غلط فیصلوں کوواپس لینابھارت کی ذمہ داری:پاکستان
اسلام آباد//پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیرمعیدیوسف نے کہا کہ بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام آباد سے مذاکرات شروع کریںاور اس کیلئے اُسے جموں کشمیر سے متعلق لئے گئے فیصلوں کو’’واپس ‘‘لینا ہوگا۔ایک سرکاری بیان کے مطابق یوسف نے سینٹ کی دفاع سے متعلق کمیٹی کو موجودہ علاقائی منظر نامے میںپاکستان کے کردار،پاک امریکہ تعلقات،ہندپاک تعلقات اور امریکی فوجی انخلاء کے بعدافغانستان کی صورتحال سے باخبر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کہ اب یہ بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیرپرلئے گئے غلط فیصلوں کوواپس لیں تاکہ مذاکرات کے عمل کو شروع کیا جائے ۔پاک امریکہ تعلقات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاک امریکہ تعلقات کیلئے ایک وسیع نقش راہ مرتب کیاجارہا ہے تاکہ کامرس،تجارت،ویکسین مینوفیکچرنگ اور دیگر امور پر تعاون کوبڑھایاجائے
کنزرٹنگمرگ میں کمسن لڑکی نے خودکو پھانسی پرلٹکایا
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ کے لالپورہ گائوں میں ایک سولہ برس کی لڑکی نے مبینہ طور خودکوپھانسی پرلٹکاکر اپناخاتمہ کیا۔معلوم ہوا ہے کہ لالپورہ کنزر میں ایک لڑکی(نام مخفی) نے اپنے گھر کے ایک کمرے میں خود کو پھانسی پر لٹکایا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔مقامی لوگوں نے اس حادثے کی اطلاع پولیس کو دی اور پولیس کی ٹیم نے موقعہ پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیا۔لڑکی کے اس انتہائی اقدام اُٹھانے کی وجوہات کا پتہ نہیں چلاتاہم پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرکے اُسے لواحقین کے سپرد کیا۔اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
لداخ میں کورونا کے23نئے معاملات
لیہہ//لداخ میں بدھوار کوکووِڈ- 19 کے23نئے معاملات سامنے آئے جبکہ14مزید افراد اس بیماری سے شفایاب ہوئے۔ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق لیہہ ضلع میں22نئے کوروناکے مریض پائے گئے جبکہ کرگل ضلع میںایک مریض کورونامیں مبتلاء پایاگیا۔انہوں نے کہا کہ کل 2551 نمونوں میں1319لداخ اور 1232 کرگل میں منفی پائے گئے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لداخ میں کورونا سے کوئی موقت واقع نہیں ہوئی۔
ڈی جی پی نے ہاکی کھلاڑی روپندر سنگھ کے انتقال پر تعزیت کی
سرینگر// پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے جے کے پولیس کے نوجوان ہاکی کھلاڑی روپندر سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ، جو سرینگر میں پریکٹس کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ۔سنگھ پورہ پٹن بارہمولہ کے روپندر سنگھ جموں وکشمیر پولیس میں پیروکار کی حیثیت سے کام کرتا تھا اور جموں و کشمیر پولیس کی سنٹرل ہاکی ٹیم کا بھی حصہ تھا۔ ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا جب وہ گذشتہ روز راج باغ میں پریکٹس کر رہے تھے۔
عدالتی احکامات کی خلاف ورزی
سونہ مرگ میں انہدامی کارروائی عمل میں لائی گئی
غلام نبی رینہ
کنگن//سونہ مرگ میں ہوٹلوں کی مرمت کے دوران خلاف ورزی کی بنیاد پر انہدامی کارروائی عمل میں لائی گئی۔سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر شیخ ظہور احمد نے اس سلسلے میںبدھ کو اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف ہوٹلوں کا اچانک معائنہ کیاجہاں خلاف ورزی ہورہی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ان ہوٹلوں کو مرمت کیلئے عدالت کی طرف سے اجازت ملی تھی لیکن چند ہوٹلوں میں عدالتی احکامات کے برعکس کام ہورہا تھا جس کی بنیاد پر اتھارٹی نے انہدامی کارروائی عمل میں لائی۔ سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایک افسر نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چند ہوٹلوں میں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہورہی تھی اسلئے انہدامی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تیندوے کاحملہ
واری پورہ کنزرمیںتین بھیڑیںہلاک
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//واری پورہ کنزرمیں دوران شب ایک تیندوے نے حملے میں تین بھیڑوںکی چیرپھاڑ کرکے اُنکوہلاک کیاجبکہ ایک کو ساتھ بھگالیا۔تیندوا دوران شب جاوید احمد میر ساکنہ لال بازار سرینگر کے فارممیں داخل ہوگیااوریہاںموجود تین بھیڑوںکی چیرپھاڑ کردی ،جسکے نتیجے میں تینوں بھیڑیں ہلاک ہوگئیں ۔تیندوا ایک بھیڑکو اپنے ساتھ لینے میں بھی کامیاب ہوگیا۔تیندوے کی موجودگی سے علاقے میں دہشت پھیل گئی ۔مقامی لوگوںنے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ وائلڈلائف کے افسروں سے اپیل کی کہ تیندوے کوپکڑنے کی فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
پینے کے پانی کی قلت
پہلگام کا بڑرو گاوئں جل شکتی محکمہ کے خلاف سراپا احتجاج
سرینگر//پہلگام کے بڑرو علاقے میں لوگوں نے جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ندی نالوںکا پانی استعمال کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔ احتجاجی آبادی نے کہا کہ کئی بار انہوں نے اس سلسلے میں متعلقہ افسران کو آگاہ کیا لیکن آج تک اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ گائوں میں 15 سال قبل پانی کی ایک ٹنکی تعمیرکی گئی تھی لیکن آج تک پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا گیاحالانکہ یہ گائوں ٹنکی سے محض 500 میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ لوگوں نے کہا کہ علاقے میں گزشتہ کئی برسوں سے پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ اننت ناگ سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کی طرف توجہ دیں ۔کے این ایس
شوپیان میں مویشی چور فلمی انداز میں گرفتار
سرینگر//مویشی چوروں نے 13اور 14 جولائی کی درمیانی شب ایک بغیر نمبر پلیٹ ٹاٹا موبائل گاڑی کا استعمال کرتے ہوئے جنوبی کشمیر کے تھارن شوپیان کے گاؤں سے درجنوں بھیڑوں کو چرانے کی کوشش کی تاہم گاؤں نے والوں نے کمال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاٹا موبائل کا پیچھا کیا اورمویشی چوروں نے گاڑی کی رفتار بڑھادی لیکن پوجو کرالہ چک موڈ پر گاڑی الٹ گئی۔ اس دوران مقامی لوگوں نے پولیس کو مطلع کیااور پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر انہیں گرفتا رکرلیا۔ کیلر تھانے کے ایک عہدیدارنے اس سلسلے میں بتایا کہ راجوری کے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو تھارن نامی گاؤں سے دوران شب بھیڑ چرا کر راجوری لینا چاہتے تھے تاہم بھاگنے کے دوران انہیں حادثہ پیش آیا اور دونوں افراد کو معمولی چوٹیں آئیںہیں ۔
اچھ بل شانگس سڑک کی حالت ناگفتہ بہ
سرینگر//اچھ بل شانگس سڑک کی خستہ حالی کے نتیجے میں لوگوں کا عبور و مرور دشوار بن گیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اچھ بل سے شانگس تک سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے۔لوگوں کا کہنا کہ سڑک میں جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں جن میں بارشوں کا پانی جمع ہوکر یہ سڑک تالاب کی شکل اختیار کرتی ہے ۔ لوگوںنے کہاکہ سڑ ک کی خستہ حالی کی وجہ سے انہیں کئی دشواریوں کاسامنا کرنا پڑرہاہے ۔ لوگوں نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے اس خستہ حال سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔
نامور ادیب اور شاعر مظفر ایرج فوت
ادبی حلقوں کا اظہار رنج،ناقابل تلافی نقصان قرار
سرینگر//جموں کشمیر کے نامور ادیب اورشاعر مظفر ایرج گزشتہ شب انتقال کرگئے ۔وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے۔ مظفر ایرج کا شمار ان ادباء میں ہوتا تھا جنہوں نے جموں کشمیر کے ادبی منظرنامے میں اپنی قابلیت کی مہر ثبت کر کے ایک منفرد چھاپ چھوڑی ہے ۔ مظفر ایرج کئی شعری مجموعوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کئی ادبی تنظیموں سے وابستہ تھے۔میرواعظ کشمیر محمد عمر فاروق دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔موصوف مرحوم مولوی مشتاق احمد کے خالہ زاد بھائی تھے۔ جموں کشمیر سے شائع ہونے والے عالمی سطح کے سالنامے نگینہ انٹرنیشنل کی مجلس مشاورت کے اہم رکن مظفر ایرج کے انتقال پرنگینہ انٹرنیشنل کے مدیر اعلیٰ وحشی سعید نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ذاتی صدمہ قرار دیا ۔ انہوں نے بحرین سے بذریعہ فون اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مظفر ایرج کی دنیا سے رخصتی سے ایک ایسا خلا پیدا ہوا ہے جس کی تلافی ناممکن ہے ۔ نامور ادیب اور فکشن نگار نورشاہ نے بھی اسے ذاتی صدمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مظفر ایرج نہ صرف ایک اچھے ادیب و شاعرتھے بلکہ ایک اچھے انسان بھی تھے۔ اراکین نگینہ کے ساتھ ساتھ دیگر ادبی حلقوں نے بھی مظفر ایرج کی وفات پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوے انکی جنت نشینی کی دعا کی۔ اللہ مرحوم کو کروٹ کوروٹ جنت نصیب کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔جموں کشمیر فکشن رائٹرس گلڈ نے گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ گلڈ کے صدر شہزادہ بسمل نے کہا کہ مظفر ایرج ایک اچھے شاعر اور ادیب تھے ۔ گلڈ کے سبھی ممبران دُکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔حقانی میموریل ٹرسٹ نے محمد مظفر نقشبندی المعروف مظفر ایرج کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری بشیر احمدڈار نے انکی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں اردو ادب کیلئے ان کا انتقال ایک عظیم صدمہ ہے ۔پی ڈی پی کے سٹیٹ یوتھ سیکریٹری نے مظفر ایرج کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوگوار کنبے سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔
باغبانی شعبہ میں روزگار کے مواقع:ڈائریکٹر
سرینگر// ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر نے پانپور میں قائم ایگرو فارمز کا دورہ کیا اور وہاں پر فارم مالک کے کام کو سراہتے ہوئے اس کی حوصلہ افزائی کی ۔ ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر اعجاز احمد بٹ نے پانپور میں قائم برکت ایگرو فارمز کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ چیف ہاٹی کلچر آفیسر پلوامہ اور دوسرے افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل کے مطابق فارم آٹھ ہیکٹر اراضی پر محیط ہے ۔ انہوںنے فارم کے مالک فیاض احمد کی اس بات پر سراہنا کی کہ انہوںنے ایک اچھاکام کیا ہے اور نہ صر ف خود کو بلکہ دوسروں کو بھی روزگار فراہم کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے اس موقع پر فارم کے مالک کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں توصیفی اسناد سے بھی نوازا ۔ ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ اس فارم سے ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن نرسری اسکیم کو بڑھاوا ملے گا ۔ انہوںنے کہاکہ فارم میں کام کرنے والے سبھی نوجوانوں کو جدید قسم کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوںنے اس موقع پر فروٹ گرورس سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنے باغات میں ہائی ٹیک نرسری قائم کرنے کی بھی صلاح دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہائی ٹیک نرسری کیلئے محکمہ مالکان باغات کو ہر طرح کی مدد فراہم کرئے گا۔
ڈورو اننت ناگ کے عوامی مسائل
سٹیزنز فورم نے مشیر بصیر خان کو میمورنڈم پیش کیا
سرینگر// ڈورو اننت ناگ میں عوام کو درپیش مسائل حل کرانے کی غرض سے ڈورو سٹیزنز فورم نے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان کے دورے کے دوران ان سے ملاقات کی اور انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا ۔ فورم نے علاقے کے مختلف مسائل جن میںصاف پانی کی فراہمی،کریری نوپورہ محمود آبادکے علاوہ ڈورو علاقہ کے تمام زمینداروںکو آبپاشی کے لئے پانی کی فراہمی اورچینی گنڈ میں بیکار پڑے ڈیم کو چالو کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔فورم کے ترجمان جاوید احمد خان نے اس سلسلے میںبتایا کہ دورئہ ڈورو کے دوران فورم نے بصیر خان اور ڈی سی کو یہ میمورنڈم پیش کئے ۔کے این ایس
پروفیسر فاروق فیاض کی کتاب’زآلی ڈب ‘کی رسم اجرائی
سرینگر//مشہور قلمکار پروفیسر فاروق فیاض کی کتاب ’’زآلی ڈب ‘‘کی رسم رونمائی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام یوسمرگ میں کئی سرکردہ ادیبوں کی موجودگی میں انجام دی گئی۔ اس سلسلے میں کشمیر مرکز ادب و ثقافت کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت معروف ادیب،شاعر اور سکالر پروفیسر محمد زمان آزردہ نے کی۔تقریب پر پروفیسر شاد رمضان اور بزم ادب کمراز کے صدر محمد امین بٹ نے مہمان ذی وقار کی حیثیت سے شرکت کی۔
ترال میں اپنی پارٹی ورکروں کا اجلاس
سرینگر//اپنی پارٹی پلوامہ نے ترال اسمبلی حلقہ کے بٹہ گنڈ میں ضلع سطح کے پارٹی ورکروں کا اجلاس منعقدکیا جس کی صدارت اپنی پارٹی ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی نے ہمیشہ سبھی خطوں کی جامع ترقی کی وکالت کی ہے۔ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کی ہمہ جہت ترقی کی وعدہ بند ہے۔ پارٹی قیادت نے ہمیشہ گاؤں دیہات میں لوگوں کے معیار ِ حیات کو بہتر بنانے کی بات کی ہے۔ میر نے کہاکہ ترال حلقہ میں بنیادی ڈھانچہ کی کمی ہے جس کو سابقہ حکومتوں نے نظر انداز کیا۔ ترال میں سیاحت کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور انتظامیہ کو زمینی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کی عمل آوری کے لئے اپنی کوششوں میں تیزی لانی چاہے۔ ترال میں خواتین کالج کا قیام اہم مانگ ہے جس کو جلد سے جلد تعمیر کیاجانا چاہئے۔ اس موقع پر صوبائی پریس سیکریٹری کشمیر جاوید احمد جاوید نے بھی خطاب کیا اور پارٹی ورکروں سے کہاکہ وہ زمینی سطح پر پارٹی کیڈر کی مضبوطی کیلئے محنت ولگن سے کام کریں اور لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا رول نبھائیں۔
میرواعظ عمر فاروق کا ڈاکٹر کنٹھ کے انتقال پر اظہار تعزیت
سرینگر//میرواعظ محمد عمر فاروق نے ایک تعزیتی بیان میں وادی کشمیر کے مشہور معالج ڈاکٹر احمد دین کنٹھ ساکن نگین کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر کنٹھ کی طویل ترین بے لوث طبی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا ہے ۔ میرواعظ نے کہا کہ ڈاکٹر احمد دین کنٹھ کا خاندان اور مرحوم بذات خود میرواعظ خاندان کے ساتھ انتہائی قریبی مراسم اور تعلق رکھتے تھے ۔ڈاکٹر کنٹھ کو انتہائی مخلص ، ملنساراوردست شفا رکھنے والے ہمدردمعالج قرار دیتے ہوئے میرواعظ نے اُن کی وفات کو ذاتی صدمہ قرار دیتے ہوئے مرحوم کے لواحقین خاص کر مرحوم کے فرزند ڈاکٹر اعجاز احمد کنٹھ اور برادر غلام محمد کنٹھ کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور اللہ تباک و تعالی سے لواحقین کیلئے صبر جمیل اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔
نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے سید خورشید احمد بخاری ساکن دریش کدل صفا کدل اور معروف تاجر ظہور احمد وانی ساکن بچھوارہ ڈلگیٹ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہا کیا ہے اور مرحومین کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحومین کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی لیڈران مبارک گل ، عرفان احمد شاہ اوراحسان پردیسی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ظہور احمد وانی ساکن بچھوارہ کے انتقال پر مدیر اعلیٰ سرینگر ٹائمز بشیر احمد بشیر اور صوفی محمد یوسف کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے موصوف مرحوم غلام محمد صوفی کے فرزند نسبتی تھے۔
حقانی ٹرسٹ کا اظہار تعزیت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے سابق پرنسپل محمد مقبول میر ساکن ربن سوپور کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے ان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں موصوف کی موت ایک عظیم صدمہ ہے ۔انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔