسی کے عالمی دن پر سکمز میں تقریب
سرینگر//فارمیسی کے عالمی دن پر سکمز میں نگوا کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا اوراس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ۔تقریب کی صدارت نگوا کے صدر اشتیاق بیگ نے کی ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ طبی شعبے میں فارمیسی ایک انقلابی اقدام تھا جس کی بدولت علاج و معالجہ کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی آئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں شعبہ صحت کی کامیابی کے پیچھے فارمیسی ہی ہے ۔ بیگ نے ہسپتال انتظامیہ کے سربراہ ڈاکٹر غلام حسن ایتو کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہیلتھ کی جانب سے ایوارڈ دینے پرمبارکباد دی ۔ سکمز جموں کشمیر میں آیوشمان بھارت سکیم کی عمل آوری پر اول نمبر پر رہا ہے جس کے اعتراف میں موصوف کو اس اعزاز سے نوازاگیا ۔
بومئی تھانہ میںپولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ میٹنگ
سوپور//پولیس اور عوام کے بیچ بہتر تعلقات بنانے کیلئے بومئی تھانہ میں پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کی صدارت ایس ڈی پی او سوپور راجہ ماجد نے کی اور ایس ایچ اوبومئی امتیاز احمد اور دیگر افسران و اہلکار بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس میٹنگ میں زینہ گیر علاقہ کے معززین نے شرکت کی جن میں ڈی ڈی سی تجر ، بی ڈی سی چیئرپرسن اور پنچ اراکین شامل تھے جنہوں نے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل کو پیش کیا۔اس موقع پر ایس ڈی پی او نے کہا کہ اس طرح کی میٹنگوں کا انعقاد بہتر پولیسنگ کیلئے لوگوں کی تجاویز سننے کیلئے منعقد کی جاتی ہیں اور مستقبل میں بھی منعقد کی جائیں گی۔شرکاء کی طرف سے اُجاگر کئے گئے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے ایس ڈی پی او نے یقین دلایا کہ ان مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا اور دیگر مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
سنٹرل کنٹریکٹرس کارڈنیشن کمیٹی کا تعزیتی اجلاس
سرینگر// سنٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کا ایک تعزیتی اجلاس زیر صدارت جنرل سیکرٹری فاروق احمد ڈار منعقد ہوا جس میں کمیٹی سے وابستہ قیصر احمد کے فرزند کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ یہ اجلاس مرکزی دفتر صفاکدل سرینگر پر منعقد ہوا۔ جس میں سیکریٹری ارشد احمد بٹ ، مشتاق احمد پرے وائس چیئرمین ، اشفاق احمد خان ، عمر جاوید خان ، طارق مشتاق خان کے علاوہ دیگر لیڈران نے بھی شرکت کی۔ تعزیتی اجلاس میں مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی گئی اور لواحقین کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔