بزرگ خاتون کی نعش لٹکی ہوئی ملی
راجوری //گزشتہ روز راجوری میں ایک بزرگ خاتون کی نعش اس کے گھر میں لٹکی ہوئی ملی جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے ۔اس کی شناخت امرو دیوی زوجہ دیوی رام ساکن سنگوٹ کے طور پر ہوئی ہے اوراس کی عمر اسی سال سے زائد بتائی جارہی ہے ۔پولیس کے مطابق خاتون کو اپنے ہی گھر میں لٹکے ہوئے پایاگیا جس پر پولیس کی ایک ٹیم نے موقعہ پر پہنچ کر جائزہ لیا اور قانونی لوازمات پور اکرکے نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے حوالے کردیاگیا۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے بتایاکہ خاتون کی موت پراسرار طور پر ہوئی ہے اور انہوںنے تحقیقات شروع کردی ہیں ۔
منگناڑ میں پانی کی شدید قلت
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ میںہر طرف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہاہاکار مچی ہوئی ہے۔ماہ صیام میں پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگ پریشان ہو کر سڑکوں پر اتر کر احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبور ہیں۔گائوں منگنا ڑ کی وارڈ نمبر2اور3 میں بھی لوگوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ لفٹ سسٹم کا ناجائز استعمال کر کے محکمہ کے ملازم مقبول نظرافراد کو پانی دیتے ہیں اور دیگر آبادی بوند بوند کو ترساںہے ۔ایک مقامی شخص نے الزام لگایا کہ مقبول نظر افراد کو پانی مل رہاہے لیکن عام لوگوں کوئی نہیں پوچھتا۔انہوں نے کہا کہ وہ پانی کے انتظار میں پوری پوری رات جاگتے ہیں ۔ انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ فرائض منصبی میں جانبداری برت رہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ اس سلسلے میں اعلیٰ حکام سے بھی بات کی گئی لیکن کہیں سنوائی نہیں ہورہی ۔ انہوںنے کہاکہ ان کے علاقے میں پانی کی اتنی زیادہ قلت بھی نہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کا منصفانہ استعمال کیاجائے ۔مقامی لوگوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
تانترے کا لورن بٹل کوٹ میں عوامی دربار
عشرت حسین بٹ
منڈی//ممبر اسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے سنیچر کولورن کے علاقہ بٹل کوٹ میں عوامی دربار منعقد کر کے عوامی مسائل سنے۔اس موقعہ پر ان کے ہمراہ تحصیل و ضلع افسران بھی تھے۔ عوام نے ممبر موصوف کو اپنے مطالبات سے روشناس کراتے ہوئے بتایاکہ بجلی وپانی کی ناقص سپلائی اوررسویی گیس و راشن کی عدم دستیابی پر انہیں مشکلات کاسامناہے ۔ممبراسمبلی نے موقعہ پر افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان مسائل کا ازالہ کریں ۔عوام نے ممبرموصوف سے کہا کہ عرصہ دراز سے غریب لوگوں نے ایم جی نریگا کے تحت مزدوری کی مگر آج تک اس کی اجرت نہیں ملی جس پر تانترے نے محکمہ دیہی ترقی کے افسران کو فوری طور پر بقایاجات اداکرنے کی ہدایت دی ۔انہوںنے کہاکہ پنچایت کا منصوبہ لوگوں کی مشاورت سے مرتب کیاجائے ۔تانترے نے کہا کہ عوامی کاموں کو ہمیشہ ترجیح دی جائے تاکہ غریب عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوںنے کہا کہ ماہ صیام کے مقدس ایام کے دوران بجلی ،پانی ،رسوئی گیس اور راشن کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے ۔دربار لگاکر مسائل سننے پر مقامی لوگوںنے ممبراسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ساتھ ہی انہوںنے بٹل کوٹ سڑک پر تارکول بچھانے پر بھی شکریہ اد اکیا۔تانترے کے ہمراہ بشیر خاکی ، بشیر احمد ملک ،اکبر دین، اعجاز تانترے، شکیل پرے اورروشن دین بھی تھے۔
سنکاری کے لوگوں کا پی ایچ ای مخالف احتجاج
راجوری //راجوری کے سنکاری علاقے کے لوگوںنے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ ان کے علاقے میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے ۔مقامی لوگوںنے سڑک کو بند کرکے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کی اور لاپرواہی کا الزام عائد کیا ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ پانی کی سپلائی سکیموں کو چلانے میں ناکام ہوگیاہے ۔بعد میں پولیس کی ٹیم موقعہ پر پہنچی اور اس نے لوگوںکو پانی کی سپلائی فراہم کرنے کا یقین دلاکر احتجاج ختم کروایا ۔
سکولوں کا درجہ بڑھانے کا معاملہ
ممبراسمبلی نے پٹھانہ تیر سے سیاسی انتقام لیا :ندیم خان
جاوید اقبال
مینڈھر//پی ڈی پی یوتھ لیڈر ندیم رفیق حسین خان نے ممبراسمبلی مینڈھر جاویداحمد راناپر الزام عائد کیاہے کہ انہوںنے سکولوںکا درجہ بڑھانے کے معاملے پر پٹھانہ تیر کو اس لئے نظرانداز کیاکیونکہ اس علاقے کے لوگوںنے ان کے خلاف ووٹ ڈالے تھے ۔اپنے ایک پریس بیان میںندیم خان نے کہاکہ اپ گریڈیشن کے پینل میں ہائی سکول پٹھانہ تیر بھی شامل تھاتاہم جاوید احمد رانانے اپنے گھر سے صرف 500گزکی دوری پر واقع اس علاقے کو اس لئے نظرانداز کیاکیونکہ مقامی لوگوںنے انہیں ووٹ نہیں دیئے ۔ انہوںنے کہاکہ پٹھانہ تیر ایک دشوار گزار علاقہ ہے جس کی سرحدیں سرنکوٹ اور دیگر علاقوںسے ملتی ہیں جہاں کے طلباء کو دسویں کے بعد کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے سخت مشکلات درپیش آتی ہیں ۔ا ن کاکہناتھاکہ جاوید احمد رانا نے ایک تیر سے دو شکار کرتے ہوئے پٹھانہ تیر کو اپنی ترجیح میں نہ رکھابلکہ سلواہ کو ترجیح دی،باوجود اس کے کہ ہائی سکول سلواہ میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو پہلے سے موجود ہائر سکنڈری سکول چھترال اور مینڈھر دو تین کلو میٹر کی دوری پر پڑتے ہیں۔انہوںنے الزام لگایاکہ ممبراسمبلی نے پٹھانہ تیر کو اس لئے نظرانداز کیاتاکہ مقامی لوگوںکو سبق سکھایاجاسکے جو پی ڈی پی کے ووٹر ہیں اور ان کی طرف سے یہ انتقامی سیاست کا کھیل کھیلاگیاہے ۔ندیم رفیق خان کا کہنا تھاکہ انہوںنے پٹھانہ تیر سکول کی اپ گریڈیشن کے معاملے پر وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم سے بات کی ہے اور انہوںنے سکول کادرجہ بڑھانے کا یقین دلایاہے ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی نے پچھلے چار سال میں پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر عوامی بہبود کے کام کئے ہیں اور چاہے ملازموں کے حق میں ساتویں تنخواہ کمیشن کا معاملہ ہو، یونیورسٹی کیمپس کا قیام ہو یاپھر دیگر بڑے اقدامات ، پی ڈی پی نے انتقام گیری کی پالیسی اختیار نہیں کی ۔
حکومت پٹواریوں سے بات کرے : شفاعت خان
منیر خان
راجوری // نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر شفاعت خان نے حکومت پر زور دیاہے کہ وہ پٹواریوں سے بات چیت کرکے ان کی ہڑتال ختم کروائے تاکہ عام لوگوں کے مسائل حل ہوسکیں ۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پٹوارایسوسی ایشن کے مطالبات ریاستی سرکار نے کئی مرتبہ ماننے اور عملی جامہ پہنانے کی حامی بھری لیکن اب اس پر عمل درآمد نہیں کیاجارہاجس کی وجہ سے پٹواریوں کو کام چھوڑ ہڑتال کے لئے مجبورہونا پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجوری ایک وسیع ضلع ہے جہاں پر لوگ دوردراز سے سفر کرکے پٹواریوں اور محکمہ مال کے عہدیداروں سے ملنے آتے ہیں لیکن یہاں تمام دفاتر مقفل پاکر لوگ مایوس ہوکر واپس لوٹ رہے ہیں اور ان کا پورا پورا دن یوں ہی ضائع ہورہاہے ۔ان کاکہناتھا کہ کئی روز سے پٹوارایسوسی ایشن کام چھوڑ ہڑتال پر ہے لیکن ریاستی سرکار اور متعلقہ وزیر کی طرف سے ابھی تک ان سے بات کرنے کی کوشش بھی نہیں کی گئی جو افسوسناک اور غیر سنجیدگی کی انتہاہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت ہر ایک محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور پٹواری ہی نہیں بلکہ بہت سے ملازم ہڑتال پر ہیں لیکن حکومت کو ٹس سے مس نہیں ۔ شفاعت خان نے کہا کہ آنگن واڑی ورکر ، کیجول لیبر اور دیگر عارضی ملازمین بھی ہڑتال کررہے ہیں جن کے مسائل حل کئے جائیں۔
غیر ریاستی مزدور لقمہ اجل
سمت بھارگو
راجوری //راجوری میں ایک غیر ریاستی مزدور کام کرنے کے دوران گر کر لقمہ اجل بن گیا۔یہ مزدور خواس علاقے میں ہاٹ مکس پلانٹ میں کام کررہاتھا جو گر کر لقمہ اجل بن گیا۔اس کی شناخت نتیش کمار ولد جمشیر سردار ساکن چرنے بہار کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق وہ اچانک سے مشین پر گر گیا جس سے اس کی موقعہ پر ہی موت ہوگئی ۔
لفٹ سکیمیں ناکارہ
بالاکوٹ کے لوگ پانی کیلئے دربدر
جاوید اقبال
مینڈھر//سرحدی علاقے بالا کوٹ میں پانی کی لفٹ سکیمیں ناکارہ بن گئی ہیں جس کے باعث مقامی لوگوں کو مشکلات کاسامناہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی کی زیادہ تر سکیمیں ناکارہ ہوچکی ہیں اور وہ پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس رہے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ پانی کے انتظام کیلئے کئی کلو میٹر دور سفر کرناپڑتاہے ، جن لوگوں کے پاس اپنی گاڑیاں ہیں وہ تو آسانی سے پانی لاسکتے ہیںمگر غریب عوام کہاں جائے گی ۔ان کاکہناہے کہ غریب گھرانوں کو مزدوری کرنی ہے یاپھر پانی کا انتظام کرناہے ۔مقامی آبادی کاکہناہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے علاقہ میں پانی نہ ہونے سے عوام کی پریشانیاں بڑ ھ گئی ہیں اور اگر یہی حالت رہی تو لوگ گھر بارچھوڑ کر ہجرت کرنے پر مجبور ہوجائیںگے۔انہوںنے محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین اور ان کے رشتہ داروں کو محکمہ کی گاڑی پانی سپلائی کر دیتی ہیں مگر عام لوگوں کوکوئی پوچھنے والانہیں۔انہوںنے ریاستی حکومت اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ بالاکوٹ میں پانی کا بندوبست کیاجائے اور اس سلسلے میں متبادل انتظامات کئے جائیں۔
بی ایل اوز کیلئے تربیتی کیمپ کا اہتمام
حسین محتشم
پونچھ// ضلع الیکشن افسر پونچھ محمد اعجاز اسد کی قیادت میں بی ایل اوز کو جانکاری فراہم کرنے کیلئے تربیتی کیمپ کا اہتمام کیاگیا ۔اس دوران انہیں آن لائن ووٹر رجسٹریشن، ہائبرڈ موبائل ایپ کے استعمال کرنے اور تجدیدشدہ میکانزم کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ یہ تربیتی پروگرام تین مختلف مقامات پر منعقد کئے گئے۔ ڈگری کالج پونچھ میں اسمبلی حلقہ انتخاب حویلی کے بی ایل اوز کیلئے کیمپ منعقد ہواجس میں اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر شہزاد خان اور ظہیر رانا اور بوتھ لیول افسران نے تربیت دی ۔وہیں گزشتہ روز سرنکوٹ میں بھی اسی طرح کا ایک کیمپ منعقد کیاگیا۔دریں اثناء مینڈھر میں ڈگری کالج مینڈھر میں ای آر او تنویر احمد خان اور جہانگیر احمدخان کی قیادت میں تربیت کا اہتمام کیاگیا۔ ان تربیتی پروگراموں کے دوران اسسٹنٹ ریٹرننگ افسروں نے منصفانہ انتخابات کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی جانکاری دی۔انہوںنے بی ایل اوز پر زور دیاکہ وہ اس بات کویقینی بنانے کیلئے پہلے سے رجسٹروں کی توثیق کاعمل شروع کریں ۔
خطہ پیر پنچال میں پٹواری سراپا احتجاج
کام چھوڑ ہڑتال جاری ،پٹوار حلقوں میں کام کاج بری طر ح سے متاثر
حسین محتشم+منیر خان
پونچھ+راجوری//اپنے مطالبات کے حق میں ریاست بھر کی طرح پونچھ اور راجوری میں بھی پٹواری غیر معینہ ہڑتال پر ہیں۔پٹواریوں کی ہڑتال سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ سنیچر کے روز پٹواریوں نے فوارہ گارڈن پونچھ میں جمع ہو کر ریاستی سرکار کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبات پورے کرنے کی مانگ کی ۔اس موقعہ پر پٹواریوں نے بتایاکہ انہوںنے رواں برس فروری میں چار روزہ علامتی ہڑتال کی تھی جس کے بعد وزیر مال و بازآبادکاری نے ان کے مطالبات حل کرنے کا یقین دلایاتھااوراس حوالے سے ایک کمیٹی کی تشکیل بھی عمل میںلائی گئی جس نے پٹواریوں کے پانچ مطالبات گریجویٹ پٹواریوں کا پے گریڈ 2400سے بڑھاکر2800روپے کرنے، باقاعدگی کے ساتھ ڈی پی سی (محکمانہ ترقی کمیٹی)کی میٹنگ کرنے، پٹوار اور گرداور دفاترکی تعمیر،نئے پٹوار حلقے بنانے اورنائب تحصیلداروں کی براہ راست بھرتی پر پابندی عائد کرنے کو تسلیم کرتے ہوئے سرکار سے ان مطالبات کو پور اکرنے کی سفارش کی تاہم اس پر آج تک عمل درآمد نہیںہوااوریہی وجہ ہے کہ پٹوار ایسو سی ایشن ہڑتال پر مجبور ہوئی ہے ۔تحصیل صدر سلما ن علی میر نے بتایا کہ سال2013میں BOPEEکے ذریعہ سلیکٹ گریجویٹ پٹواریوں کو پہلے پے گریڈ2800روپے دیاگیا لیکن بعد میںیہ حکمنامہ واپس کرلیاگیا۔ ان کاکہناتھاکہ ہرچھ ماہ کے بعد باقاعدگی کے ساتھ دیگر سبھی محکموں میں ڈ ی پی سی ہوتی ہے لیکن پچھلے چار سال سے پٹواریوں اور گرداوروں کی ڈی پی سی نہیں ہوئی جس کی وجہ سے ترقی کا عمل رکاہواہے۔ان کاکہناتھاکہ پٹوار حلقوں کی تعداد بھی دہائیوںپرانی ہے اوراس میں اضافہ نہیں کیاجارہا اورایک پٹواری کے پاس اوسطاً6سے7گاؤں ہیں اور کام کابوجھ ہونے کی وجہ سے وہ فرائض اچھی طرح سے نہیں نبھاسکتا۔ان کاکہناتھاکہ پٹواریوں کو مال ریکارڈرکھنے کے لئے کوئی دفتر وغیرہ دستیاب نہیںاور کہیں یہ ریکارڈ گاؤں کے چوکیدار/نمبردار کے گھر میں ہوتا ہے، تو کہیں پٹواریوں کو روزانہ اپنے ساتھ گھرلانا پڑتاہے جبکہ یہ ریکارڈ بہت ہی اہم ہے ۔اس موقعہ پر ظفر جاگل، شفیق مغل، لیاقت حسین، شہناز خان، وشب کمال، جگموہن سودن، ماجد بشارت ،غلام حسین وغیرہ بھی موجو دتھے ۔ضلع کی دیگر تحصیلوں میں بھی پٹواریوں کی طرف سے ہڑتال کی جارہی ہے ۔وہیں راجوری کے پٹواریوںنے راجوری ڈی آفس کمپلیکس کے سامنے پندرہویں روز بھی احتجاجی دھرنادیا۔ان کاکہناتھاکہ ان کے مطالبات پورے کئے جائیں ۔پٹوار ایسو سی ایشن کے ضلع صدر افتخار مرزانے کہا کہ کام چھوڑ ہڑتال مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گی ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی یقین دہانیوں سے بھروسہ ختم ہوگیاہے اور اب یہ ہڑتال تبھی ختم ہوگی جب ان کے مطالبات پورے ہوتے ۔پٹواریوں کی اس کام چھوڑ ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کو سخت مشکلات کاسامناہے اور پٹوار حلقوںمیں کام کاج بری طرح سے متاثر ہورہاہے ۔کام کے سلسلے میں کئی لوگ روزانہ پٹواریوں کی تلاش میں گھر سے تحصیل صدر مقام پہنچتے ہیں تاہم انہیںمایوس ہوکر گھر واپس لوٹ جاناپڑتاہے۔