جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیاں
پونچھ میں پاکستان مخالف احتجاج
حسین محتشم
پونچھ//حد متارکہ پر ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان روز بروز جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور گولہ باری کے معاملے کولے کر ضلع پونچھ میںاحتجاج کئے جا رہے ہیں ۔سرحدپارکی فوج کی جانب سے گولی باری کرکے فوج اور عام لوگوں کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف سماج سیوا سوسائٹی کے زیر اہتمام پرانی پونچھ چوک میں ایک احتجاجی مظاہرہ زیر قیادت چیرمین یوگل کشور کیا گیا. جہاں مظاہرین نے جم کر پاکستان مخالف نعرے لگائے اور پاکستانی حکومت کا پتلہ نذرآتش کرتے ہوئے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ اس دوران خطاب کرتے ہوئے یوگل کشور نے ہندوستانی حکومت کو پاکستان کو کرارا جواب دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج حدمتارکہ کے قریب رہائشی علاقوں میں گولہ باری کر کے بے گناہوں کا قتل عام کر رہے ہیں جن کے خلاف ہندوستانی فوج کو سخت کاروائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بار بار غلطی کر رہا ہے ایک بار کی غلطی معاف ہو سکتی ہے بار بار کی نہیں۔
خطہ پیرپنچال کی عوام گونا گوں مسائل سے دوچار
ریلوے لائن پروجیکٹ سمیت پروجیکٹ کھٹائی میںپڑنے سے عوام مایوس
بختیار حسین
سرنکوٹ//خطہ پیر پنجال اپنی بے پناہ خوبصورتی اور منفرد تہذیب و تمدن کے لئے پوری ریاست میں منفرد مقام رکھتا ہے۔لیکن یہاں بسنے والے لاکھوں افراد کے ساتھ ہر دور میں زیادتی کی گئی۔یہاں جتنی بھی حکومتیں وجود میں آئیں انھوں نے اس خطے کے عوام کے ساتھ نا انصافی کرنے میں کوئی بھی کسر باقی نہیں چھوڑی۔آج بھی حکومتی سطح پر خطہ پیر پنجال کے ساتھ برابری کا سلوک نہیں کیا جا رہا ہے۔اگر اس کا جائزہ لیا جائے تو حقیقت بالکل کھل کے سامنے آ جائے گی۔آج تک جتنے بھی ممبر پارلیمنٹ جموں پونچھ سیٹ سے فتح سے ہمکنار ہوئے واپس پیر پنجال کی طرف دیکھنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔اس وقت ریاست میں اور مرکز میں حکومت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہے اور پونچھ جموں لوک سبھا سیٹ پر بھی بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ جگل کشور کے روپ میں موجود ہیں لیکن ان کی ابھی تک خطہ پیر پنجال میں کارگردگی کچھ خاص نہیں رہی ان کے پاس جو فنڈز موجود ہیں ان کا استعمال خطہ پیر پنجال میں عوامی خواہشات اور عوامی بہتری کے لئے نہیں کیا گیا۔کئی بار جموں پونچھ ریلوے لائن کا اعلان کیا گیا لیکن آج تک کوئی بھی حکومت اس کو بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکی اس بار خطہ پیر پنجال سے تعلق رکھنے والی عوام کو یقین تھا کہ ممبر پارلیمنٹ جگل کشور،کابینہ چوہدری ذولفقار علی،کابینہ وزیرغنی کولی ،خطہ پیر پنجال کے ممبران اسمبلی اور کونسل کے ممبران ضرور عوامی خواہشات پر کھرااتریں گے اور دہلی سے پروجیکٹ لے کر خطہ پیر پنجال کی عوام کے دل خوب جیتیں گے۔ لوگوں کی خواہش تھی کہ مخلوط حکومت اس بار مرکزی حکومت سے ریلوے لائن پروجیکٹ کو منظور کروا کر جلد کام شروع کروائیں گے اور اس پروجیکٹ کو مکمل کروائیں گے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ اس پروجیکٹ پر ابھی کوئی بھی ردعمل دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ممبر پارلیمنٹ کو خطہ پیر پنجال کی عوام کی امیدوں پر کھرا اترنا چاہیئے اور یہاں پر پانی، بجلی،سڑک اور پل وغیرہ کے لئے اور نئے پروجیکٹوں کے لئے رقم واگزار کی جانی چاہیئے تا کہ اس خطے کے عوام کے ساتھ نا انصافی کا چلا آ رہا باب بند ہو سکے۔
لاپتہ غیرریاستی مزدور
درخت سے لٹکاہواپایاگیا
راجوری//راجوری کے ناڑیاں گائوں میں ایک غیرریاستی مزدورکوایک درخت کے ساتھ پراسرارطورپرلٹکاہواپایاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق غیرریاستی مزدورکی شناخت آکاش ناس ولد سنت ناس ساکنہ اترپردیش کے طورپرہوئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ آکاش اپنے پریوارکے ساتھ راجوری میں عارضی طورپررہ رہاتھااورمزدوری کرتاتھا ،اوروہ پچھلے کئی دنوں سے لاپتہ تھا۔پولیس افسرنے بتایاکہ ایک خاتون جنگل کے قریب سے گذررہی تھی تواس نے درخت پرلٹکے ہوئے کسی شخص کودیکھنے کے بعدپولیس کومطلع کیاجس کے بعد پولیس چوکی چنگس کے انچارج کی قیادت میں پولیس ٹیم موقعہ پرپہنچی اورنعش کوپوسٹ مارٹم کیلئے ضلع ہسپتال پہنچایا۔پولیس معاملے کی چھان بین کرہی ہے۔
پونچھ میں لوڈشیڈنگ روزکا معمول بن گیا
غیراعلانیہ کٹوتی سے لوگ پریشان،طلباء کی تعلیم بھی متاثر
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ بجلی کی ناقص کارکردگی کے باعث پونچھ میں لوڈشیڈنگ روز کا معمول بن گیا ہیجس کی وجہ سے پونچھ قصبہ کے لوگ متعلقہ محکمہ کی ناقص کارکردگی اور غیر اعلانیہ کٹوتی پر سخت برہم ہیں۔ لوگوں کا الزام ہے کہ محکمہ بجلی کے حکام جان بوجھ کربجلی بند کر کے علاقہ میں صارفین کو پریشان کر رہے ہیں. انہوں نے کہاکہ اس کی سب سے بڑی سزا ان سکولی بچوں کو بھگتنا پر رہی ہے جن کے امتحانات چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی آنکھ مچولی اور بجلی کے بند رہنے کا عمل ماہانہ بجلی فیس ادا کرنے والے صارفین بجلی کے جیبوں پر بھاری پڑ رہاہے۔ اس سلسلے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سماجی کارکن ولی محمد شیخ نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے شام اور صبح کے وقت لوگوں کو گھپ اندھیروں میں ہی رہنا پڑتا ہے۔ انہوں نی محکمہ بجلی کی ناقص کارکردگی پر محکمہ بجلی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کے ملازمین اور انجینئروں کی اپنے فرض کے تئیں برتی جانے والی غفلت کی وجہ سے ضلع پونچھ کے درجنوں دیہات کئی کئی روز تک بجلی سے محروم رہتے ہیں اور محکمہ کی لاپرواہی کا عالم یہ کہ پونچھ قصبہ میں بجلی کی آنکھ مچولی عوام کے لئے درد سر بنی ہوئی ہے. رابطہ کرنے پر محکمہ کے اے ای شجاع علی میر نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے پوری کوشش کی جارہی ہے کہ عوام کو بجلی فراہم کی جائے. انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے محکمہ کو تعاون نہ ملنے کی وجہ سے وہ اس سلسلے میں کامیابی حاصل نہیں کر پارہے ہیں. انہوں نے کہا کہ سردیوں کا موسم ہے پونچھ قصبہ میں لوگ ہیٹر، بوائلر، گیزر اور دوسری برقی مشینیں استعمال کر تے ہیں جس کی وجہ سے بجلی پر زیادہ لوڈ پڑ جاتا ہے اور کٹ ہوجاتاہے. انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے بار بار انتباہ دیئے کے بعد بھی لوگ ان مشینوں کا استعمال کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے. انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی۔
مینڈھرمیں دوائیوں کی دکانوں کامعائینہ
میڈیکل سٹورکوتین دن تک بندرکھنے کی ہدایت
جاوید اقبال
مینڈھر//ڈرگ انسپکٹر پونچھ اشتیاق احمد بابا نے منگلوار کو مینڈھر علاقے کا دورہ کرکے کئی دوائی کی دکانوں کو اچانک معائینہ کیا اس دوران انھوں نے ایک دکان اشونی میڈیکل ہال سنگالہ چوک کو تین دن تک بند کرنے کا حکم دیا کیونکہ دکان میں ریکارڈ کے علاوہ صفائی ستھرائی نہیں تھی جس پر ڈرگ انسپکٹر پونچھ نے تین دن کے لئے دکان کو بند کرنے کا موقع پر حکم دیا اور دکان مالک کو کہا کہ دکان میں سب کچھ ٹھیک ہونا چاہیے ورنہ اگر کچھ ناجائز طور پر ملا تو دکان کا لاسائسنس منسوخ کیا جائے گا ۔ اس دوران انھوں نے مینڈھر قصبہ میں دو دکانوں کو نوٹس بھی دیا کہ دکانوں کے اندر صفائی کے علاوہ ریکارڈ مکمل ہو نا چاہیئے جن میں مغل فسٹ ایڈ اور سمرن میڈیکوز شامل ہیں اس دوران انھوں نے تمام دکانداروں کو ہدایت دی کہ کوئی بھی دکاندار نشہ آور دوائیاں فروخت نہیں کرے گا کیونکہ اس سے بچے تباہ ہو رہے ہیں لہذا آپ نے وہ دوائیاں فروخت کرنی ہیں جو قانون کے تحت آتی ہیں اور ساتھ میں ریکارڈ بھی مکمل رکھنا ہے ورنہ اگر کوئی دکاندار پکڑاگیا تو اس کے خلاف کاروائی ہو گی۔
بانڈی کماں خان وارڈ نمبر 9کے لوگوں کااحتجاج
ایس ٹی ریزرویشن برقرار رکھنے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ //بانڈی کماں خان کی وارڈ نمبر 9کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیاجس کی قیادت محمد شریف نے کی۔اس دوران مظاہرین نے انتظامیہ سے وارڈ نمبر 9کی ایس ٹی ریزرویشن بحال رکھنے کا مطالبہ کیا. اس موقعہ پر بولتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کہ بانڈی کماں خان کی وارڈ نمبر 9 میں75فیصد آبادی ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھتی ہے لیکن کچھ شرارت پسندلوگ افسروں کو غلط اطلاعات دے کراس وارڈ کی ایس ٹی ریزرویشن ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملہ میں ذاتی مداخلت کر کے ان کی وارڈ کو ایس ٹی ریزرویشن بحال رکھنے کی ہدایت متعلقہ محکمہ کو دیں. اس دوران مظاہرین میں چوہدری محمد حسین، محمد دین، محمد عارف، نذیر حسین، مشتاق احمد، طارق محمود، محمد ریاض، محمد ران، محمدرفیق، محمد شکیل، محمد جمیل، محمد بشیر، محمد حسین.،محمد منظور موجود تھے۔
ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی کی عمارت افتتاح کی منتظر
طارق شال
تھنہ منڈی// عوام تھنہ منڈی نے ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی کی عمارت کے افتتاح کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی کی بوسیدہ حالت کو دیکھتے ہوئے سابقہ مخلوط سرکار میں سابق ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ اور سابق ممبر اسمبلی راجوری کے ہاتھوں ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیالیکن فنڈز کی عدم موجودگی کی وجہ سے اس کا کام شروع نہ ھو سکا۔ کچھ عرصہ انتظار کرنے کے بعد عوام تھنہ منڈی نے اسکی تعمیر کے سلسلہ میں محکمہ تعمیرات عامہ کے سابق چیف انجینئر عبدالحمید شیخ سے رجوع کیا گیا۔ جنہوں نے موقع ملاحظہ کرنے کے بعد اس عمارت کو دیکھ کر بڑی مایوسی کا اظہار کیا اور عوام کے بیچ پہلے مرحلے میں اسکی تعمیر کو شروع کرنے کے لئے دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ محکمہ کی طرف سے اسکی تعمیر کے لئے ٹینڈرز نکالے گئے تاہم عوام تھنہ منڈی کے دباؤ اور مسلسل کوشش سے موجودہ مخلوط سرکار کے رکن اسمبلی راجوری ایڈوکیٹ قمر حسین چوہدری کے تعاون سے عرصہ چار سال میں ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہ۔جو اب تک افتتاح کا منتظر ہے۔ چونکہ تھنہ منڈی تاریخی مغل شاہراہ کے بیچ میں واقع ہے۔ جہاں پر سیر و تفریح کرنے والے سیاحوں کے بیٹھنے کی کوئی معقول جگہ نہ ہے۔ عوام تھنہ منڈی نے محکمہ تعمیرات عامہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہیکہ ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی کی عمارت کا فوری طور پر افتتاح کیا جائے۔ اس سلسلہ میں ایگزیکیٹیو انجینئر تعمیرات عامہ راجوری صدیق احمد وانی نے کہا کہ ڈاک بنگلہ کی عمارت مکمل ہے۔ صرف گیٹ اور سیڑیوں کا کام باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبر، اسمبلی راجوری ریاستی اجلاس میں مصروف ہیں۔جونہی فارغ ہوتے ہیں ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی کا رسم افتتاح کیا جائے گا۔