یوتھ کانگریس کے انتخابات میں کامیابی
اعجازچوہدری ریاستی نائب صدراورریاستی جنرل سیکریٹری منتخب
جموں//حال ہی میں منعقدکیے گئے پردیش یوتھ کانگریس کے انتخابات میںجہاں ادھے چب کوریاستی صدرمنتخب کیاگیاہے وہیں اعجازاحمدچوہدری کوریاستی نائب صدرجبکہ مدثرچوہدری کو ریاستی جنرل سیکریٹری چناگیاہے۔ان دونوں نوجوانوں کاتعلق ضلع پونچھ سے ہے۔اعجازچوہدری ضلع پونچھ ،تحصیل مینڈھرکے دوردرازگائوں کلراورمدثرچوہدری پونچھ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ان دونوں نوجوانوں کوخطہ جموں کے کانگریس سے وابستہ نوجوانوں نے کثیرتعدادمیں ووٹ دیئے۔مدثرچوہدری پیرپنچال سے منتخب ہونے والے سب سے کم عمر یوتھ کانگریس کے ریاستی جنرل سیکریٹری بن گئے ہیں ۔اعجازچوہدری اورمدثرچوہدری نے پارٹی کے قومی صدر راہل گاندھی ،پی سی سی صدرغلام احمدمیر ،کرشنا الویرا اے سی سی جوائنٹ سیکریٹری ،انچارج یوتھ کانگریس ،قومی صدرکیشوچند یادواورقومی نائب صدر شری نواس انڈین یوتھ کانگریس کاشکریہ اداکرنے کے ساتھ ساتھ تمام ان یوتھ کانگریس کارکنوں کابھی شکریہ اداکیاجنھوں نے انہیں ریاستی نائب صدراورریاستی جنرل سیکریٹری عہدوں کے قابل سمجھااوربھاری تعدادمیں ووٹ دیئے۔علاوہ ازیں سجموں کے سندیپ سنگھ رسم کوجنرل سیکریٹری چناگیاہے۔
ڈی ڈی اوزکیلئے منعقدہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر
ادہم پور//پنشن فنڈریگولیٹری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ڈرائنگ اینڈڈسبرسنگ آفیسران (ڈی ڈی اوز) کیلئے منعقدہ دوروزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیرہوگئی ہے۔اس دوران ورکشاپ کی نگرانی ضلع ترقیاتی کمشنر ادہم پوررویندرکمارنے کی ۔اس دوران ورکشاپ میں 300کے قریب ڈی ڈی اوزنے شرکت کرکے نئی پنشن سکیم (این پی ایس )کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ورکشاپ کامقصداین پی ایس سسٹم کی موثرعمل آوری کویقینی بناناہے۔
کٹھوعہ میں بلدیاتی انتخابات
101 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے
کٹھوعہ//میونسپل کونسل کٹھوعہ اورپانچ میونسپل کمیٹیوں کیلئے ،کاغذات دائرکرنے کے آخری روزسے ایک دن قبل 101 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی دائرکئے۔ضلع میں بلدیاتی انتخابات کے تحت ووٹنگ 10 اکتوبرکوہوگی ۔اب تک میونسپل کونسل کٹھوعہ کیلئے 84، بلاورمیونسپل کمیٹی کیلئے 32 اوربسوہلی میونسپل کمیٹی کیلئے 28،لکھن پورمیونسپل کمیٹی کیلئے 10، ہیرانگرمیونسپل کمیٹی نے 14 اورپرول میونسپل کمیٹی کیلئے 64 امیدواروں نے اپنے کاغذات دائرکیے ہیں۔ ان میں سے 94 امیدوارقومی پارٹیوں، 17 علاقائی پارٹیوں اور121 آزادامیدوارہیں۔
نیشنل کانفرنس قیادت کے فیصلے کی خلاف ورزی
جموں خطہ کے 8 عہدیداروں کوپارٹی سے خارج کردیا
جموں//نیشنل کانفرنس نے جموں خطہ میں8 عہدیداران کوپارٹی مخالف سرگرمیوں کی پاداش میں پارٹی سے خارج کردیاہے ۔نیشنل کانفرنس کے ترجمان مدن منٹو کے مطابق خارج کیے گئے عہدیداروں میں ایوب ملک، اشونی چاڑک،کلدیپ گھئی ، اشوک سنگھ منہاس، ایس سوچاسنگھ (ڈی سی)، سبھاش بھگت ،ریکھامنہاس اورمنوہرلال بھگت شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان عہدیداروں کواس لیے پارٹی سے نکالاگیاہے کیونکہ انہوں نے بلدیاتی انتخابات میں شرکت نہ کرنے کے پارٹی قیادت کے فیصلے کی خلاف ورزی کی ہے۔
حکومت نے رہیبلی ٹیشن ہومز کو منظوری دی
سرینگر //گورنر انتظامیہ نے سرینگر اور جموں میں دو رہیبلی ٹیشن ہومز قائم کرنے کو منظوری دی ہے جن میں25/25 افراد کے قیام کی گنجائش ہوگی۔یہ باز آباد کاری ہومز اُن بیماروں کے لئے قائم کئے جائیں گے جن کا علاج کیا گیا ہے اور جنہیں مزید علاج ومعالجہ کی ضرورت نہیں ہوگی تا ہم جن کے پاس گھر نہیں ہے اور جنہیں اپنے افراد خانہ قبول نہیں کرتے۔ سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر فاروق لون کی طرف سے جاری کئے گئے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یہ رہیبلی ٹیشن ہومز سائکیٹرک ہسپتالوں کے نزدیک کرایوں پر تب تک قائم کئے جائیں گے جب تک مستقل ہومز کے لئے اراضی کی نشاندہی کی جائے گی۔حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ہومز چلانے کے لئے سالانہ30/30 لاکھ روپے کی حد مقرر کی گئی ہے اور یہ ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر کشمیر اور جموں کے حد اختیار میں اپنا کام کاج انجام دیں گے۔
ڈی سی کٹھوعہ نے سوچھتامیراتھن کوہری جھنڈی دکھائی
کٹھوعہ//محکمہ دیہی ترقی اورضلع انتظامیہ کے اشتراک سے منعقدہ یک روزہ بیداری پروگرام کااہتمام کیاجس کامقصد 150ویں سالگرہ کے موقعہ پر لوگوں کی سوچ میں تبدیلی لاکر کھلے میں پاخانہ کرنے کی سماجی برائی سے معاشرے کونجات دلاناہے۔اس دوران پروگرام میں ضلع ترقیاتی کمشنر روہت کھجوریہ مہمان خصوصی تھے۔ اس دوران ڈریم لینڈپارک میں منعقدہ پروگرام کے دوران ملازمین اوردیگرلوگوں نے گردونواح کوصاف ستھرارکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔علاوہ ازیں سوچھتاہی سیوا مہم کے تحت ایک دوڑ(میراتھن) کااہتمام کیاگیاجوڈریم لینڈپارک سے شروع ہوکروومن کالج پہنچ کراختتام پذیرہوئی جس میں طلباء اوراساتذہ نے شرکت کی۔اس ریلی کوڈی سی کٹھوعہ نے ہری جھنڈی دکھاکرروانہ کیا۔میراتھن کے بعد ایک مباحثہ پروگرام گورنمنٹ وومن کالج میں منعقدہواجس کاعنوان ہمارے سماج میںسوچھتارکھاگیاتھا۔ڈی ڈی سی نے بتایاکہ یہ مہم 15ستمبرسے 2اکتوبرتک جاری رہی گی ۔دریں اثناطلباء میں اسناداورانعامات بھی تقسیم کیے گئے۔اے ڈی سی کٹھوعہ، سی ای او،ڈی پی او،بی ڈی او،پرنسپل اورطلباء بھی موجودتھے۔