ریاستی اسمبلی تحلیل اورنئے سرے سے انتخابات کامطالبہ
گورنر جموں وکشمیر آئین کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کریں: بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی ،سابق رکن اسمبلی اور اسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے ایکزکیوٹیو چیرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں وکشمیر کے گورنر این این ووہرہ سے درخواست کی ہے کہ وہ جموں وکشمیر آئین کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کا الگ آئین ہے جو گورنر کو سیکشن 53(2)(b),، سیکشن 73(2)(b) کے تحت یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ ہاوس یا کسی ہاوس کو ملتو ی کرسکتے ہیں اور دوسرا لیجسلیٹیو اسمبلی کو تحیل کرسکتے ہیں۔ پنتھرس سربراہ نے کہاکہ جموں وکشمیر حکومت کو تمام سیاسی جماعتوں یاگروپ کے بیشتر اراکین اسمبلی نے خارج کردیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے بی جے پی کے حمایت واپس لے لینے کے بعد رضاکارانہ طورپر گورنر کو اپنا استعفی پیش کردیا۔ نیشنل کانفرنس اور کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کررہیں اور نئے سرے سے انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 2019میں عام انتخابات ہونے ہیں یہ ایک اچھا موقع ہے کہ ریاست کے اسمبلی انتخابات بھی ان ہی کے ساتھ کرادیئے جائیں جیسا کہ وزیراعظم بھی چاہتے ہیں کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ کرائے جائیں۔انہوں نے حریت کانفرنس سمیت جموں وکشمیر کی تمام ناراض قیادت اور نوجوانوں سے انتخابات میں شامل ہونے کی پرزور اپیل کی جس سے لداخ سے لیکر جموں وکشمیر کی ظلم و زیادتی کی شکار نئی نسل کو بھی 2019 انتخابات کے عمل شامل ہو نے کا موقع مل سکے۔انہوں نے وادی کے لوگوں خاص طورپر نئی نسل سے پرزور اپیل کی کہ وہ کشمیر کی عظیم اور سیکولر روایت کی مثال پیش کرتے ہوئے امرناتھ گفا میں عقیدت مندوں کا استقبال کریں کیونکہ اب ظالموں کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا ہے۔
دیرآئددرست آئد،گورنرراج وقت کاتقاضاتھا:ڈوگرہ صدرسبھا
جموں//ڈوگرہ صدرسبھانے ریاست میں گورنرراج کے نفاذکے فیصلے کاخیرمقدم کیاہے۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق ڈوگرہ صدرسبھاکااجلاس سابق وزیر گل چین سنگھ چاڑک کی صدارت میں منعقدہوا۔ اس دوران مقررین نے کہاکہ ریاست کے نامساعدحالات ،بدانتظامی اورانتہائی سنگین صورتحال کے پیش نظر گورنرراج کے نفاذ پراطمینان کااظہارکیاگیااوراس فیصلے کاخیرمقدم کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیرصوبے میں ملک دشمن عناصرکی کھلے عام حمایت کی جارہی تھی ،صوبہ جموں کے ساتھ امتیازبرتاجارہاتھااورسیکورٹی اہلکاروں پرباربارحملے کرکے انہیں ہلا ک کیاجارہاتھااس لیے ایسے حالات میں ضروری ہوگیاتھاکہ یہاں گورنرراج نافذ کیاجاتا۔دیرآئددرست آئد،گورنرراج وقت کاتقاضاتھا۔مقررین نے کہاکہ پٹواری اورگرداورپچھلے ایک مہینے سے ہڑتال پرتھے جس کی وجہ سے عوام سخت مشکلات سے دوچارتھے ، ایل اوسی، آئی بی پرسیزفائرکی خلاف ورزیوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پرانسانی جانوں اورمویشیوں کوہلاک کیاجارہاتھا، ایس ایس اے ٹیچر،آنگن واڑی ورکرمطالبات کولے کرسڑکوں پرتھے۔انہوں نے کہاکہ جموں ایک قوم دوست خطہ ہے اوریہاں کے ڈوگروں نے ہمیشہ امن وبھائی چارے کیلئے ناقابل فراموش رول اداکیاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ڈوگرہ ثقافت کوپروان چڑھانے میں غیرسنجیدگی کامظاہرہ کررہی تھی ۔ڈوگرہ صدرسبھانے ڈوگروں کے تاریخی ورثے کوتحفظ دینے کامطالبہ کیاہے ۔اس دوران میٹنگ میں پروفیسراین کے ڈوگرہ، پی ایس گپتا، جنرل جی ایس جموال،برگیڈیئر ایم ایس جموال، کرنل وریندرکے ساہی، وی آرسی امانت علی شاہ، گھمبیردیوسنگھ چاڑک ،جنک کھجوریہ،ڈاکٹررگھوبیرسنگھ، چنکارسنگھ ،ایس ایس سمبیال شامل تھے۔
آرین گروپ آف کالجزمیں بی کام ۔ایل ایل بی کورس متعارف
جموں//آرین گروپ آف کالجز راج پورہ نے نئے اکیڈمک سال 2018-19 سے بی کام، ایل ایل بی پانچ سالہ کورس شروع کرنے کااعلان کیاہے۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر آرین گروپ پروفیسربی ایس سادھونے کہاکہ بارکونسل آف انڈیااورپنجابی یونیورسٹی پٹیالہ سے منظوری ملنے کے بعدبی کام ،ایل ایل بی پانچ سالہ کورس شروع کرنے کافیصلہ کیاگیاہے اوربارہویں جماعت پاس کرنے کے بعدامیدوار اس کورسزمیں داخلہ لے سکتے ہیں اوراس کورس کیلئے 120 سیٹیں مختص رکھی گئی ہیں۔خواہشمندطلباء 098762-99888 or 98765-99888 یا ۔aryans.edu.inپروزٹ کرکے بھی مزیدتفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔سدھونے مزیدکہاکہ یہ کورس طلباء کی ضرورت، مفاداورمطالبہ کے پیش نظرشروع کیاجارہاہے جس سے طلباء کاایک اکیڈمک سال محفوظ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آرین گروپ آف کالجز میں پہلے ہی پانچ سالہ بی اے ایل ایل بی اورتین سالہ ایل ایل بی کورس چلایاجارہاہے۔
مرادعلی کھٹانہ ،کریم بخش اورروشن دین کی وفات پراظہارتعزیت
جموں//آل جے اینڈکے ڈی بی سینٹر کمیٹی کی ایک تعزیتی میٹنگ منعقدہوئی ۔اس دوران میٹنگ میں کثیرتعدادمیں لوگوں نے شرکت کی ۔اس دوران کمیٹی کے سینئرعہدیدارعبدالقادرکنڈریا نے کہاکہ مرحوم چوہدری مرادعلی کھٹانہ ساکنہ ماڑی ،ریاسی ضلع کی معروف سماجی شخصیت تھے جنھوں نے عوام کے ساتھ آپسی بھائی چارے کی ایک مثال پیش کی تھی۔مرحوم نے مختلف سیاسی ،سماجی شخصیات کے ساتھ اپناوقت سماجی کارکن بن کرگذارا،ہرایک جواس کے پاس گیااس کی مددکی ۔انہوں نے کہاکہ مرادعلی کھٹانہ کی وفات سے ریاسی ضلع ایک نیک سیرت اورانسان دوست شخص سے محروم ہوگیاہے ۔اس دوران شرکاء نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت مانگی اوراللہ تعالیٰ سے دعافرمائی کہ وہ لواحقین کوصبرجمیل عطافرمائے۔انہوں نے کہاکہ ہم دُکھ کی گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابرکے شریک ہیں ۔اس کے علاوہ مرحوم کریم بخش ساکنہ کٹھاڑ جنھوں نے سماج کی ہرطرف سے سماجی طورخدمت کی ،سترسال کی عمرمیں طویل بیماری کی وجہ سے دُنیافانی سے کوچ کرگئے ۔اس دوران مرحوم روشن دین ساکنہ منوال حال آگارجتوکٹرہ بھی ایک طویل بیماری کی وجہ اس دنیافانی سے کوچ کرگئے ،ان سب کواللہ تعالیٰ سے دعاکی ہے کہ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام ودرجہ بلندعطافرمائے اورلواحقین کوصبرکرنے کی توفیق دینے کی دعاکی گئی۔
وائس چانسلرکے ہاتھوںسکول آف بائیوٹیکنالوجی کی ویب سائٹ لانچ
جموں//وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسرآرڈی شرمانے سکول آف بائیوٹیکنالوجی جموں یونیورسٹی کی ویب سائٹ sbtju.in کولانچ کیا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پروفیسرشرمانے کہاکہ آج ڈیجیٹل ورلڈ ہے اورطلباء کوایک کلک کی مددسے کسی بھی ڈیپارٹمنٹ سے متعلق معلومات ملناوقت کاتقاضاہے۔انہوں نے کہاکہ اسی مقصد کے تحت جموں یونیورسٹی کے سکول آف بائیوٹیکنالوجی کی ویب سائٹ تیارکی ہے تاکہ طلباء کوبہ آسانی معلومات حاصل ہوسکیں۔انہوں نے کہاکہ سکول آف بائیوٹیکنالوجی کی کارکردگی پراطمینان کااظہارکیا۔اس سے پہلے بتایاگیاکہ سکول آف بائیوٹیکنالوجی جموں یونیورسٹی دسمبر 1998 میں قائم ہوا۔اوراس وقت سکول نے ’’اے ‘‘گریڈڈی بی ٹی نے حاصل کیاہواہے ۔انہوں نے کہاکہ ہرسال کثیرتعدادمیں سکول آف بائیوٹیکنالوجی کے طلباء این ای ٹی ،ڈی بی ٹی،بی ای ٹی ،جی اے ٹی ای وغیرہ مقابلہ جاتی امتحان پاس کرتے ہیں۔اس وقت اس سکول میں تین ماسٹرڈگری پروگرام بشمول بائیوٹیکنالوجی،مائیگروبائیولوجی اوربائیوکیمسٹری ،پی جی ڈپلوماکورس اِن بائیوانفارمیٹکس کے ساتھ ساتھ ان ہی مضامین میں پی ایچ ڈی اورایم پی پروگرام بھی چلائے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر فیکلٹی ممبران بشمول پروفیسرجیوتی وکھلو،ڈائریکٹرایس بی ڈی ،پروفیسرایم کے دھر،ڈاکٹربی کے بجاج،ڈاکٹرسنجنا کول اورڈاکٹرریتومہاجن بھی موجودتھیں۔
مقابلہ جاتی امتحانات
نگروٹہ میں کوچنگ مراکزقائم کیے جائیں:شوکت چوہدری
جموں//جموںو کشمیرصاف ستھرامومنٹ نے حال ہی میں جاری ہوئے این ای ای ٹی امتحان میں نگروٹہ اسمبلی حلقہ کے کسی بھی اُمیدوارکے کوالیفائی نہ ہونے پرتشویش کااظہارکیاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں جموں وکشمیرصاف ستھرامومنٹ کے ریاستی صدر شوکت چوہدری نے کہاکہ نگروٹہ اسمبلی حلقہ میں این ای ای ٹی امتحان کی اُمیدواروں کوتیاری کیلئے کوئی بھی کوچنگ سنٹرنہیں ہے جس کی وجہ سے یہاں کے بچے اعلیٰ اوروقاری امتحانات کوالیفائی کرنے سے قاصررہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دویندرسنگھ رانا ممبراسمبلی نگروٹہ کوچاہیئے کہ وہ اس طرف توجہ دیں لیکن افسو س ہے کہ وہ غیرسنجیدگی کامظاہرہ کررہے ہیں۔ شوکت چوہدری نے کہاکہ ریاستی گورنرسے اپیل کی کہ وہ نگروٹہ میں این ای ای ٹی ،این ڈی اے ،آئی اے ایس، کے اے ایس جیسے وقاری امتحانات میں حصہ لینے کے خواہشمندنوجوانوں کومفت کوچنگ کیلئے انتظامات کریں اورنگروٹہ اسمبلی حلقہ میں کوچنگ مراکزقائم کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ نگروٹہ اسمبلی حلقہ کے نوجوان حکومت سے نالاں ہیں،انہیں نہ توروزگارکے مواقعے دیئے جارہے ہیں اورنہ ہی وقاری امتحانات کوالیفائی کرنے کیلئے کوچنگ کی سہولیت فراہم کی جارہی ہے جوکہ افسوس کی بات ہے۔
قیدیوں کیلئے منشات مخالف بیداری پروگرام کاانعقاد
جموں//ڈسٹرکٹ جیل جموں نے نارکوٹیکس کنٹرول بیورو ،وزارت داخلہ امور کے اشتراک سے قیدیوں کیلئے منشیات کے مضراثرات کے بارے میں بیداری پروگرام کاانعقاد کیا۔اس دوران پروگرام ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (پرزن ڈیپارٹمنٹ ) دلباغ سنگھ کی نگرانی میں منعقدکیاگیا۔اس موقعہ پر این سی بی ٹیم نے منشیات کی لعنت اورشراب پی کرگاڑی چلانے کے نقصانات کے بارے میں نکڈناٹکوں،سکٹوں کے ذریعے قیدیوں کوجانکاری دی۔اس دوران قیدیوں نے ڈی جی پی پرزن کی کاوشوں کوسراہاکہ انہوں نے نکڈناٹکوں اورسکٹوں کے ذریعے منشیات کے مضراثرات سے انہیں باخبرکیا۔اس موقعہ پر دنیش شرما سینئرسپرانٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل جموں، کے پی تیواری، سپرانٹنڈنٹ نارکوٹیکس کنٹرول بیورو،سی ایس راٹھور، انٹیلی جینس آفیسر،این سی بی ،میڈیکل آفیسر ڈسٹرکٹ جیل جموں بھی موجودتھے۔