ویکسین لگوانے کا جعلی سرٹیفکیٹ بنوانے معاملہ
مینڈھر میں پولیس نے معاملہ درج کرلیا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر میں ایک نوجوان کی جانب سے کووڈ ویکسین لگوانے کا جعلی سرٹیفکیٹ بنوانے کے سلسلہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کیس درج کرلیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مینڈھر گلہوتہ علاقہ کے رہائشی عرفان خان ولد محمد خلیل کی جانب سے کووڈ ویکسین کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ بنوانے کی کوشش کی گئی جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان مینڈھر میں ایک کمپیوٹر شاپ سے کووڈ ویکسین لگوانے کا جعلی سرٹیفکیٹ بنوانے کی کوشش میں تھا تاہم اس دوران بلاک میڈیکل آفیسر کو ملی ایک اطلاع کے بعد آفیسر موصوف نے موقعہ پر چھاپہ مارتے ہوئے نوجوانوں کو پکڑ لیا ۔اس کارروائی کے بعد بلاک میڈیکل آفیسر نے جمو ں وکشمیر پولیس کو تحریری شکایت کی گئی جس کے بعد پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔محکمہ صحت نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ ویکسین کے سلسلہ میں پھیلائی جارہی افواہوں پر دھیان نہ دیں جبکہ محکمہ کیساتھ تعاون کر کے ویکسین لگوائی جائے تاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کیا جاسکے ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں غیر قانونی کام کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
راجوری انتظامیہ نے عیدا لا ضحی کے انتظامات کا حتمی شکل دی
راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون کی قیادت میں آفیسران کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران ضلع میں عیدالا ضحی کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔اس اجلاس میں اعلیٰ آفیسران کیساتھ ساتھ مختلف مذہبی تنظیموں کے اراکین نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے عید کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمہ پی ڈی ڈی اور محکمہ جل شکتی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو عید کے دوران پینے کا صاف پانی کا بجلی کی معیاری سپلائی فراہم کی جائے تاکہ ان کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔انہوں نے پولیس قیادت کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک اور سیکورٹی کا معقول بندوبست کیا جائے ۔اس کے علاوہ محکمہ صحت اور میونسپل حکام کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ،بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین راجوری ،بدھل ڈھونگی ،ڈھانگری ،سندر بنی ،قلعہ درہال ،سیوٹ ،منجا کوٹ ،موگلہ سمیت پولیس وسیول انتظامیہ کے آفیسران بھی موجود تھے ۔
قربانی کے جانوروں کی خریداری جاری
انتظامیہ کی مرتب کردہ ریٹ لسٹ سے کاروباری نا خوش
حسین محتشم
پونچھ//عیدالاضحی سے قبل قربانیوں کیلئے جانوروں کی خریداری کا عمل پونچھ ضلع میں شروع ہوچکا ہے۔ عید سے قبل جانوروں کی خرید و فروخت کے حوالے سے ہرسال کی طرح اس بار بھی ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے گورنمنٹ ڈگری کالج گرونڈ پونچھ میں منڈی لگائی گئی ہے اور یہ سلسلہ یوم عرفہ تک جاری رہیگا۔ اس منڈی میں جہاں کافی گہما گہمی دیکھنے کومل رہی ہے وہیں قربانی کے جانوروں کی خریداری کے حوالے سے بھی لوگوں میں کافی جوش و خروش پایا جاتا تھا۔ منڈی میں قربانی کے لئے الگ الگ نسل کی بھیڑ بکریاں دستیاب ہیں لیکن کارو باری انتظامیہ کی جانب سے جانوروں کی خریداری کے سلسلہ میں جاری کردہ ریٹ لیسٹ سے نا خوش ہیں ۔انہوں نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے خرچے سے بھی کم قیمتیں طے کی گئی ہیں جس سے ان کو نقصان کا سامنا ہے ۔دوسری جانب جانوروں کی خریداری کرنے والوں نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے مقرر کی گئی قیمتوں کو بالائے طاق رکھ کر بہت زیادہ قیمتوں پر جانوروں کوفروخت کیا جارہا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پیش نظر سڑک کے کنارے قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کی ہے جبکہ کورونا کے رہنما خطوط پر عمل پیرا رہ کر مخصوص جگہ میں ہی جانوروں کی فروخت کی اجازت دی گئی ہے لیکن اس کے باوجود کچھ لوگ ہدایت پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔
مارکیٹ چیکنگ کے دوران جرمانہ عائد
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر محکمہ امور صارفین وعوامی تقسیم کاری، محکمہ فوڈ سیفٹی اور محکمہ میونسپل کونسل کے افسران نے پونچھ کے صدر بازار کا دودرہ کر کے و بازارمیں چیکنگ کی۔اس دوران گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور زائد المیعاد اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانداروں سے جرمانہ وصول کیا گیا ۔اس دوران افسران نے کئی دکانداروں سے زائد المیعاد اشیاء ضبط کرکے انہیں موقع پر ہی ضائع کر دیا اس کے علاوہ گراں فروشی کے مرتکب پائے گئے دکانداروں سے جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے افسران نے بتایا کہ غیر معیاری غذائی اجناس کے خلاف کارروائی عمل لائی گئی۔انہوں نے دکانداروں سے انتظامیہ کی جانب سے مقرر کئے گئے نرخوں کے حساب سے ہی اشیاء فروخت کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
سرحدی گائوں نکر کوٹ میں ترقیاتی کام کروانے کی اپیل
حسین محتشم
پونچھ// ہندوپاک افواج میں جنگ بندی معاہدے کے بعد پونچھ کی حدِ متارکہ کے قریب رہنے والی عوام راحت محسوس کر ر ہے ہیں۔سرحدی گائوں نکر کوٹ کے شہریوں نے جہاں جنگ بندی کے لئے انتظامیہ اور حکومت کا شکریہ ادا کیا وہیں پنچایت ممبران محمد رشید اور ظفیر خان نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے گائوں نکر کوٹ میںابھی تک کوئی تعمیر اتی کام نہیں ہوا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں کی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تعمیراتی عمل جلدازجلد شروع کیا جائے ۔مکینوں نے بتایا کہ سرحدی علاقوں میں سڑک جیسی بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکل حالات میں بھی مشکل راستوں سے پیدل سفرکرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ فائر بندی کا فائدہ اٹھا کر سرحدی علاقوں میں تعمیراتی عمل جلداز جلد شروع کیا جائے ۔