بجبہاڑہ میں ترکھان چھت کی مرمت کرتے ہوئے لڑھک کرہلاک
کنگن میں محکمہ بجلی کا ملازم کھمبے سے گرکر جاں بحق
عارف بلوچ +غلام نبی رینہ
اننت ناگ+کنگن //بجبہاڑہ میں ایک ترکھان چھت سے گر کر جاں بحق ہو گیا ۔ ادھر کنگن میں محکمہ بجلی کا ملازم کھمبے سے گرکر شدید زخمی ہوگیا۔ کاٹھسو بجبہاڑہ میں زیر تعمیر مکان سے بلال احمد کھانڈے ولد عبدالغفار ساکنہ ہوگام سریگفوارہ مکان کی چھت کی مرمت کر رہا تھا۔ اس دوران وہ اپنا توازن کھو بیٹھا اور نیچے گر گیا ۔اگر چہ اسے فوری طور اسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔جونہی مذکورہ ترکھان کی نعش گھر لائی گئی تو وہاںصف ماتم بچھ گئی۔بجبہاڑہ میں حالیہ دنوں یہ اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے جب ترکھان چھت سے گر کر فوت ہو گیا ہے۔ادھر پنزن کنگن میں محکمہ بجلی کا ایک ملازم اپنے ہی گھر میں بجلی کھمبے سے گر گر شدید ذخمی ہوگیا اور بعد میں صورہ میڈیکل انسی چیوٹ میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ۔کشمیر عظمی کو ملی تفصیلات کے مطابق وسطی ضلع گاندربل کے پنزن کنگن علاقے میں محکمہ بجلی میں کام کررہا 55 سالہ نظیر احمد لون ولد غلام رسول ساکن پنزن کنگن اپنے گھر میں ترسیلی لائن کی مرمت کررہا تھا اوربجلی کھمبے سے گر کر شدید زخمی ہوگیا ۔مذکورہ بجلی ملازم کو علاج کے لئے ٹراما ہسپتال کنگن لایا گیا جہاںڈاکٹروں نے اس کی حالت تشویش ناک پاتے ہوئے اسے صورہ میڈیکل انسٹی چیوت منتقل کیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ۔
حاجن اور عشم میں معمر شہری اور8سالہ بچہ جہلم میں غرقآب
سرینگر//بانڈی پورہ کے حاجن اور عشم علاقوں میں ایک معمر شخص اور ایک کمسن بچے کی موت کے بعد دونوں علاقوں میں صف ماتم بچھ گئی۔ بنگر محلہ حاجن میں جمعرات کو 75 سالہ شخص فجر کے وقت دریائے جہلم میں اس وقت ڈوب گیا جب وہ اپنے گھر سے وضو کرنے کے لئے جہلم پر گیا۔مذکورہ شہری جب دیر تک گھر نہیں لوٹا تواہل خانہ کو شبہ ہوا جس کے بعد گھر والے دریا کے کنارے پہنچے تو وہاں انہوں نے اس کی ٹارچ اور کچھ کپڑے پائے۔اس کے بعدپولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے فوراً ان کی تلاش شروع کردی ۔بعد میں غلام محمد دونٹو ولد عبدالرحمٰن دونٹو ساکن بنگر محلہ حاجن کی لاش چندرگیر بانیاری میں دریا سے برآمد کی گئی۔ادھر اس واقعہ کے چند گھنٹوں کے بعد ہی حاجن زونی پورہ کے عشم علاقہ میںایک 8 سالہ بچہ جہلم میں ڈوب گیا۔سی این ایس کے مطابق سجاد شبیر شیخ ولد شبیر احمد ساکن زونی پورہ عشم اس وقت ڈوب گیا جب وہ دریائے جہلم میں نہا رہا تھا۔ غرقآب ہوئے بچے کی لاش کو برآمد کرنے کے لیے تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جس کے بعد اسکی لاش جہلم سے برآ مد کی گئی۔ غرقآبی کے واقعات کے بعد دونوں علاقوں میں کہرام مچ گیا ۔پولیس نے دونوں معاملات کی نسبت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔
گوجر بکروال کانفریس کی میٹنگ کا انعقاد
سیاسی ریزرویشن اور دیگر امورات پر تبادلہ خیال
سرینگر//پانپور میں گوجر بکروال کانفرنس کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں حدبندی کمیشن سیاسی ریزر ویشن کے ساتھ ساتھ دیگر اہم مدعوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ گوجر بکروال کانفرنس کے صوبائی صدرمحمد یوسف کی صدارت میںجمعرات کو میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پلوامہ ضلع کے تمام علاقوں سے آئے ہوئے ممبران اور لیڈروں نے شرکت کی ہے ۔میٹنگ میں اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا کہ حد بندی کمیشن نے اس طبقے کواُس حد تک اعتماد میں نہیں لیاہے جتنا لینا تھا ۔میٹنگ کے حوالے سے کانفرنس کے صوبائی صدر محمد یوسف نے بتایا13جوالائی سے 19تاریخ تک میٹٹنگوں کا سلسلہ شروع کیا گیااور19جولائی کو سرینگر میں ایک میٹنگ کے بعدکانفرنس کے ذمہ داراس حوالے سے ایک پریس کانفرنس بھی دے رہے ہیں۔کے این ایس کے مطابق انہوںنے کہا کہ حد بندی کمیشن نے طبقے کو اس طرح اعتماد میں نہیں لیا ہے جس طرح باقی لوگوں کو لیا گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ’ہمارامانناہے کہ جموں و کشمیر میں آبادی کے لحاظ سے تیسری بڑی جماعت گوجر بکروال طبقے کی ہے‘ ۔انہوں نے کہاکہ اگرریزرویشن دی جاتی ہے تو آبادی کے تناسب سے گوجر بکروالوں کی9نشستیں ہیں ۔انہوں نے کہا جو ریز رویشن دے رہے ہیں ہمیں وہاں چاہے جہاں30فیصد آبادی ہے جہاں آج تک ہمیں نہیں ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سیاسی ریز رویشن پر بھی بات ہوئی ہے ۔ میٹنگ میں جنرل سیکریٹری چودھری محمد یاسین پسوال،ضلع صدر پلوامہ یار محمد پسوال،منظور گورسی،غلام جیلانی،مختار احمد،غلام نبی،بجران،بشیر احمد،مسرت جان۔شاہ زرین۔محمد شفیع ڈوئی نثار احمد چیچی،بشیر احمد ڈوئی،علی محمد دیددڈ نے شرکت کی ۔
اوڑی میں گاڑی گہری کھائی میں جاگری
ڈرائیور از جان ، 5مسافر زخمی
ظفر اقبال
اوڑی//اوڑی کے مضافاتی گاوں زمبور پٹن میں ایک گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا جبکہ 5مسافر زخمی ہوئے۔ جمعرات کی صبح ایکسپریسو گاڑی زیر نمبر JK05J/3012 اس وقت سڑک سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جاگری جب وہ زمبور پٹن سے گینگل کی طرف آرہی تھی ۔ حادثہ میں گاڑی کا ڈرائیور محمد اسماعیل تاس لقمہ اجل بن گیا جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں مقامی لوگوں اور پولیس نے فوری طور پرائمری ہیلتھ سنٹر مہورہ منتقل کیا ۔ابتدائی علاج و معالجہ کے بعد زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ منتقل کیا گیا ۔ اسپتال زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گاڑی کے ڈرائیور محمد اسماعیل تاس کو گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ منتقل کرنے کے کچھ ہی دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔حادثہ میں زخمی5افراد کی شناخت بدروالدین تاس،محمد رفیق بجاڑ،جمیل احمد بجاڑ،خادم حسین اور گلشن بانو ساکنان زمبور پٹن کے بطور ہوئی ہے ۔بدروالدین تاس کی حالت اسپتال میں نازک بتائی جاتی ہے۔
نامیاتی کھیتی باڑ ی کے رجحان میں اضافہ
کشمیر کا موسم آرگینک فارمنگ کیلئے موزوں: ناظم زراعت
سری نگر//وادی کشمیر میں لوگوں کا رجحان روایتی فصلوںکے بجائے آرگینک یعنی نامیاتی کھیتی باڑی اور کیش کراپس یعنی نقدرقم دلانے والی فصلوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ دیہی علاقوں میں لوگ، جن میں نوجوان بھی شامل ہیں، اب آرگینک فصل اُگانے کی طرف مائل ہورہے ہیں۔ اس طریقے سے لوگ کھیتوں میں سبزیاں، میوے کاشت کرتے ہیں یا نوجوان گھروں میں مشروم کی کاشت جدید تکنیک سے کرتے ہیں اور یہ طریقہ ان کیلئے منافع بخش ثابت ہو رہا ہے۔کئی نوجوانوں نے میوہ باغات میں زمین کے ایک حصے کوکھیتی باڑی کیلئے مخصوص رکھاہے ،جہاں انہوں نے فوری نقدرقم دلانے والی سبزیوں ،میوہ جات اورمشروم کی کاشت کررکھی ہے ۔ایسے نوجوان اوردیگرلوگ کہتے ہیں کہ آرگینک فارمنگ یانامیاتی کھیتی باڑی سے کافی خوش اورمطمئن ہیں ،کیونکہ ہم اپنی محنت کاپھل جلدپاتے ہیں۔بڑی تعدادمیں بے روز گار اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اور خواتین گھروں میں مشروم اورسبزیوںجیسی کیش کراپ کی کاشت کر رہی ہیں۔کئی ایسے نوجوانوں بشمول لڑکیوں وخواتین نے کہاکہ ہم دن بھرگھروں میں بے کار بیٹھی رہتی تھیں لیکن آرگینک فارمنگ نے ہمیں اس صورتحال سے نکلنے کاراستہ فراہم کیا۔جے کے این ایس کے مطابق انہوں نے کہاکہ اب ہم صبح اورشام کے وقت جدیدتکنیک اپنا کر سبزیوں ،میوہ جات اورمشروم جیسی فصلوں کی کاشت کاری یایوں کہئے زمینداری میں مصروف رہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ کام ہماری لئے منافع بخش بھی ہے اورساتھ ہی ہماری صحت پربھی اسکے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔30سالہ انشاء رسول جس نے جنوبی کوریا میں انسانی علوم پر ریسرچ مکمل کرکے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے ،نے آرگینک فارمینگ کاطریقہ اپنا کرنہ صرف اپنی معاشی ومالی حالت کوکافی بہتر بنایا ہے بلکہ وہ کئی دیگرلوگوںکوبھی روزگار فراہم کرتی ہیں ۔وہ کہتی ہیں کہ انسانی علوم پر تحقیق کے دوران ہی مجھے آرگینک فارمنگ میں دلچسپی پیداہوئی ،اورجب میں جنوبی کوریامیں پانچ سال گزارنے کے بعدواپس کشمیر لوٹی ،تومیں نے یہاں اس طریقہ کاشت کاری کواپنایا۔انہوںنے کہاکہ دوسال پہلے جب میں نے آرگینک فارمینگ کواپنایا،اورآج میں خودکوایک کامیاب زمیندارمانتی ہوں ،کیونکہ صورتحال کچھ بھی رہی ہولیکن میں اپنے اس کام میں مشغول اورمصروف رہتی تھی ۔شیخ پورہ بڈگام کی رہنے والی انشاء رسول نے آبائی علاقہ میں خاندانی زمین کے 2ایکٹر کوآرگینک فارمینگ کیلئے مخصوص رکھاہے ،جہاں وہ مختلف اقسام کی سبزیاں اورمشروم وغیرہ کاشت کرتی ہیں ۔ ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے ایک نجی نیوز چینل کو بتایا کہ کشمیر وادی کا موسم آرگینک فارمنگ کے لئے موزون اورموافق ہے ۔ماہرین کہتے ہیں کہ آرگینک فارمنگ کا طریقہ اپناکرمختلف فصلوں کی کاشت سے زمین کی زرخیزی کو طویل عرصہ تک قائم رکھا جاسکتا ہے اور اس کی مدد سے ماحول کو بھی آلودگی سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ لوگ آرگینک فارمینگ کوگھروں کے صحنوں اوردیگر غیرآباد پڑی زمینوں پر بھی کرسکتے ہیںاوریہ ایسے لوگوں بالخصوص نوجوانوں اورغریب کنبوں کیلئے ایک ذریعہ معاش بھی بن سکتا ہے ۔
سرینگر جموں شاہراہ پر ایک دن بعد ٹریفک کی نقل و حمل بحال
سرینگر//ضروری مرمت کے پیش نظر ایک دن کی معطلی کے بعد سرینگر جموں کو ٹریفک کی آمد رفت کیلئے دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ سرینگر جموں شاہراہ پر ضروری مرمت کے پیش نظر بدھ کو دونو ں اطراف سے ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی جس کے بعد جمعرات کی صبح ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔ جمعرات کی صبح شاہراہ پر ٹریفک کو دونوں اطراف سے چلنے کی اجازت ہو گی۔ محکمہ ٹریفک کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے ناشری اور جواہر ٹنل کے درمیان سڑک کی ہفتہ وار مرمت کے لئے شاہراہ پر ٹریفک معطل رکھا تھا۔ٹریفک پولیس کے مطابق جمعرات کو لداخ کو کشمیر اور وادی کو ملک کے ساتھ جوڑنے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو بحال کر دیا گیا۔ اسی ودران 86 کلومیٹر طویل تاریخی مغل روڈ اور اننت ناگ – سنتھن – کشتواڑ روڈ ٹریفک جاری ہے۔ جبکہ لداخ یونین ٹریٹری کو کشمیر سے جوڑنے والی شاہراہ پر بھی ٹریفک دوبارہ شروع کیا۔ ادھر سرینگر جموں شاہراہ کے بیشتر مقامات پر ٹریفک جام کے نتیجے میںلوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ (سی این آئی)
بادامی باغ سرینگر میں سورنم وجے مشعل کی تقریب
سرینگر//بادامی باغ سرینگر کے فوجی کیمپ میں جمعرات کوہند و پاک جنگ کی فتح کے 50سال کی یاد میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس دوران وہاںسوارنم وجے مشعل کا استقبال کیا گیا۔اس موقع پر مختلف تمدنی ثقافتی پروگرامات پیش کئے گئے جس میں خواتین کی ایک بڑ ی تعدادنے حصہ لیا۔ تقریب میں فوج، ضلع انتظامیہ، اہم شخصیات و اسکولی بچوں کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور مشعل کا شاندار استقبال کیا گیا۔ تقریب میں فوج جوانوں کی جانب سے بینڈ پیش کیا گیا۔ قومی ترانے کے ساتھ تقریب کا آغاز کیا گیا جبکہ اس موقع پر شہیداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔معززین اور اسکولی بچوں نے باہر تک پیدل مارچ ڈول بجا کرجشن کے ساتھ پہنچایا ۔اس موقع پر فوجی افسران نے 1971 میں ہوئے جنگ سے متعلق بھارتی جانبازوں کی ہمت اور حوصلہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں ہندوستان کو جیت ملی۔انہوںنے کہا ’’ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ آج ہم1971 کی جنگ میں بھارت کی کامیابی کی گولڈن جوبلی سالگرہ منارہے ہیں اور اس کی مشعل کا استقبال کیا گیا‘‘۔ انہوں نے مزیدکہا کہ یہ لمحات برسوں یاد رکھے جائیں گے اور فخر محسوس کیا جائے گا۔ انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے تقریب میں حصہ لے کر حب الوطنی کے تئیں اپنے جذبہ کا اظہار کیا۔ انہوں مزید بتایا کہ بھارتی فوج اپنے وطن کا دفاع کرنے کیلئے ہر ایک چلینج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔بتادیںسوارنم وجے مشعل‘ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے 16 دسمبر 2020 کو نیشنل وار میموریل نئی دہلی میں روشن کیا تھا۔
پانی کی عدم دستیابی
سونا واری میںکھڑی فصلوں کونقصان پہنچنے کااحتمال
بانڈی پورہ// سوناواری میں پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں فصلیں خراب ہونے کے قریب ہیں۔ اس سلسلے میں متعدد مقامات پر محکمہ ار ی گیشن کے خلاف احتجاج بھی کئے گئے۔ زمینداروںنے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ کھیتوںمیں کھڑی فصلیں پانی دستیاب نہ ہونے کے باعث سوکھ رہی ہیں اورمتعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔محکمہ میکنکل اری گیشن کے ایگزیکٹو انجینئر غیاث الدین نے اس سلسلے میں کہا کہ انہیں اس بارکئی مقامات پر اری گیشن پمپ سٹیشنوں میں بجلی کی کمی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے اری گیشن کا کام متاثر ہورہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اکثر جگہوں پر لگے پمپ سٹیشن ، جو کھیتوں کو پانی سپلائی کرتے ہیں، میں بجلی کی وولٹیج کم ہونے کی وجہ سے دھان کے کھیتوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ کوششوں میں مصروف ہے تاکہ کھیتوں اور فصلوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
شاہ ہمدانؒ نے اہل کشمیر کو منفرد شناخت بخشی
مولانا قانونگو،کینگ اور اخضر حسین کا خراج عقیدت
سرینگر//انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو ، سرپرست مولانا شوکت حسین کینگ، مولانا عبدالحق اویسی، مولانا عبدالصمد خشو، پیرزادہ شفیق احمد زہرہ ہمدانی ، انجینئر پیرزادہ فیاض احمد خوشخوان ہمدانی نے مشترکہ بیان میں حضر ت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ حضرت شاہ ہمدانؒ نے اہل کشمیر کو دین اسلام سے مشرف کرنے کے ساتھ ساتھ علم، تہذیب، زبان، ادب ، تمدن، صنعت و حرف سے آشنا کیااور پورے اقوام عالم میں منفرد شناخت بخشی ہے اور شناخت کو قائم و دائم رکھنے کیلئے ہمیں ذمہ داری کا مکلف بنایا۔ انہوںنے کہاکہ آج ہماری جو بھی ترقیاتی عروج ہے، وہ آنجنابؒ کے انعامات و نوازشات کا نتیجہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کو سب سے بہترین خراج یہی ہوگا کہ اُن کے فرمودات پر عمل کیا جائے۔ ادھرانجمن احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس پاک کے موقعہ پر حضرت شاہ ہمدانؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ مولانا نے حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کی دین اسلام کے تئیں دعوت و تبلیغ اور اشاعت اسلام کے حوالے سے غیر معمولی کارناموںکو رہتی دنیا تک ناقابل فراموش قرار دیا۔
چرار شریف میں مارکیٹ چکنگ
مرغ فروش کی دکان سربمہر ،قصور واروں سے جرمانہ وصول
سرینگر//چرار شریف میں عیدالاضحی کی آمد کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے گراں فروشی اور قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے اچانک بازاروں کا معائنہ کیا جس دوران انتظامیہ نے ایک مرغ فروش کی دوکان کو سربمہر کیا ۔ تحصیلدار چرار شریف نثار احمد اعوان کی سربراہی میں انفورسمنٹ ونگ بڈگام نے جمعرات کو تحصیل سپلائی آفیسر فوڈاینڈ سپلائز چرار شریف وجاحت حسین کی مشترکہ ٹیم نے قصبہ کے بازاروں کا معائنہ کیا۔ اس دوران ناجائز منافع خور اورزایدالمیعاد اشیاء خوردنی فروخت کرنے والے دوکانداروں سے 5700 روپئے کی رقم بطور جرمانہ وصول کیا گیا ۔اس دوران موقع پر ہی ایک مرغ فروش کی دوکان کو سربمہر کیا گیا ۔انتظامیہ نے دوکانداروں کو متنبہ کیا کہ جو کوئی گراں فروشی یا ناجائز منافع خوری میں ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ قیمتیں اعتدال پر رکھنے میں ناکام:آخون
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر حاجی محمد سعید آخون نے ضلع انتظامیہ کوہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ عید قربان کے مقدس دن پر لوگوں کو طرح طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف قربانی کے جانور 380سے لیکر400روپے تک فروخت کیا جارہا ہے تو دوسری طرف سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرغ 160روپے سے 180روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیکری والوں نے بھی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جس کا براہ راست اثر غریب عوام پر پڑ رہا ہے۔ آخون نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مقدس دن پر راشن، کھانڈ، مٹی کا تیل اور آٹا وافر مقدار میں دستیاب رکھیں اور بجلی و پینے کے پانی کی سپلائی بھی یقینی بنائی جائے۔
قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں : جاوید بیگ
سرینگر//اپنی پارٹی ترجمان جاوید حسن بیگ نے حکومت پرزور دیا ہے کہ عید الاضحی کے پیش نظر کشمیر کے بازار میں قربانی کے جانوروں کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ ایک بیان میں بیگ نے کہاکہ قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ متوسط آمدنی والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہت زیادہ قیمت کے مطالبے سے خریداروں کے لئے جانور خریدنا ناممکن بن رہا ہے، حکومت کے ماتحت کسی ماڈریٹنگ ایجنسی کے عدم موجودگی سے صورتحال تشویش کن ہے۔ انہوں نے مزید کہا’’ حکومت کو چاہئے کہ قربانی کے جانوروں کی قیمتوں کو منظم کیاجائے اور بازار پر کڑی نظر رکھی جائے۔ لوگوں کو بلاکسی رکاوٹ مذہبی فرائض کی انجام دینے کا موقع دیاجانا چاہئے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ محکمہ جات کو چاہئے کہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے جوکہ عید کے پیش نظر صارفین سے ناجائز فائدہ اُٹھانے کے لئے قیمتیں بڑھا دیتے ہیں۔ بیگ نے عوام سے یہ بھی گذارش کی ہے کہ وہ عید کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں تاکہ اِس مہلک وباء کے پھیلاؤ پر روک لگائی جاسکے۔
خود روزگار اسکیمیں سودمند:ڈائریکٹر ہارٹی کلچر
بڈگام میں سبزی اور فروٹ سینٹر کا معائنہ کیا
سرینگر//ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر نے بڈگام میں سبزی اور فروٹ سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں پر تربیت پانے والے طلبا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیں ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ ہاٹی کلچر محکمہ نوجوانوں کو خود روزگار اسکیموں کی جانب سے راغب کرانے کی خاطر پیش پیش ہیں .ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر اعجاز احمد بٹ نے بڈگام میں قائم سبزی اور فروٹ سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے سینٹر میں تربیت پانے والے طلبا سے ملاقی ہوئے اور انہیں سرٹیفکیٹ بھی پیش کیں ۔ انہوںنے اس موقع پر طلبا کو بتایا کہ خود روزگار اسکیموں سے فائدہ حاصل کرکے آپ دوسروں کو بھی روزگار فراہم کرسکتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ہاٹی کلچر محکمہ کی جانب سے بے روزگار نوجوانوں کو مختلف ہنروں کی تربیت دے کر انہیں اپنے پاں پر کھڑا کرنے کے ضمن میں اقدامات کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے بھی مختلف اسکیموں کو منظر عام پر لایا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تربیت پانے والے طلبا سبزی اور فروٹ سینٹر کا قیام عمل لا کر وہاں اپنا روزگار کما سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ خام مال محکمہ ہاٹی کلچر کی جانب سے ہی انہیں فراہم کیا جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ ہاٹی کلچر محکمہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی خاطر میدان عمل میں کود پڑا ہے جس کے ثمر آور نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
کولگام اورچرارشریف میںخشخاش پوست برآمد،شہری گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے کولگام اور بڈگام میں بھاری مقدار میں خشخاش پوست کا بھوسہ برآمد کیااور ایک شہری کو گرفتارکرلیا۔کولگام کے بومراہ علاقے میں ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر کی نگرانی میں کولگام تھانہ کی پولیس پارٹی نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں محمد یعقوب میر ساکن بومراہ کے رہائشی مکان سے 300کلوگرام خشخاش پوست کا بھوسہ برآمد کر لیا ۔پولیس نے مذکورہ شہری کو گرفتار کرلیااور ایف آئی آر نمبر 174/2021متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا۔اسی طرح چرارشریف تھانہ نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں منظور احمد ڈار ساکن چرارشریف کے مکان پر چھاپہ مار ااور تلاشی کے دوران 25 کلوگرام خشخاش پوست بر آمد کیا گیا ۔اس موقع پر مکان مالک گھر سے فرار تھا جسے گرفتار کرنے کے لئے کوشش جاری ہے۔ چرارشریف تھانے میں ایف آئی آر زیر نمبر88/2021کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
درنگ ٹنگمرگ میں پیش آیا واقعہ دردناک
کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی نے تحقیقات کا مطالبہ کیا
سرینگر// درنگ ٹنگمرگ میں پیش آئے واقعہ کو افسوسناک اور لاپرواہی و غفلت شعاری کی مثال قرار دیتے ہوئے سینٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی نے اس المناک واقع میں سینئر ٹھیکیدار بلال احمد کی دختر کے انتقال پر صدمے کا اظہار کیا۔کارڈی نیشن کمیٹی کے ایک تعزیتی اجلاس میں بلال احمد خان ساکن نواب بازار سرینگر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری فاروق احمد ڈار نے کہا کہ نزدیکی بجلی پروجیکٹ سے اچانک پانی کو بغیر کسی وارننگ چھوڑا گیا،جس سے یہ حادثہ پیش آیا،اگریہ حقیقت ہے تو انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ اس کی تحقیقات کریں اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوںنے سرکار سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات کو روکنے کیلئے کارگر اقدامات کئے جانے چاہئیں۔تعزیتی اجلاس میں اشفاق احمد خان،عمر جاوید خان،ارشد احمد بٹ،طارق مشتاق،مشتاق احمد خان اورشوکت احمد وانی بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر فاروق اور مولانا ہمدانی کااظہار تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے معروف تاجر غلام حسن میر ساکن کنہ مزار جمالٹہ نوا کدل (حال زکورہ) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کے لواحقین خصوصاً برادرِ اکبر حاجی غلام محمد میر(پرنٹر ،پبلشر روزنامہ آفتاب)کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم غلام حسن میر شہرت یافتہ تاجر مرحوم محمد جمال میر (انڈو کارپٹ) کے فرزند اصغر تھے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے بھی سوگوران کے ساتھ دلی تعزیت کی ہے۔ اس دوران جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
اننت ناگ میںمشہور فرنیچرشورومHATILکے شوروم کا افتتاح
اننت ناگ//مشہور عالمی فرنیچر برانڈ HATIL نے بوٹینگو اننت ناگ میں اپنا 13ویں شوروم کا افتتاح کیا۔ایک بیان کے مطابق اعلیٰ درجے کے فرنیچر شو روم کا افتتاح عبدالمجید لارمی سابق ایم ایل اے ہوم شالی بگ نے کیا۔شوروم کے مالک دانش مشتاق نے اس موقع پر کہا ’’ہمیں اس مشہور فرنیچر برانڈ کا حصہ بننے پر خوشی ہے۔ ان کے پاس عمدہ مصنوعات اور کاروباری اخلاقیات کا گہرا احساس ہے۔ صرف ہندوستان میں ہی انہوں نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں بارہ شوروم کھول رکھے ہیں اور مزید پائپ لائن میں موجود ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’اس سے ہمیں حقیقت میں سرینگر میں ان کا استقبال کرنے کی ترغیب ملی ہے کیونکہ یہاں کے لوگ خوبصورتی اور عظیم تخلیقات کی تعریف کرنا جانتے ہیں‘‘۔کووڈ 19 پابندیوں اور پروٹوکول کی وجہ سے افتتاحی تقریب مختصر رکھی گئی تھی۔ اس موقع پر علاقے کے متعدد معززین ، مقامی تاجر اور صحافی موجود تھے۔