حضرت محمدؐعالم انسانیت کیلئے بہترین نمونہ
نماز جمعہ کے موقع پر علماء و خطیبوں کا سیرت طیبہ پر خطاب
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے نماز جمعہ کے موقع پر آیمہ مساجد، خطیبوں و علماء نے سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ علیہ السلام کا اخلاق و کردار پوری انسانیت کے لئے نمونہ ہے۔ ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ،کاہرہ ،بونجواہ ،چرالہ ،گندنہ ،مرمت و دیگر مساجد میں نماز جمعہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے علماء و خطیبوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جہاں پوری دنیا سے جہالت کو مٹایا وہیں پرچم اسلام کی سربلندی کی خاطر کئی مصیبتیں و تکلیفیں برداشت کی لیکن ہمیشہ آپسی بھائی چارے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ علیہ السلام کی زندگی مکمل ضابطہ حیات ہے۔ مقررین نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پوری انسانیت کے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا تھا جس کا اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ذکر کیا ہے۔ علماء نے عوام الناس پر زور دیا کہ حضور اکرم کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق اپنی عملی زندگی گذار کر دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کریں۔ ادھر مدرسہ اویسیہ امینیہ دھریوڑی بھلیسہ میں جشن میلاد النبی کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس دوران نعت خوانی و درود سلام کے ساتھ علماء نے سیرت النبی پر روشنی ڈالی۔
ڈوڈہ میں کووڈ 19 کے 5 نئے معاملات
پہلے مرحلے میں سو فیصد ٹیکہ کاری مکمل
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں جمعہ کو کورونا وائرس کے 5 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز ضلع میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران پانچ افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد بڑھ کر 41 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7672 پہنچ گئی ہے۔ ضلع میں اٹھارہ سال سے زیادہ کے عمر کے سو فیصد لوگوں میں ویکسی نیشن کی پہلی خوراک دی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 447429 ٹیکے لگائے گئے ہیں اور اب تک کوؤڈ 19 سے 133 افراد فوت ہوئے ہیں۔
عید میلادالنبیؐ پرعالم انسانیت کوتہنیت
جموں//شیعہ فیڈریشن صوبہ جموںکے صدر الحاج عاشق حسین خان نے امت ِ مسلمہ کی خدمت میںہدیہ تبرک پیش کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میںکہا ہے کہ محسن ِ انسانیت حضرت محمد مصطفے ؐ کی ولادت پر عالم اسلام ہی نہیںبلکہ عالم ِانسانیت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،کیوںکہ حضور ؐ رحمۃ للعالمین بنا کر بھیجے گئے تھے ، لہٰذا شیعہ فیڈریشن اِس مبارک و سعید موقعہ پر عالم انسانیت کی فلاح و بہبود اور خوشحالی اور ترقی کیلئے دعا گو ہے۔اس وقت جہاںدنیا بھر میںبے چینی ،ناامیدیت ،تباہی و بربادی ،ظلم و بربریت ،بے روزگاری ،بے راہ روہ ،ناانصافی اور عدم تحفظ کا دو ردورہ ہے وہیںہمارے ملک اور ہماری ریاست میںبھی کچھ ایسے ہی حالات ہیں،شیعہ فیڈریشن اپنے وجودکے روز اول سے عالمی بھائی چارے ،علاقائی اور ہندو ،مسلم ،سکھ، عیسائی ،بودھ اور جین سماج میںمحبت ،رواداری ،اخوت اور آپسی بھائی چارے کیلئے کام کر رہی ہے اور شیعہ فیڈریشن جہاںہفتہ وحدت کے موقعہ پر دعا گو ہے ،وہیںاپنے عزم اور ارادے کا اظہار بھی کرتی ہے کہ چاہے حالات کس قدر بھی دگر گوںہو جائیںشیعہ فیڈریشن اپنے نصب العین پر ڈٹ کر عالمی بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی او ر تما م برادریوںکو ایک ہی نقطہ اتحاد پر جمع کرنے کا کام کرتی رہے گی ۔
کھنکوٹ ڈوڈہ میں نوجوان کی آن لائن کیریئر کونسلنگ
ڈوڈہ//فوج نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مسلسل کوششوں میں مختلف پروگرام شروع کیے ہیں۔ اسی جذبے کو جاری رکھتے ہوئے فوج نے ضلع ڈوڈہ کے کھنکوٹ میں آن لائن یوتھ کیریئر کونسلنگ کا اہتمام کیا۔ اس مشاورت کا مقصد ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا اور تعلیمی سہولیات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ مشاورت میں طلباء کو مختلف کیریئر پر مبنی کورسز اور مختلف ہنر مند اور نیم ہنر مند شعبوں میں روزگار کے مختلف مواقع کے بارے میں رہنمائی کی گئی۔ طلباء نے مواقع اور تعلیمی سہولیات کے حوالے سے کئی سوالات اٹھائے جن کا ہندوستانی فوج کے نمائندوں نے تسلی بخش جواب دیا۔ خطے کے کل 23 لڑکے آن لائن یوتھ کیریئر کونسلنگ پروگرام کے دوران عملی طور پر ملے۔
گاڑیوں سے 1.17 لاکھ روپے جرمانہ وصول
سانبہ//ایم وی ڈی کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف راستوں پر ایک خصوصی چیکنگ ڈرائیو کا انعقاد کیا تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی جاسکے۔ٹیم نے 7 گاڑیاں ضبط کیں اور 15 دیگر کے چالان کیے ، جبکہ 23کو ایم وی ایکٹ کی خلاف ورزیوں کی مختلف دفعات کے تحت موقع پر کمپاؤنڈ کیا گیا۔اس موقع پر 117500 روپے (ایک لاکھ سترہ ہزار پانچ سو) جرمانہ وصول کیا گیا اور باقی چالان سے ایک لاکھ روپے سے زائد جرمانہ متوقع ہے۔