پاڈر کیلئے ڈگری کالج کو منظوری
مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کے اجلاس میں فیصلہ
نئی دہلی//سرکار نے ضلع کشتواڑ کے پاڈر میں ’’ راشٹریہ اوچتر شکھشا ابھیان‘‘ (RUSA) کے تحت ڈگری کالج قائم کرنے کومنظوری دی ہے اور اس طرح سے علاقہ کی ایک دیرینہ مانگ پوری کی گئی ہے۔اس بات کا انکشاف کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے کہا کہ ’’ پروجیکٹ اپروول بورڈ‘‘ (PAB) کاایک اجلاس زیر قیادت مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل منعقد ہوئی ،جس میں ڈگری کالج پاڈر کے لئے رسمی منظوری دی گئی، جسکے لئے RUSA سکیم کے تحت 10.80 کروڑ روپے بھی فراہم کی جائیگی۔ایچ آر ڈی وزارت کی جانب سے پاڈر کالج کو منظوری دینے کے بعد ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے و زیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی ایچ آر ڈی وزیر پرکاش جاویڈ کر کا شکریہ ادا کیا اور یہ خبر ریاست کے وزیر بجلی سنیل شرما کو دی ،جو کہ کشتواڑ اسمبلی حلقہ کے ممبر اسمبلی بھی ہیں۔ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے کہا کہ پاڈر ڈگری کالج کا مطالبہ کئی سال قبل بی جے پی نے تب اُٹھایا تھا،جب وہ ریاست اور مرکز دونوں میں حزب اختلاف میں تھے ۔ انہوںنے کہا کہ جب ریاستی سرکار نے پاڈر کا نام حال ہی میں جاری منظور شدہ فہرست میںشامل نہیں کی تواسکا متبادل ڈھونڈنے کا فیصلہ لیا گیا اور مرکزی ایچ آر ڈی سے مرکزی فنڈز سے پاڈر میں ڈگری کالج کھولنے کیلئے رابطہ کیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاڈر علاقہ کے لوگ بہت ہی ترقی پسند اور تعلیمی ذہنیت کے ہیں۔ڈگری کالج نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ کے سارے نوجوان سماجی۔اقتصادی حالت کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے علاقہ سے دور نہیں جا سکتے تھے اور اب یہ نیا ڈگری کالج انکی خواہشات کو پورا کرے گا۔
بٹھوئی کے لوگ پانی سپلائی سے محروم
زاہد ملک
مہور//سب ڈویژن مہور کے وارڈ نمبر 5 دالوالی بٹھوئی کے لوگ گزشتہ 6ماہ سے پانی سپلائی سے محروم ہیں۔لوگوں کا کہنا کہ وہ کئی کلومیٹر دور نالہ سے پینے کیلئے پانی لاتے ہیں جبکہ اس ماہ رمضان میں بھی انہیں محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے کوئی سہولیت نہیں مل سکی ۔ان کا مزید کہنا ہے کہ وہ کئی مرتبہ اننظامیہ اور محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ افسران کے پاس شکایت لیکر گئے لیکن کوئی عمل نہیں کیا گیا۔اسلسلے میں AEE محمد اشفاق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ابھی ان کے پاس پیسہ موجود نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پلان میں ان کیلئے پائپیں رکھی ہیں جیسے ہی ان کے پاس پلان آتا ہے تو اس علاقہ کیلئے پائپیں دی جائیں گی۔
موبائیل الیکشن ایپ کا استعمال، کشتواڑ میں 337 بی ایل اوز کو تربیت فراہم
اے آئی بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ میں337 بوتھ لیول افسروں اور سپروائزروں کو موبائیل الیکشن ایپ کا استعمال کرنے کے لئے زیر نگرانی ضلع الیکشن افسر (ڈی سی ) انگریز سنگھ رانا یک روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔پروگرام کا مقصد بی ایل اوز کو الیکشن ایپ کا استعمال کرنے کی جانکاری دینا تھا ۔تربیت کے دوران شرکاء کو موبائیل ایپ بشمول آن لائن فارموں کی پراسیسنگ کی جانکاری دی گئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے کہا کہ تربیت کا مقصد انتخابات میں زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ موبائیل ایپ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے رائے دہندگان کے اعداد و شمار کو حاصل کرنے کے لئے شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کا مقصد ‘No Voter to be left behind’پالیسی کو موثر طریقہ سے لاگو کرنا ہے۔ڈی ای او نے کہا کہ انتخابی عمل میں بی ایل او کا ایک اہم رول ہوتا ہے، جس کے لئے انہوں نے بی ایل اوز کو بہتر نتائج کے لئے قریبی تال میل بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔بی ایل اوز کے علاوہ پروگرام میں چیف پلاننگ افسریاصر بلوان ، ای آر اوز ،ڈپٹی الیکشن افسر کشتواڑ،تحصیلدار کشتواڑ،مغل میدان ،چھاترو ،پاڈر، ناگسینی،دربشالہ اور دچھن کے تحصیلداروں نے بھی شرکت کی۔
اساتذہ عزت کے حقدار
مسائل حل کرنے کیلئے سفارشات اعلیٰ حُکام کو بھیجی جائیگیـ : ڈی سی
ایم ایم پرویز
رام بن //رام بن ضلع انتظامیہ نے محکمہ تعلیم کے اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لئے اپنی سفارشات محکمہ کے اعلیٰ حُکام کو پیش کرنے کی یقین دہانی کی تاکہ انکی شکایا ت کا فوری ازالہ ہوسکے۔اس سلسلہ میں جمعہ کے روز ضلع ترقیاتی کمشنر طارق حُسین گنائی نے اُکھڑال زون میں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے ضلع انتظامیہ کے افسروں بشمول اے ڈی سی گورریندر سنگھ ،ایس ڈی ایم رام سو وقار گیری،تحصیلدار اُکھڑال نیاز وانی، چیف ایجوکیشن افسر رام بن ،زیڈ ای او ،اساتذہ اور اے جے کے آر ٹی ٹی ایف کے نمائندوں نے زیر قیادت سینئر ریاستی نائب صدر گل زُبیر ڈینگ شرکت کی۔کانفرنس کا انعقاد پسماندہ و پہاڑی ضلع کے متعدد تعلیمی زونوںکے سرکاری سکولوں میں کام کر رہے اساتذہ کے مسائل اور مطالبات کی جانکاری حاصل کرنے کے سلسلہ میں کیا گیا تھا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے سی ای او کو بر لب سڑک اور ددفاتر میں اٹئیچ اساتذہ کو فورط طورڈیٹئیچ کرنے کی ہدایت دیکر اس پر تین دنوں کے اندر اندر اکاروائی کی رپورٹ دفتر ہذا کو بھیجنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ چیف ایجوکیشن افسر کی جانب سے سکولوں کی ضروریات کی رپورٹ پیش کرنے کے بعد سکولوں میں پینے کے پانی کی سہولیت ، تباہ شدہ سکولوں کی مرمت ، کچن شیڈ او رسکولوں میں بیت الخلا ء کی تعمیر کام کام شروع کیا جائے گا۔انہوں نے سی ای او کو فنڈز الاٹ کرتے وقت طے شدہ اصولوں کی تعمیل یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔انہوں نے اساتذہ کے ساتھ کئے گئے برتائو پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کانفرنس میں موجود افسروں کو صلاح دی کہ ایک استاد قوم کا معمار ہے اور اسے عزت دینے کی ضرورت ہے اور ہمیں بھی اسے بطور ایک قوم کے معمار کے دل کی گہرائیوں سے عزت کرنی چایے۔ اس موقعہ پر موجود دیگر افسروں نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔
سعداللہ وانی کی موت پرسماجی طبقوں کا اظہار دکھ
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ڈوڈہ قصبہ کی نواحی بستی فرقان آباد گھٹ سے تعلق رکھنے والے سعداللہ وانی کی موت پر سماج کے تمام طبقوں نے گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی اہلیہ اور پسرم سجاد احمد وانی و دیگران کے ساتھ تعزیت کی ہے ۔مختلف سیاسی سماجی مذہبی انجمنوں نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔مرحوم سعداللہ وانی کے نوجوان فرزند اُنیس سالہ ایجاز احمد وانی (عسکریت پسند) سترہ سالہ ایاز احمد وانی چودہ سالہ دُختر رابعہ اور نو سالہ پسر محمد عرفان وانی 16؍ نومبر 1991 کو اپنے گھر میں سی آر پی ایف کے ہاتھوں جان بحق ہوئے تھے ۔ شوکت علی مغل ، سعداللہ شاد فرید آبادی، ایڈوکیٹ محمد اکبر کچلو ، عبدالمنان بانڈے ، ایڈوکیٹ حسان بابر نہرو ، عبدالقیوم ذرگر، ایڈوکیٹ سید محمد حنیف ہاشمی، خواجہ کرامت اللہ نہرو ، ایڈوکیٹ راجہ جعفر نذیر گتو ، غلام حسن پانپوری نے اپنے الگ الگ پیغام میں مرحوم کے لئے دُعائے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے، مرحوم دس پندرہ یوم قبل سرطان کے مرض میں مبتلا پائے گئے اور بدُھ وار کو جموں میں انتقال کرگئے۔ جمعرات آبائی گاؤں گھٹ میں سپرد خاک کئے گئے ۔