حاجن میں پولیس دربار
لوگوں نے مسائل سے آگاہ کیا
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ پولیس نے عوامی رابطہ مہم کے دوران حاجن ڈاک بنگلہ میں ایک عوامی دربار منعقد کیا جس کی صدارت ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد نے انجام دی جبکہ ایڈیشنل ایس پی محمد عاشق ٹاک مہمان ذی وقار تھے۔ عوامی دربار میں ایس ڈی پی او حاجن ،ایس ایچ او حاجن اورچیئرمین میونسپل کمیٹی حاجن بھی موجود تھے۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کی اوردرپیش مسائل سے پولیس حکام کو آگاہ کیا ۔ ایس ایس پی بانڈی پورہ اور ایڈیشنل ایس پی نے لوگوں کے ساتھ بات چیت کی اور یقین دلایا کہ ان کے مسائل اعلیٰ افسران تک پہنچائے جائیںگے ۔ایس ایس پی نے اس موقع پر کہا کہ ایسے عوامی دربار منعقد کرنے سے پولیس اور عام لوگوں کے درمیان دوریاں سمٹ جاتی ہیں جبکہ پولیس اور عام لوگوں کے درمیان تال میل بڑھ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس سماجی بدعات کے خلاف ہر صف آرا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس کو اپنا تعاون دیں ۔
ہندوارہ پولیس کی کارروائی میں ریت اور باجری ضبط
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے مختلف اہم نالو ں سے عدلیہ کی پابندی کے باجود بھی ریت اور باجری نکالنے کا کام عروج پر ہے اور واری پورہ ہندوارہ میں پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ریت اور باجری ضبط کی ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ نے نالو ں سے ریت اور باجری نکالنے پر مکمل طور پرپابندی عائد کی تاہم واری پورہ ہندوارہ میں عدالت عالیہ کے اس حکم نامہ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ریت اور باجری نکالنے کا کام بلا روک ٹوک جاری ہے جس کے نتیجے میں علاقہ کے لوگو ں میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے ۔پولیس نے پیر کو ایک اور کارروائی کے دوران واری پورہ میں نالہ میں جمع ریت اور باجری کو ضبط کیا اورچیئرمین اوقاف کمیٹی کے سپرد کیا ۔پولیس نے نالہ کو جانے والی تمام سڑکو ں کو بند کیا اور کہا کہ مافیا کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔مقامی لوگو ں نے محکمہ جیالوجی اینڈ مائنگ کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریت مافیا پر روک لگانے میں ناکام ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے نالہ کی ہئیت بگڑ گئی ہے ۔
تعلیم کے حقوق
ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی گاندربل کے اہتمام سے بیداری پروگرام
ارشاد احمد
گاندربل//ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل نے جموں کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کے زیراہتمام پیر کے روز گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول گاندربل میں ’’تعلیم کا حق‘‘ کے موضوع پر قانونی بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔چیئرپرسن ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل شازیہ تبسم (پرنسپل ڈسٹرکٹ سیشن جج )کی صدارت میں سیکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل تبسم کی رہنمائی میں یہ پروگرام عمل میں لایا گیا۔پروگرام اسکولوں میں بچوں کے 100فیصد اندراج کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کے مقصد سے منعقد کیا گیا تھاجس میں والدین، اساتذہ اور ماہرین تعلیم پر مشتمل افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرپرسن تحصیل لیگل سروسز کمیٹی (منصف)گاندربل فخر النسا، ڈپٹی چیف ایجوکیشن افسر گاندربل، ضلع گاندربل کے زونل ایجوکیشنل افسروں نے شرکت کی ۔تعلیم کے حقوق کے مسائل اور چیلنجز، نفاذ اور اس کی خامیوں پر مفصل روشنی فراہم کی گئی۔مقررین نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ایک مسئلہ جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے وہ 25فیصد ریزرویشن کے بارے میں بیداری پیدا کی جائے جو تمام اسکول منتظمین کے ذریعہ پوری کی جاسکتی ہے۔جس کے تحت معاشرے کے معاشی طور پر کمزور طبقے کے بچے تمام فوائد حاصل کر سکتے ہیں ۔ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی گاندربل نے سیشن 2020-2021 کے لیے سماج کے معاشی اور کمزور طبقوں کے طلبہ کے 25فیصد ریزرویشن کے نفاذ کے بارے میں مختلف نجی اسکولوں سے بھی معلومات طلب کیں۔پروگرام کے دوران ایڈوکیٹ ذوالفقار عالم نے اپنی تقریر میں واضح کیا کہ یہ والدین، اساتذہ اور مقامی حکام کا فرض اور ذمہ داری ہے کہ وہ 6 سے 14 سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کو یقینی بنائیں۔
خواہشوں سے خوشیوں کاسیزن۔3
LG الیکٹرانکس نے کامیاب صارفین کا اعلان کیا
سرینگر//LGالیکٹرانکس نامی کمپنی نے ’خواہشوں سے خوشیوں تک سیزن3‘ کے پہلے ہفتے کے لکی ڈراز کے فاتحین کا اعلان کیا۔ پچھلے سال کے برعکس اس بار ایک نہیں بلکہ دو ہفتہ وار قرعہ اندازی اس تہوار کے سیزن میں LG ہوم اپلائنسزکی طرف سے ہورہی ہے ۔صارفین 26 ستمبر 2021 سے 30 نومبر 2021 کے درمیان اس مقابلے کے لیے اندراج کر کے لکی ڈرا میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔پہلے ہفتہ وار لکی ڈرا میں امیت نے ایک LG ایس بی ایس ریفریجریٹر جیتا، جس کی مالیت 1,25,000 تھی۔ اس 10 ہفتے طویل مہم کے دوران، صارفین کے پاس 1000 روپے مالیت کی LG مصنوعات جیتنے کا موقع ہے۔ ہفتہ وار انعامات میں فراسٹ فری فریج، ٹاپ لوڈ واشنگ مشین، ایئر کنڈیشنر، واٹر پیوریفائر اور مائیکرو ویو اوون شامل ہیں۔ مزید برآں، 7 اچھے دنوں پر تہوار کے بمپر لکی ڈراز ہوں گے جہاں فاتح منتخب علاقوں میں سائیڈ بائی سائیڈ ریفریجریٹرز اور اسٹائلز جیسی پریمیم LG مصنوعات جیت سکتے ہیں۔اس موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے سرجیت سنگھ منہاس، برانچ منیجر جموں نے کہا’’جیتنے والوں کو دلی مبارکباد اور تمام شرکاء کا بہت بہت شکریہ۔ LG Electronics میں صارفین کا اطمینان ہماری اولین ترجیح ہے۔ خواشوں سے خوشیوں تک کا سیزن 3 ان کے تہواروں کے موسم کو روشن کرنے کی ہماری کوشش ہے اور ان کے ساتھ مشغول ہونے میں ہماری مدد کرتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے صارفین ہماری مصنوعات اور خدمات سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے، کیونکہ ہم LG کی اختراعی مصنوعات کے ساتھ ان کے گھروں کو نئی شکل دینے کی کوشش کرتے ہیں‘‘۔
چنڈی گام میگاایڈ کیمپ،
ضلع کمشنرکپوارہ نے طلبہ میں ایک لاکھ روپئے کے انعام تقسیم کئے
کپوارہ/اشرف چراغ /ضلع انتظامیہ کپوارہ نے چنڈی گام میں حالیہ میگاایڈ کیمپ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے پر طلبہ میں ایک لاکھ روپئے بطور انعام تقسیم کیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ امام الدین نے پیر کواپنے دفتر میں چیف ایجو کیشن افسر کی موجودگی میں فوج کے گو ڈ ول سکول چنڈی گام اور گورنمنٹ مڈل سکول بمہامہ کے طلبہ میں ایک لاکھ روپئے بطور انعام پیش کیا ۔بتایا جاتا ہے کہ ان سکولو ں میں زیر تعلیم طلبہ نے چنڈی گام میں 3روز قبل میگا ایڈ کیمپ کے دوران کشمیری گیت گائے جو حب الوطنی کے ساتھ منسلک تھے ۔مرکزی وزیر برائے انصاف و قانون کرن رجیجو طلبہ کے کشمیری گیت گانے کے دوران کافی متاثر ہوئے اور ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ سے کہا کہ ان طلبہ کی بہترین کارکردگی پر انہیں انعام سے سر فراز کیا جائے جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے پیر کو دونو ں سکولو ں میں پچاس پچاس ہزار روپئے بطور انعام تقسیم کئے ۔