مسلمان اپنے اداروں اور قیادت پر اعتماد رکھیں:مولانا غلام قادر
ہندوستانی مسلمانوں کو پاکستانی سمجھنے والوںکیخلاف قانون بنایاجائے
پونچھ//بزرگ عالم دین وممبر کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈمولانا غلام قادر نے ملت اسلامیہ ہند کے موجودہ حالات میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈکی خدمات کوسرا ہتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈمسلمانان ہند کا باوقار اور با اعتماد ادارہ ہے جسکی سنہری تاریخ اور شاندار کارناموں کو ہمیشہ یاد کیا جاتارہے گا۔یہاں جاری ایک بیان میں مولانا نے کہا کہ مسلمانان ہند جو آزادی کے بعد سے اب تک نامساعد حالات کا شکار رہے ہیں، سیاسی اور سماجی سطح پر ملک کی دوسری بڑی آبادی کو جس طرح منصوبہ بند طریقے سے پسماندہ اور پچھڑارکھا گیا ایسے میںبورڈجیسے ایک غیر سرکاری ادارے نے جن مشکل حالات میں ملک وملت کی خدمت انجام دی ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔مولانا نے کہاکہ نامساعد حالات میں جب کہ فضا بھی مخالف ہو اور باہمی یکجہتی بھی نہ ہو ایسے حالات میںکسی قوم کی قیادت ایک مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن کام ہوتا ہے مگر بورڈکی اول قیادت سے اب تک کی ہر قیادت نے جس صالح مندی دردمندی اور دور اندیشی سے قوم کی ایماندارانہ قیادت کی ہے جس کیلئے پوری قوم بورڈکی ممنون ہے۔ مولانا نے تمام مکاتب فکر کے ان اکابرین کی بھی ستائش کی جنہوں نے ملی مفادات کی خاطر مسلکی تنگ نظری سے دور رہ کر ملت کے لئے کام کیا۔انہوںنے قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنے اداروں اورقیادت پر اپنا اعتماد جاری رکھیں اور کسی بھی پروپیگنڈہ کا شکار نہ ہوں اس لئے کہ اس وقت مسلمانوں کو ان کی قیادت سے بدگمان کرنے کے لئے نئے نئے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں ایسے میں ان لوگوں پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت ہے جو ملت کیلئے اس امتحان کے وقت میں بھی فرقہ پرستی اور تنگ نظری سے کام لے رہے ہیں۔ مولانا نے کہاکہ بابری مسجد ہو یا طلاق ثلاثہ کا معاملہ ہو یا موجودہ دور حکومت میں مسلمانوں کیلئے جو مشکلات پیداکی جارہی ہیں، ان تمام حالات کے پیش نظر بورڈ کی حمایت کرتے ہوئے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی قیادت کے شانہ بشانہ قدم بہ قدم رہ کر ان کے حوصلوں کو تقویت دیںتاکہ نہ عوام کے قدم ڈگمگائیں اورنہ قیادت کیلئے مشکلات کھڑی ہوں ۔مولانا نے حکومت ہند کی مسلمانوں کے حوالہ سے حالیہ پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایااور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے اور اس انارکی کے ماحول کو ختم کرے اور جمہوری نظام کو کمزور نہ ہونے دے۔ مولانانے کہا کہ پوری دنیا گواہ ہے کہ مسلمانان ہند نے پر امن شہری ہونے کی ہر ذمہ داری اداکی ہے اور ملک کی سا لمیت کی خاطرزیادتیاں بھی برداشت کیں ہیں ،ایسا نہیں ہے کہ یہاں کا مسلمان بے بس یا بے حس ہے بلکہ وہ ہر قیمت پر یہاں امن چاہتا ہے جس کی وجہ سے بیس کروڑ مسلمانوں نے زیادتیوںکو برداشت کیا اور صبر سے کام لیا ہے، گزشتہ چند سال میں جتنے واقعات رونماہوئے ہیں ان میں مسلمانوں نے جس صبر اور دانشمندی سے کام لیا ہے اس کیلئے مسلمانان ہند قابل مبارک باد ہیں جب کہ کچھ دیگر واقعات میں چھوٹے چھوٹے طبقات نے اینٹ سے اینٹ بجادی اور سر کاری اورغیرسرکاری املاک کو بے پناہ نقصان پہنچایااور امن امان کے نظام کو درہم برہم کیااس کے مقابلہ میں مسلمانوں کے صبر ضبط کیلئے پورے ملک کو مسلمانوں کا احسان مند ہونا چاہئے ۔مولانا نے کہاکہ حکومت کی جانب مسلمانوں کے اصل بنیادی مسائل کے بجائے طلاق نکاح اور حّج جیسے مسائل کو چھیڑکر صرف مسلمانوں کوکنفیوز کرنے کا کام کیا ہے جس کو ملک کا مسلمان اچھی طرح سمجھتا ہے مگر وہ پھر بھی صبر دانشمندی سے کام لے رہا ہے ۔انہوںنے ممبر پارلیمنٹ اور ممبر کل ہند مسلم لاء بورڈکے مئوقف کی بھی حمایت کی کہ ایسے لوگوں کے خلاف قانون بنایا جائے جوہندوستانی مسلمانوںکوپاکستانی سمجھتے ہیں یاپاکستانی کے نام سے پکارتے ہیں ۔مولانانے عوام کویقین دلایاکہ بورڈمسلمانان ہند کی توقعات پرپوراترے گااور قیادت کا حق ادا کرے گا۔
اساتذہ کی چھٹیاں :سروس بک میں اندراج نہہونے پر 2ملازمین معطل
سمت بھارگو
راجوری //پونچھ میں حکام نے اساتذہ کی چھٹیوں کو ان کی سروس بک میں درج نہ کرنے پر محکمہ تعلیم اور محکمہ یوتھ سروسز و سپورٹس کے دو ملازمین کومعطل کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کوبتایاکہ یہ پایاگیاہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول بنوت کے ٹیچر ، ماسٹر اور فیزیکل ٹیچروقت بروقت چھٹیاں لیتے رہے مگر ان کو ان کی سروس بک میں درج نہیںکیاگیا جو قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلے میںزونل ایجوکیشن دفتر پونچھ اور ضلع یوتھ سروسز و سپورٹس دفتر پونچھ کے متعلقہ اسسٹنٹس کو ضلع انتظامیہ کی طرف سے معطل کردیاگیاہے اور چیف ایجوکیشن افسر و ضلع یوتھ سروسز و سپورٹس افسر کو تحقیقات کرنے کو کہاگیاہے ۔دیگر علاقوں میں بھی ایسی ہی خامیاں پائے جانے کے خدشے کے ساتھ ضلع انتظامیہ نے چیف ایجوکیشن افسر پونچھ کوخصوصی ٹیمیں تشکیل دے کرپندرہ دنوں کے اندراندر جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ حمید شیخ نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اس کارروائی کی تصدیق کی ۔
آصفہ کے قاتلوں کوسزائے موت دینے کی مانگ
منیر خان +جاویداقبال +طارق شال
راجوری+مینڈھر +تھنہ منڈی// کٹھوعہ میں8سالہ بچی کے اغوااور قتل میں ملوث افراد کو سزائے موت دینے کی مانگ کرتے ہوئے راجوری پونچھ کے لوگوںنے کہاکہ ایسے درندوںسے ہمدردی سے پیش نہیں آیاجاسکتا۔ان کاکہناہے کہ اس کیس میں ایک ایس پی او نام سامنے آیاہے اور دیپک کھجوریہ نامی اس اہلکار کو سزائے موت دی جائے اور ساتھ ہی دیگر ملوثین کو بھی بے نقاب کیاجائے ۔ سماجی کارکن گفتار چوہدری نے کہاکہ وہ پولیس کارروائی کی سراہنا کرتے ہیں جس نے اس درندہ کو گرفتار کیاہے ۔تاہم انہوںنے کہاکہ اس انسانیت سوز واقعہ میں ملوث دیگر افراد کو بھی گرفتار کرکے کڑی سزادی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ آصفہ کے قاتل کو سزائے موت دی جانی چاہئے تاکہ اس طرح کے جرائم پر روک لگ سکے اور متاثرہ کنبے کو انصاف ملے ۔ لیبر یونین کے صدر عبد المجیدچوہدری نے اس حوالے سے کہا کہ کٹھوعہ میں ایک معصوم بچی کا قتل کیا گیالیکن حکومت خاموش ہے اور وہ زبان تک نہیں کھول رہی ۔ ان کاکہناہے کہ قاتل ایس پی اوکو سرراہ پھانسی دی جائے ۔ عبدالمجید کاکہناہے کہ جموں ،سانبہ ، کٹھوعہ اور اودھمپور اضلاع میں جان بوجھ کر ماحول خراب کیاجارہاہے جس سے پورے ریاست کے حالات پر اثر پڑسکتاہے ۔انہوںنے کہاکہ کٹھوعہ کے مسلمان طبقہ سے ہمیشہ ظلم کیاجاتارہاہے اوراس سلسلے پر روک لگائی جائے ۔دریں اثناء تھنہ منڈی کے لوگوںنے بھی پولیس کی شاخ کرائم برانچ کی ستائش کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ آصفہ کے قاتل کو کیفر کردار تک پہنچا کر سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کے جرم کا ارتکاب نہ کرے ۔
ڈیجیٹل ایکسرے اور یو ایس جی
نوشہرہ اور منجاکوٹ کیلئے 18لاکھ روپے ریلیز
سمت بھارگو
راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری نے سب ضلع ہسپتال نوشہرہ میں نئی ڈیجیٹل ایکسرے مشین کی تنصیب اور منجاکوٹ ہسپتال میں نصب شدہ الٹرا سونو گرافی مشین کی مرمت کیلئے 18لاکھ روپے جاری کئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق نوشہرہ میں نصب کی گئی ایکسرے مشین ناکارہ ہوگئی تھی جس کی وجہ سے مریضوںکو ایکسرے کیلئے دوسرے ہسپتالوں کا رخ کرناپڑتاتھا جس پر پچھلے چھ ماہ کے دوران لوگوںنے بارہا اس معاملہ پر محکمہ صحت اور مقامی ممبران قانون سازیہ سے بات کی مگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا۔ذرائع کاکہناہے کہ حال ہی میں یہ معاملہ ضلع انتظامیہ کے نوٹس میں آیا جس پر ڈپٹی کمشنر راجوری نے نوشہرہ میں ڈیجیٹل ایکسرے کیلئے پندرہ لاکھ روپے جاری کردیئے ہیں ۔اسی طرح سے پی ایچ سی منجاکوٹ میں پچھلے کئی عرصہ سے الٹراسونو گرافی مشین خراب پڑی ہوئی تھی جس کی مرمت کیلئے رقومات کا مسئلہ رکاوٹ بناہواتھا۔ذرائع نے بتایاکہ اس مشین کیلئے ڈپٹی کمشنر نے تین لاکھ روپے ریلیز کئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ سب ضلع ہسپتال نوشہرہ میں ڈیجیٹل ایکسرے مشین کی خاطر پندرہ لاکھ روپے اور منجاکوٹ ہسپتال میں یو ایس جی کیلئے تین لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ چند دنوںمیں ہی یہ دونوں معاملات حل ہوجائیںگے ۔
ہیومن رائٹس ایسو سی ایشن کا اجلاس
سرنکوٹ //آل انڈیا ہیومن رائٹس ایسو سی ایشن کا ایک اجلاس اس کے سربراہ ڈاکٹر ممتاز حسین شاہ بخاری کی صدارت میںمنعقد ہوا جس میں صوبہ جموں کے صدر سردار ست ویر سنگھ بھی موجو دتھے ۔ اس موقعہ پر اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا اور خاص طور پر کرپشن کے خاتمے پر زور دیاگیا۔ میٹنگ میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور امتیازی سلوک کے معاملات بھی زیر بحث آئے ۔ مقررین نے حد متارکہ پر پائی جارہی کشیدگی ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ زخمیوں اور مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ انصاف کیاجائے اور انہیں مناسب امداد فراہم کی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ جنگلات کی من مانیوںسے لوگ پریشان ہیں جس کی مثال ہاڑی کے تین سو افراد ہیں جو دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں ۔
ٹراما ہسپتال سندر بنی
متبادل جگہ کی نشاندہی عنقریب کی جائے گی :ویری
جموں//پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے قانون ساز اسمبلی میں رویندر ینہ کی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ صحت و طبی تعلیم محکمہ ٹراما ہسپتال سندر بنی کیلئے متبادل اراضی کی نشاندہی کر رہا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ موزون اراضی کی نشاندہی کے بعد مرکزی سرکار کے ساتھ رابطہ قایم کیا جائے گا تا کہ اس پروجیکٹ کیلئے رقومات واگذار کئے جا سکیں ۔
پونچھ میں لیکچراروںکی 84اسامیاں خالی
جموں//تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے ایوان میں جاوید احمد رانا کی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت لیکچرروں کی آسامیاں پُر کر رہی ہے یہاں تک کہ حال ہی میں 933 لیکچرروں کی سلیکشن فہرست جاری کی گئی ۔ وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ پونچھ ضلع میں منظور شدہ کُل 309 لیکچرر آسامیوں میں سے 84 آسامیاں خالی پڑی ہیں ۔ پریا سیٹھی نے مزید کہا کہ ڈائریکٹ کوٹا کے تحت اساتذہ کی 2154 اور غیر تدریسی 1296 آسامیاں تیز تر بنیادوں پر پُر کی جا رہی ہیں ۔
انجم خان کے اعزاز میں تقاریب کا سلسلہ جاری
بختیارحسین
سرنکوٹ // ایس آر کو چنگ سنٹر سرنکوٹ کی ٹیم کی جانب کے اے ایس امتحان میں اول مقام حاصل کرنے والے انجم خان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب کی صدارت نصرت حسین شاہ نے کی ۔اس موقعہ پر مقامی نوجوانوںنے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ سبھی نے انجم خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں سرنکوٹ کیلئے باعث فخر قرار دیا ۔ انہوںنے کہاکہ انجم نے سرنکوٹ کاملک بھرمیں نام روشن کیا اور وہ نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہیں ۔ اپنے خطاب میں انجم نے کہاکہ نوجوانوںکو اپنی تعلیم پر توجہ دینی چاہئے اور انہیں آج سے اس بات کا عہد کرناچاہئے کہ بہتر زندگی بسر کرنے کیلئے انہیں محنت اور لگن سے پڑھائی کرنی ہے ۔نصرت شاہ نے سبھی کا شکریہ اد اکیا ۔
سرحدی مکین قیدیوں جیسی زندگی جینے پرمجبور
پرویز خان
منجاکوٹ //سرحدی مکینوں کی مشکلات حل کرنے پر زور دیتے ہوئے منجاکوٹ کے کانگریس کارکنان نے کہاکہ انہیں قیدیوںجیسی زندگی بسر کرنی پڑرہی ہے ۔ ڈاک بنگلہ منجاکوٹ میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاک صدر مولانا گلزار احمد اور سینئر لیڈر فاروق خان نے کہاکہ تاربندی کے اندر رہنے والے لوگوںکا یہ حال ہے کہ شام چھ بجے فوج گیٹ بند کردیتی ہے جس کے بعد نہ کوئی اندر جاسکتاہے اور نہ ہی اندر سے باہر آسکتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان لوگوں کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے اور اوپر سے فائرنگ اور مسلسل گولہ باری نے ان کا جینا حرام کررکھاہے ۔ان کاکہناتھاکہ ان لوگوں کو اپنے ہی گھر اور زمینوںمیںجانے کی اجازت نہیں ۔کانگریس کارکنان نے کہاکہ سرحدی لوگوں کے مسائل حل کئے جائیں اور انہیں سہولیات فراہم کی جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ کشیدگی کو دیکھتے ہوئے ایمبولینس سروس مہیا رکھی جائے ۔انہوںنے کہاکہ تار بندی کے اندر بجلی بھی فراہم نہیں جو ان لوگوں کے ساتھ حد درجہ زیادتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان لوگوں کو آزادی سے زندگی بسر کرنے کا موقعہ فراہم کیاجائے ۔
کوٹرنکہ میں ڈرائیور وں کی من مانیاں عروج پر
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ میں چھوٹی مسافرگاڑیوں کے ڈرائیوروں کے اپنے ہی قوانین چلتے ہیں اور جہاں ائورلوڈنگ ہورہی ہے وہیں اضافی کرایہ بھی وصول کیاجارہاہے ۔محمد عارف نامی ایک شخص نے بتایا کہ کوٹرنکہ سے کنڈی پانچ کلو ہے جس کا ٹاٹا میجک والے 20 روپے کرایہ لے لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں انہوںنے کئی بار ایس ڈی ایم اور ایس ایچ او سے بھی شکایت کی مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ایک اور شخص نے کہاکہ بکوری سے کھنڈی گلی چنے والی تک بھی پانچ کلومیٹر کا بیس روپے کرایہ وصول کیاجارہاہے اور اگر کوئی شخص ڈرائیوروں سے پوچھ بیٹھے تو اسے گاڑی سے ہی اتاردیاجاتاہے ۔انہوںنے کہاکہ ڈرائیوروں کو قانون کاپابند بنایاجائے اور انہیں کھلی چھوٹ نہ دی جائے ۔
مینڈھر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کامطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر// جموں وکشمیر پیر پنجال عوامی پارٹی کے ریاستی سیکریٹری مشتاق احمدفانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مینڈھر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ کا اعلان کرکے دفتر قائم کیاجائے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ مینڈھرتین تحصیلوں پرمشتمل علاقہ ہے جس کی آبادی ضلع پونچھ کی باقی تحصیلوں کی آبادی کے تناسب سے بھی زیادہ ہے ۔ان کاکہناہے کہ یہ ایک اصولی بات ہے کہ مینڈھر کو یہ پوسٹ ملنی چاہئے ۔فانی کاکہناہے کہ مینڈھر کے لوگوں کو اپنے کام کیلئے ضلع صدر مقام پونچھ کے کئی چکر لگانے پڑتے ہیں اور کبھی کبھار افسران ہی نہیں ملتے تو کبھی کوئی اوردقت پیش آجاتی ہے جس کے نتیجہ میں وہ خالی ہاتھ واپس لوٹ آتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ لوگوںکو ایک معمولی سے کام کیلئے بھی کئی چکر کاٹنے پڑتے ہیں ۔فانی کاکہناہے کہ آبادی کے تناسب کو مد نظر رکھتے ہوئے مینڈھر کو اے ڈی سی کی پوسٹ دی جانی چاہئے اورساتھ ہی سب جج کا دفتر بھی قائم کیاجائے۔
۔3 فیصد ریزرویشن تاریخی اقدام
پہاڑی طبقہ کی شناخت قائم ہوگئی :قریشی
مینڈھر//پی ڈی پی کے سینئر لیڈر و سابق ممبر قانون ساز کونسل ایڈووکیٹ محمد رشید قریشی نے پہاڑی زبان بولنے والے عوام کو3فیصدریزرویشن دینے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے تاریخی اقدام قرارد یا۔اپنے ایک بیان میں قریشی نے کہاکہ کابینہ سے منظوری کے بعد قانون ساز اسمبلی سے اس سلسلے میں بل پاس کیاگیاہے جو تاریخی فیصلہ ہے ۔ان کاکہناتھاکہ بے شک تین فیصد ریزرویشن سے پہاڑی عوام کی مجموعی ترقی نہیں ہوسکے گی لیکن یہ اقدام ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوںنے کہاکہ اس سے پہاڑی قوم کی شناخت قائم ہوگئی ہے جس کیلئے کئی دہائیوں تک جدوجہد کی گئی ۔ قریشی نے کہاکہ سندر بنی سے لیکر اوڑی کرناہ تک آباد ریاست کے پہاڑی طبقہ کے ساتھ ہمیشہ زیادتی ہوئی اور مرکزی سرکا رنے بھی باربار یقین دہانیاں دینے کے باوجود شیڈیول ٹرائب کامعاملہ التوا میں رکھا تاہم اب بیکورڈ کمیشن کی طرف سے طبقہ کی سماجی و اقتصادی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس کیلئے ریزرویشن کی سفارش ، ریاستی کابینہ سے منظوری اور قانون ساز اسمبلی سے بل پاس کئے جانے کے بعد مرکزی حکومت کے پاس کوئی جواز باقی نہیں رہناچاہئے اور امید کی جانی چاہئے کہ شیڈیول ٹرائب کادرجہ بھی بہت جلد مل جائے گاجو پہاڑی قوم کا اصل ہدف ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ حکومت اور خاص طور پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ، نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان کے شکرگزار ہیں جنہوںنے ایک اہم پہل کرتے ہوئے پہاڑی طبقہ کا مطالبہ پورا کیاہے ۔ قریشی کاکہناہے کہ موجودہ مخلوط سرکار نے اپنے قیام کے وقت تشکیل پائے کم از کم مشترکہ پروگرام میں اس بات کا اعلان کیاتھاکہ پہاڑی طبقہ کے مسائل حل کئے جائیںگے اور ایس ٹی درجہ دلایاجائے گا اور اس سلسلے میں یہ ایک اہم پیشرفت ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی دوراندیش خاتون ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ ایس ٹی درجہ کیلئے مرکز سے رجوع کرکے دہائیوں پرانے اس مطالبے کو بھی پورا کرانے میں کامیاب ہوںگی ۔
حد متارکہ پر فائرنگ کا تبادلہ
حسین محتشم
پونچھ //پونچھ کے کھڑی کرماڑہ سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان ایک بار پھر سے فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس سے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پایاجارہاہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق شام کے چار بجے سے کھڑی کرماڑہ سیکٹر میں پاکستانی فوج کی طرف سے بھارتی فوج کی اگلی چوکیوںکو نشانہ بنایاگیا جس کے رد عمل میں بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا ۔اس دوران کئی مارٹر گولے رہائشی علاقوں میں بھی آن گرے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہواالبتہ لوگوںمیں خوف پیدا ہوگیا اور وہ گھروں میں ہی قید ی بن کررہ گئے ۔
مشتاق چوہدری نے زیڈ ای او ہرنی کا چار ج سنبھالا
جاوید اقبال
مینڈھر//پرنسپل ہائراسکینڈری سکول ہرنی مشتاق احمد چوہدری نے زونل ایجوکیشن افسر ہرنی کا چارج سنبھالا جنہیں سابق زیڈ ای او کی سبکدوشی پر یہ چارج دیاگیاہے ۔اس موقعہ پر ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بولتے ہوئے صدرٹیچر ایسو سی ایشن ہرنی آصف اقبال اور چیئرمین رہبر تعلیم ہرنی زون محمد شکور نے مشتاق چوہدری کو مبارکباد پیش کی اور امید کا اظہا رکیاکہ جس طرح سے انہوںنے ہائراسکینڈری سکول کے پرنسپل کے طور پر نمایاں خدمات انجام دی ہیں اسی طرح سے اس عہدے پر بھی کام کریںگے اور اساتذہ کے مسائل بھی حل کئے جائیںگے ۔